ٹورانٹو کے چینی مسلمانوں کے ساتھ عیدالفطر پرعید ملن تقریب
عبداللطیف قریشی صاحب زعیم مجلس انصارالله احمدیہ ابوڈ آف پیس (ٹورانٹو، کینیڈا) تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۲۲؍اپریل ۲۰۲۳ء کو عیدالفطر کے دوسرے روز چینی مسلم فیڈریشن نے نیل اکیڈمی نارتھ یارک ٹورانٹو(Nail Academy North York Toronto) میں ایک عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا۔ جس میں محبوب الرحمان صاحب مربی سلسلہ کی معرفت، مجلس انصاراللہ احمدیہ ابوڈ آف پیس کے نمائندگان کو بھی شرکت کی دعوت دی۔ چنانچہ احمدیہ ابوڈ آف پیس کے پانچ انصار نے اس میں شرکت کی۔ اس تقریب میں تقریباً دوسو کے قریب مرد و خواتین شامل ہوئے۔
محبوب الرحمان صاحب مربی سلسلہ نے اس تقریب میں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور جماعت احمدیہ کے سلوگن ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ پر خوبصورت انداز میں روشنی ڈالی۔ بعد ازاں عبدالباسط قمر بقاپوری صاحب نے آنحضرتﷺ کی ایک حدیث مبارکہ کا ذکر کیا جس میں علم حاصل کرنے کے لیے چین تک کا سفر اختیار کرنے اوراسلامی تعلیم میں علم حاصل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آخر پر ڈاکٹرعامر منہاس صاحب نے، جنہوں نے چین سے PHD کی ہوئی ہے، چینی زبان میں خطاب کیا۔ جس کو چینی احباب نے ازحد سراہا اور چینی زبان سیکھنے پر مسرت کا اظہار کیا۔
آخر پر سب لوگوں نے کلوا جمیعاً کیا۔ چینی مسلم فیڈریشن کے صدر محمد موسیٰ صاحب نے سب حاضرین بالخصوص احمدی وفد کی شرکت پر شکریہ و مسرت کا اظہار کیا۔ مکرم محبوب الرحمان صاحب مربی سلسلہ نے مذکورہ چینی مسلم فیڈریشن کے صدر، لیڈی آرگنائزر اور پروگرام کے جملہ منتظمین کو جماعت احمدیہ کی طرف سے تحائف پیش کیے۔