خون کی کمی
اس وقت دنیا میں بہت سے افراد خون کی کمی کا شکار ہیں۔ خون کی کمی انیمیا کہلاتی ہے اور اسے آئرن کی کمی بھی کہا جاتا ہے۔مناسب خوراک نہ لینے کے نتیجے میں خون کی کمی واقع ہوتی ہے۔ اس میں جَنک فوڈ، کولڈ ڈرنکس ، ڈبے کی بنی اشیاء کا زیادہ استعمال شامل ہے۔
چند علامات
اگر آپ میں مندرجہ ذیل علامات موجود ہیں تو آپ خون کی کمی کا شکار ہوسکتے ہیں اور آپ کو فوراً اپنے معالج سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہے۔انتہائی تھکاوٹ، کمزوری اور جسم میں درد رہنا۔سینے میں درد، دل کی تیز دھڑکن یا سانس لینے میں دقت ہونا یا سانس کا پھولنا،سر درد، چکر آنا یا سر ہلکا ہونا، ناخنوں کا آسانی سے ٹوٹنا،ہاتھوں اور پیروں کا ٹھنڈا ہونا،جلد کی رنگت کا پیلا ہونا،مریض کا مٹی ، چونا یا کچے چاول کھانا،غیرغذائیت والی اشیاء کو کھانے کا دل کرنا جیسے برف یا نشاستہ۔
آئرن کی کمی سےایک حاملہ خاتون کو درج ذیل خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔وقت سے پہلے بچے کی پیدائش،بچے کی نشوونما کا رکنا، ڈلیوری کے بعد خون کا نہ رکنا۔
حل
چائے اور کافی کا استعمال کم سے کم کریں۔ کاربوہائیڈریٹڈ ڈرنکس وغیرہ کے استعمال سے اجتناب کریں۔ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں ۔آئرن سے پُر چند غذائیں پیش خدمت ہیں۔
سبز پتوں والی سبزیاں: پالک ،شلجم ،گاجر، چقندر، مٹر، بروکلی، لال پیاز وغیرہ ۔
پھل: انار ،انگور ، آم ، خوبانی ، آلو بخارا اور سیب۔
دالیں: کالا لوبیا ، براؤن لوبیا ، کالے چنے، ثابت مسور۔
گوشت: بکرے یا گائے کا گوشت اور مچھلی۔
ڈرائی فروٹ: بادام، خوبانی ،کدو کے بیج ، کشمش ۔
(مرسلہ :آمنہ نورین۔ جرمنی)