خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے عدالت سے کشمیری حریت راہنما یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی استدعا کر دی۔ نئی دہلی ہائی کورٹ نے سزائے موت پر لاء کمیشن کی سفارشات بھی طلب کی ہیں۔حریت راہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی عدالت میں استدعا کی سخت مذمت کی ہے۔حریت راہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت ۲۰۲۴ء کے انتخابات جیتنے کے لیے یاسین ملک کو مارنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے کا اقدام کشمیری قیادت ختم کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں یاسین ملک کے خلاف اقدام کا سخت نوٹس لیں۔ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک پر دہشت گردوں کی فنڈنگ کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔
٭…کورین جنگ میں مرنے والے امریکی فوجی کی لاش کی باقیات ۷۳؍سال بعد اہلخانہ کو دفنانے کے لیے دے دی گئیں۔ لوتھر ہرشل اسٹوری اٹھارہ سال کی عمر میں یکم ستمبر ۱۹۵۰ء کو جنگ میں مارا گیا تھا۔ لوتھر ہرشل اسٹوری کی باقیات کو ریاست جارجیا میں اس کے آبائی علاقے میں فوجی اعزاز کے ساتھ دفنا دیا گیا۔ موصوف کی لاش کی باقیات ۱۹۵۰ءمیں جنوبی کوریا کے قریب سے برآمد ہوئیں اور بعد ازاں وہ ہوائی میں بحرالکاہل کے نیشنل میموریل قبرستان میں دیگر مرنے والے نامعلوم فوجیوں کے ساتھ طویل عرصے تک دفن رہی۔ امریکی فوجی کی لاش کی باقیات کی شناخت کا اعلان صدر جوبائیڈن نے ۲۶؍اپریل کو جنوبی کوریا کے صدر کے سرکاری دورے کے دوران کیا تھا۔
٭…چین کا خلائی جہاز شین زو روانہ ہو گیا، اس مشن کی خاص بات اس میں سوار ایک سویلین سائنسدان ہیں۔ یونیورسٹی پروفیسر خلاء میں جانے والے پہلے چینی شہری ہیں۔ چین کا خلائی جہاز شین زو 16 تیانگونگ خلائی سٹیشن کی جانب روانہ ہوا ہے۔اس خلائی جہاز میں تین چینی خلا باز سوار ہیں۔ چین رواں عشرے کے آخر یعنی ۲۰۳۰ء تک چاند پر بھی انسانی مشن بھیجنا چاہتا ہے۔
٭…امریکہ، جاپان اور فلپائن کی کوسٹ گارڈ فورسز پہلی بار ساؤتھ چائنا سمندر میں سہ فریقی بحری مشقوں میں حصہ لیں گی۔ یہ مشقیں یکم سے ۷؍جون تک جاری رہیں گی جبکہ آسٹریلیا مبصر کے طور پر شرکت کرے گا۔فلپائن کے چار جبکہ امریکہ اور جاپان کا ایک، ایک بحری جہاز مشقوں میں حصہ لے گا۔یہ مشقیں سمندر میں قانون نافذ کرنے، سرچ اور ریسکیو آپریشن میں تعاون کو بہتر بنانے کےلیے منعقد کی جا رہی ہیں۔رواں برس فروری میں فلپائن نے جاپان اور امریکہ کو مشترکہ بحری مشقوں کےلیے تجویز پیش کی تھی۔
٭…روس نے یوکرینی فضائیہ کے اڈوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ روسی فوج نے گذشتہ رات یوکرین میں ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا ۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق حملوں میں تمام اہداف کو تباہ کر دیا گیا۔ یوکرینی حکام نے روسی فوج کے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
٭…اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کی جانب سے مشترکہ طور پر پیر کے روز شائع رپورٹ میں جون سے نومبر ۲۰۲۳ء کے درمیان کی مدت کے حوالے سے غذائی عدم تحفظ پر ابتدائی انتباہ جاری کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ عالمی سطح پر معاشی سست روی کے درمیان بڑھتے ہوئے عوامی قرضوں نے پاکستان کے مالی بحران کو مزید بڑھا دیا ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر معاشی اور سیاسی بحران مزید بگڑتا ہے تو پاکستان میں آئندہ مہینوں میں غذائی عدم تحفظ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال کے سیلاب نے صورت حال کو زیادہ پیچیدہ بنا دیا ہے۔ واضح رہےکہ پاکستان کو اپریل ۲۰۲۳ء اور جون ۲۰۲۶ء کے درمیان ۷۷.۵؍بلین ڈالر کے بیرونی قرضے واپس کرنے ہوں گے، جو کہ سن ۲۰۲۱ء میں ۳۵۰؍بلین ڈالر کی جی ڈی پی کے لحاظ سے کافی زیادہ رقم ہے۔
٭…بھارتی ریاست منی پور میں سیکیورٹی فورسز نے درجنوں قبائلی عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ دو فرقوں کے مابین جاری تصادم میں اب تک تقریباً اسّی افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور فوج کی تعیناتی کے باوجود حالات قابو میں نہیں آرہے ہیں۔اس سے قبل اتوار کے روز تشدد کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار اور چار سویلین مارے گئے تھے۔ اور پیر کے روز بھی تشدد کے واقعات میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
٭… بغداد میں ہونے والی ایک روزہ کانفرنس میں عراقی وزیر اعظم نے ۱۷؍بلین ڈالر کے علاقائی ٹرانسپورٹ منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد ایشیا سے یورپ تک سامان کی ترسیل کو آسان بنانا ہے۔ عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی نے اس موقع پر کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبہ بصرہ میں واقع ’گرینڈ فاو بندرگاہ‘ کے ذریعے خلیجی ممالک سے یورپ تک سامان کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ریلوے اور ہائی ویز کے نیٹ ورک کے ذریعے ایشیائی ممالک کو ترکی سے ملایا جائے گا اور ترکی کے راستے یورپ سے منسلک ہوں گے۔