نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ برکینا فاسو مورخہ۷،۶،۵مئی ۲۰۲۳ء
نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ برکینافاسو ۲۰۲۳ء کے انعقاد کے لیے جماعت ددگو کا انتخاب کیا گیا تھا مگر وہاں کے سیکیورٹی کے حالات کی وجہ سے اجتماع کو واگا ڈوگو منتقل کر دیا گیا اور اجتماع کا نگران محترم ترورے یعقوب صاحب کو مقرر کیا گیا جنہوں نے اجتماع کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی بنائی اور اس کمیٹی نے دو میٹنگز کیں جن میں اجتماع کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجتماع سے قبل تمام ریجنز میں اجتماع کا پروگرام بھجوایا گیا اور تمام علمی اور ورزشی مقابلہ جات کی تفصیل بھی بھجوائی گئی۔
لوگوں کی آمد
۴؍مئی۲۰۲۳ء کو مختلف ریجنز سے انصار کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا اور مورخہ ۵؍مئی ۲۰۲۳ء خطبہ جمعہ سے قبل تمام ریجنز سے انصار بکثرت اجتماع میں شمولیت کے لیے پہنچ گئے۔
دوپہر بارہ تا ایک بجے تمام انصار نے حضور انور ایدہ اللہ کا خطبہ جمعہ سنا جس کے بعد مقامی خطبہ جمعہ اور نماز عصر اداکی گئیں۔
اجتماع کا پہلا سیشن
دوپہر ساڑھے تین بجے مکرم امیر صاحب برکینافاسو اور صدر مجلس انصار اللہ برکینافاسو نے برکینافاسو کا جھنڈا اور لوائے انصار اللہ لہرا کر اجتماع کا آغاز کروایا۔
تلاوت قرآن کریم کے ساتھ اجتماع کے پہلے اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد عہد انصاراللہ دہرایا گیا اور پھر نظم کے بعد امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں اسلام کے ابتدائی دور میں قربانی پیش کرنے والوں اور پھر برکینافاسو کے شہداء کی قربانیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔
امسال اجتماع کےموقع پر درج ذیل علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے: تلاوت قرآن کریم (صف دوم)، قاعدہ یسرنا القرآن (صف اول)، حفظ قرآن، سوال و جواب اور قصیدہ۔
اسی طرح درج ذیل ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے: پینلٹی شوٹ، سلو سائیکلنگ، ایک ٹانگ پر کھڑا ہونا، سوئی میں دھاگہ ڈالنا، لیموں کو چمچ میں لےکر چلنا اور Penang۔
تقاریر: ۵؍مئی کو رات آٹھ بجے اجتماع کے مرکزی موضوع ’’وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے‘‘ پر تقریر ہوئی جو کہ محترم مائیگا تجان صاحب نے پیش کی۔
۶؍مئی کی صبح نماز فجر کے بعد مالی قربانی کے واقعات پر درس دیا گیا۔ اور رات کو صحت کو قائم رکھنے کے اصول پر تقریر ہوئی جو کہ ڈاکٹر کا بورے ادریس صاحب نے پیش کی۔
اختتامی تقریب
مورخہ ۷؍ مئی کو صبح ساڑھے سات بجے اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد عہد اور نظم پیش کی گئی۔
پھر محترم نعیم باجوہ صاحب نے شہدائے مہدی آباد کی یاد میں ایک تقریر پیش کی۔ اس کے بعد اجتماع کی رپورٹ پیش کی گئی اور پھر امیر صاحب نے اول دوم آنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور پھر اپنی اختتامی تقریر میں امیر صاحب نے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔
اجتماع کی افتتاحی اور اختتامی کارروائی youtube کے ذریعہ لائیو نشر کی گئی جس کو بہت سے لوگوں نے اپنے گھروں میں بیٹھ کر دیکھا۔
امسال واگا ڈوگو ریجن پہلے، گاوا ریجن دوسرے اور ددگو ریجن تیسرے نمبر پر رہا۔ اس اجتماع کی کُل حاضری ۲۸۷؍ رہی۔
خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شاملین کے ایمان و عرفان میں اضافہ فر مائے۔ آمین
(رپورٹ: ناصر اقبال۔ مربی سلسلہ واگا ریجن برکینافاسو)