ربوہ کا موسم(۱۲تا۱۸؍مئی۲۰۲۳ء)
مئی کے موسم میں روایتی گرمی نے اپنا بسیرہ کرنا شروع کردیا ہے۔ ۱۲؍مئی جمعۃ المبارک کے دن مطلع صاف تھا۔ سورج آب وتاب سے چمکتا رہا۔ دھوپ کی وجہ سے گرمی میں اضافہ ہوگیا۔اگلے دن بھی دھوپ کی تمازت میں اضافہ رہا ، اس ہفتہ میں روزانہ دو سے چار درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی بڑھتی رہی۔۱۳؍مئی کی شام کو مغرب کے اُفق پر بادلوں کے آثار نظر آنا شروع ہوگئے اور رات گئے بارہ بجے کے قریب بادلوں کی گرج شروع ہوگئی۔ساتھ ہوا بھی چلتی رہی۔ لیکن جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں کے مصداق ۱۴؍کی صبح تک یہ بادل بغیر برسےخاموشی سے چلے گئے اور مطلع صاف ہوگیا۔ہلکی ہوا کی وجہ سے موسم گرم معتدل رہا۔ اگلے دن مطلع صاف تھااور گرمی بڑھ گئی۔
۱۷؍مئی کو تیس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب کے وقت آندھی اور طوفان آگیا۔ مٹی اور تیز ہوا کی شدت کی وجہ سے چند فٹ دور تک بھی دیکھنا مشکل تھا۔ طوفان کی شدت نے طاہر ہارٹ کی ریسیپشن کے شیشے کے مین دروازے کو بھی نہ بخشا۔دروازے کو ایسا دھکا لگا کہ شیشے کے ٹکڑے ہال میں موجود کرسیوںپر جا پڑے۔تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا ، ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک طوفان جاری رہا۔پھر اس کی جگہ بارش نے لے لی۔ بارش سے مٹی بیٹھ گئی ، ٹھنڈی ہوا سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کچھ دیر بعد بارش بھی تھم گئی۔
۱۸؍مئی جمعرات کے دن مطلع صاف تھا ۔ سورج چمکتا رہا ، گذشتہ رات کے طوفان اور بارش کا اثر دیکھنے میں آیا اور موسم میں گرمی کی شدت قدرے کم تھی۔ اس ہفتہ کا اوسط درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۳۹؍اور کم سے کم ۲۵؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔