اوسٹینڈ، بیلجیم میں منعقد ہونے والے ایک بین المذاہب پروگرام میں جماعت احمدیہ کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ Ostende اوسٹینڈ، بیلجیم کو مورخہ ۳۰؍اپریل ۲۰۲۳ء بروز اتوار پروفنڈو نامی پروگرام میں شرکت کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ
بیلجیم کے شہر اوسٹینڈ میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کو دعوتِ عام دی گئی جس میں شرکا نے مختلف عقائد ہونے کے باوجود محبّت، اخوت اور وحدت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا تاکہ معاشرے کو پرامن اور مثالی بنایا جاسکے۔
اسی حوالے سے شہر کی انتظامیہ نے افرادجماعت احمدیہ کو بھی دعوت دی کہ وہ پروگرام میں شامل ہوکر اپنے عقائد و دیگر تعلیمات کا تعارف پیش کریں۔ واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کے رفاہی کاموں اور دیگر خدمات کے حوالے سے مقامی لوگوں اور انتظامیہ میں انتہائی مثبت اور مفید تاثر قائم ہے چنانچہ جماعت احمدیہ کا ایسے پروگرام میں شامل ہوکر اپنا تعارف پیش کرنا حاضرین کےلیے انتہائی خوش آئند تھا۔
اوسٹینڈ مشن ہاؤس کے حوالے سے عرض ہے کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور خلیفۂ وقت کی راہنمائی اور دعاؤں کے طفیل جماعت احمدیہ نے اسی علاقہ میں احمدیہ مشن ہاؤس خریداہے۔ الحمدللہ
یہ شہر ساحلِ سمندر کے قریب ہونے کے باعث سیاحوں کے لیے توجہ کا مرکز ہے یہاں مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کافی عرصہ سے آباد ہیں۔اس پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے صدر صاحب جماعت نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرکے پروگرام ترتیب دیا اوران کی مدد بھی کی گئی۔پروگرام کا آغاز جماعتی روایت کے مطابق قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا۔ بعد ازاں شہریار اکبر صاحب مربی سلسلہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔ اس کے بعد مہمانوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے۔ مہمانوں کو تعارف کے بعد چاکلیٹس اور کتابیں وغیرہ بھی دی گئیں۔ اس پروگرام میں عبدالصمد صاحب صدر جماعت اوسٹینڈ اور عدیل احمد صاحب سیکرٹری امور خارجہ اوسٹینڈ نے بھی شرکت کی اور اس پروگرام کو ہرلحاظ سے کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوشش کی ۔الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو بہترین جزا دے۔ آمین ثم آمین
اس کے علاوہ تمام مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ جماعت کے عہدیداران و معاونین نے بڑے احسن طریقے سے ان کو جماعت احمدیہ اور حقیقی اسلام کا تعارف کروایا اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس پروگرام کا دورانیہ تین گھنٹے تھا۔ پروگرام کے آخر میں منتظمین نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملینِ پروگرام کے سینے سچائی کے نور سے روشن کردے اور یہ لوگ اسلام احمدیت کے حقیقی پیغام کو سمجھنے والے ہوں۔ آمین ثم آمین