متفرق شعراء
خدا کرے
خدا کرے تری سوچوں میں اضطراب نہ ہو
خطائیں ہوں بھی تو ایسی کہ احتساب نہ ہو
خدا کرے کہ کدورت نہ ہو کبھی دل میں
کبھی بھی ظلم و تعدی کا ارتکاب نہ ہو
خدا کرے تجھے حسنِ عمل نصیب رہے
خدا کرے تو کبھی موردِ عتاب نہ ہو
خدا کرے کہ تری گفتگو سے پھول جھڑیں
ترے سخن سے کسی کو بھی اجتناب نہ ہو
خدا کرے کہ تری خیر سے رہے نسبت
خدا کرے کہ کبھی شر کا انتخاب نہ ہو
خدا کرے کہ ترے عشق میں صداقت ہو
خدا کرے کہ ترے عشق میں حجاب نہ ہو
خدا کرے ترے لفظوں سے روشنی پھوٹے
خدا کرے ترے لفظوں میں پیچ و تاب نہ ہو
خدا کرے کہ ترا قد سدا دراز رہے
خدا کرے تری شہرت کبھی خراب نہ ہو
خدا کرے کہ تو رسوائیوں سے دور رہے
خدا کرے کہ عدو کوئی کامیاب نہ ہو
خدا کرے ترے باطن میں تیرگی نہ رہے
خدا کرے کہ تو محرومِ آفتاب نہ ہو
خدا کرے کہ تو مقبول بارگاہ ٹھہرے
خدا کرے کہ تری عرض بے ثواب نہ ہو