جامعہ احمدیہ تنزانیہ کی طرف سے عید الفطر کےتحائف کی تقسیم
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو رمضان المبارک کے مہینہ میں مورخہ ۱۳؍اپریل ۲۰۲۳ء کوغرباء و مساکین میں عید کے تحائف تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالک
طلبہ و اساتذہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ ہر سال اپنی طرف سے حسب توفیق مالی قربانی کر کےاس بابرکت مہینہ میں اس کارخیر میں حصہ لیتے ہیں۔ گذشتہ برس تین نواحی محلہ جات کے سو خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا تھا۔ امسال پانچ نواحی محلہ جات کے ۱۵۰ خاندانوں میں ڈیڑھ ٹن خوراک تحفۃً تقسیم کی گئی (فی کس پانچ کلو گرام مکئی کا آٹا اور پانچ کلو گرام چاول)۔
تقریب کی مہمان خصوصی ریجن کی سب سے بڑی سرکاری لیڈر ریجنل کمشنر مکرمہ فاطمہ ابوبکر مواسا (MWASA)تھیں۔ تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے طلبہ جامعہ اور اساتذہ نے نہایت محنت سے تیاری کی۔ تحائف کی تیاری اور جامعہ ہال کی تزئین و آرائش کی گئی۔
بارہ بجے دوپہر تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد مکرم عابد محمود بھٹی صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے مہمان خصوصی سے مہمانان اور حاضرین کا تعارف کروایا۔ جس کے بعدآپ نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تعارف کروایا۔
محترمہ ریجنل کمشنر صاحبہ نے جماعت احمدیہ کی مساعی کے اعتراف میں حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ اور حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا: ’’میں سب کو دینی علوم کے حصول کی تلقین کرتی ہوں تا تمام بچوں اور اہل وعیال میں خوف خدا پیدا ہو سکے۔ تمام دنیا میں جو پریشانیاں اور مسائل ہم سنتے ہیں جو معاشروں کی تباہی کا سبب بن رہے ہیں، اگر لوگوں میں خوف خدا پیدا ہو جائےتو یہ سب مشکلات دور ہو سکتی ہیں۔‘‘
مقامی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے اس تقریب کی فلم بندی اور تصویر کشی کی جو مختلف ملکی ٹی وی چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا پر نشر ہوئی اور جماعت کے تعارف کا باعث بنی۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام مساعی بابرکت ہوں اوراللہ کے حضور قبولیت کا درجہ پانے والی ہوں۔