یونان میں اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی کمیونٹیز کے ساتھ میٹنگ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی کمیونٹیز کے ساتھ ماہانہ میٹنگ مورخہ ۲۴؍جنوری ۲۰۲۳ء بروز منگل شام چار بجے ایتھنز مشن ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ اس دفعہ جماعت احمدیہ یونان نے نئے سال کے عشائیہ کے ساتھ میٹنگ کو منعقد کرنے کی پیشکش کی جسے قبول کیا گیا۔ میٹنگ میں مہاجرین کی فلاح و بہبود کے حوالہ سے مختلف پروگراموں کے متعلق گفتگو ہوئی۔ میٹنگ کے اختتام پر پینتالیس منٹ کے لیے جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف، جماعت احمدیہ یونان اور ہیومینٹی فرسٹ کی یونان میں سرگرمیوں کے حوالہ سے عطاء النصیر صاحب (مربی سلسلہ و نیشنل صدر جماعت)کو گفتگو کا موقع ملا جس کے بعد مختلف لوگوں کی طرف سے جماعت کی مخالفت کے حوالہ سے سوالات کے صدر صاحب نے جوابات دیے۔
میٹنگ کے بعد جماعت کی طرف سے عشائیہ پیش کیا گیا۔ عشائیہ میں، اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین، ایتھنز کی بلدیہ، گریک فورم آف ریفیوجیز، گھانا کمیونٹی، گنی کناکری کمیونٹی، کانگو برازاویل کمیونٹی، یوکرین کمیونٹی، پاکستانی شیعہ کمیونٹی، افغانی مہدیہ حسینیہ کمیونٹی، افغان کمیونٹی اور آئیوورین کمیونٹی کی نمائندگی ہوئی۔ حاضرین کی کل تعداد ۳۶؍ رہی۔