گنی بساؤ میں پہلے احمدیہ کلینک کا سنگِ بنیاد
خدا تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے اور پیارے آقا حضرت خلیفة المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پر شفقت اجازت سے خدمت انسانیت کے جذبے کے تحت گنی بساؤ کے دارالحکومت بساؤمیں جماعت کے پہلےاحمدیہ کلینک کی تعمیر کا کام شروع ہو گیا ہے۔الحمدللہ
کلینک کے سنگ بنیاد کی تقریب مورخہ ۱۴؍اپریل۲۰۲۳ء کو منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کے نمائندہ خاص (سابق وزیر مواصلات) اور ایڈوائزرکے علاوہ دیگر حکومتی مہمانان کرام بھی تشریف لائے۔
کلینک کی عمارت ستائیس میٹر لمبی اور پندرہ میٹر چوڑی ہو گی جس میں دو ڈاکٹرز کے کمرے ایک آپریشن تھیٹر، ایک جنرل وارڈ، ایک ریکوری وارڈ، فارمیسی، انتظار گاہ اور دیگر کمرے شامل ہیں۔
تقریب سنگ بنیاد میں تشریف لانے والے مہمانان کرام نے نیک خیالات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر کونکوطورے صاحب (نمائندہ وزیراعظم)نے شکریہ ادا کر تے ہوئےکہا کہ میں جماعت کا بہترین تعارف وزیراعظم کو اور اعلیٰ حکام کو جا کر کرواؤں گا۔ اور آپ کی اس ملک میں جو انسانیت کے لیے خدمات ہیں اس کا ضرور تذکرہ کروں گا۔ انہوں نے یہاں آئے ہوئے دیگر مہمانان کو بھی یہ درخواست کی کہ وہ جماعت کا تعارف اور جماعت کی خدمات کا تعارف اپنے حکام بالا کو ضرور کروائیں۔ میں مذہب کے بارے میں اتنا نہیں جانتا مگر جو کام یہاں آپ انسانیت کی خدمت کے لیے کر رہے ہیں وہ انسانی خدمت کا بہت اعلیٰ معیار ہے اور تمام حکام کو اس کاعلم ہونا لازمی ہے۔ جماعت کو آئندہ کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو وہ جماعت کے کاموں کے لیے حاضر ہیں۔
مکرمہ سیزالتینا داسلوا (نمائندہ میونسپل کونسل) نے کہا کہ یہ پراجیکٹ عوام الناس کے لیے بہت فائدہ مند ہو گا۔
مکرمہ اسمیرا دینہ انجائے (ڈائریکٹر اویو ریجن کے پریزن) نے کہا کہ جماعت احمدیہ ملک بھر میں جہاں دیگر فلاحی اور خدمت انسانیت کے کام کر رہی ہے وہاں یہ بھی ایک اچھا قدم ہےوہ جماعت کے ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتی ہیں۔
اس کے بعد مولانا محمد احسن میمن صاحب مشنری انچارج نے تمام مہمانان کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور جماعت کے تمام دنیا میں ہونے والے فلاحی کاموں کا تذکرہ اختصار سےکیا۔ حضرت محمدﷺ اور حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں انسانیت اور ملک سے محبت اور وفاداری کی تعلیمات سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں تمام معززین نے سنگ بنیاد رکھا جن میں مکرم مشنری انچارج صاحب، حکومتی نمائندگان،جماعت کے لوکل بزرگان، ذیلی تنظیموں کے ارکانِ عاملہ وغیرہ شامل تھے۔مکرم مشنری انچارج صاحب نے اختتام پر دعا کروائی اور تمام معزز مہمانان اور شاملین میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔
اللہ تعالیٰ اس پراجیکٹ کو مزید ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔ تمام جماعتی کاموں میں برکت عطا فرمائےاور سب کو احسن رنگ میں خدمتِ دین و انسانیت کی بھرپور توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)