جماعت میں ایک نئے اخبار کی چند ضروریات
حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں: ’’دوسری ضرورت ایک نئے اخبار کی یہ ہے کہ بہت سے احمدی ہیں کہ جو احمدی تو ہوگئے ہیں لیکن ان کو بھی معلوم نہیں کہ احمدی ہوکر ہم پر کیا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ اور کس طرح ہمیں دوسروں کی نسبت رسومات و بدعات اور مقاماتِ اسراف سے بچنا چاہیے۔ اس ضروری کو پورا کرنے کے لیے بھی ایک سخت کوشش کی ضرورت ہے۔ تیسری ضرورت یہ ہے کہ ترقی کرنے والی قوم کے لیے اپنے اسلاف کے نیک کاموں، بلند ارادوں، وسیع الحوصلگیوں، صبر و استقلال کے کارناموں سے واقف ہونا اور اپنے کام کو پورا کرنے کے لیے ہر قسم کی مشقت اٹھانے کے لیے تیار ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اس لیے احمدی جماعت کو تاریخ اسلام سے واقفیت بھی ضروری ہے خصوصاً رسول کریمؐ (فداہ ابی و امی) اور صحابہؓ کی تاریخ سے۔… پانچویں نہایت اشد ضرورت احمدی جماعت میں تعلیم کا پھیلانا ہے۔ میں دیکھتا ہوں کہ جس طرح ہندوستان میں اور قومیں تعلیم میں پیچھے رہی ہوئی ہیں۔ اسی طرح احمدی بھی تعلیم میں سست ہیں حالانکہ اللہ فرماتا ہے ہَلۡ یَسۡتَوِی الَّذِیۡنَ یَعۡلَمُوۡنَ وَالَّذِیۡنَ لَا یَعۡلَمُوۡنَ (الزمر:۱۰) اور رسول کریمﷺ فرماتے ہیں کَلِمَةُ الْحِکْمَةِ ضَآلَّةُ الْمُوٴْمِنِ اَخَذَھَا حَیْثُ وَجَدَھَا۔ پس احمدی جماعت کا اہم فرض تھا کہ اس معاملہ میں دوسروں سے بڑھ کر قدم مارتی اور اس جماعت کا کوئی فرد نہ رہتا جو تعلیم یافتہ نہ ہو۔ اور نہ صرف خود تعلیم حاصل کرتے بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیتے۔‘‘
(اخبار فضل کا پراسپکٹس، انوار العلوم جلد اول ۴۳۸-۴۳۹)