مشاعرہ (نذرانۂ عقیدت ومحبت) بر موقع یوم خلافت زیر اہتمام مجلس انصار اللہ برطانیہ
الحمد للہ ثم الحمد للہ امسال قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ برطانیہ کو یوم خلافت کے حوالے سےچوتھا مشاعرہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مورخہ ۲۸؍مئی ۲۰۲۳ء بروز اتوار لندن وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے ایوانِ مسرور، اسلام آباد برطانیہ میں اس مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشاعرہ نہیں بلکہ یومِ خلافت کے موقع پر دربارِ خلافت میں ایک عاجزانہ نذرانۂ عقیدت و محبت تھا۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پیارے آقا کی دعاؤں سے مشاعرہ بہت کامیاب رہا۔ مشاعرہ ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے تعاون سے مجلس انصار اللہ برطانیہ کے یوٹیوب چینل پر براہِ راست نشر کیا گیا، جسے دنیا بھر میں ۱۵۵۰؍ سے زائد ڈیوائسس پر دیکھا گیا۔ لائیو پروگرام تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا۔ پروگرام کے آغاز سے اختتام تک پیغامات کا سلسلہ بھی جاری رہا، جس میں لوگ خلافت سے اپنے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کرتے رہے اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اور خلافتِ احمدیہ زندہ باد وغیرہ کے پیغامات بھجواتے رہے۔
پروگرام اور اس کے شاملین کی تفصیل
تلاوت: حافظ سید مشہود احمد صاحب
ترنم سے کلام پڑھنے والے: عمر شریف صاحب
خلافت ارتقائے نسل انسانی کی صورت ہے (کلام حضرت قاضی محمد ظہورالدین اکمل صاحب رضی اللہ عنہ )
شعراء و نمونۂ کلام
عطاء المجیب راشد صاحب
حضرتِ اقدس کا جب بھی کوئی ہو سجدہ دراز
کونسا غم فکر ہوتی ہے ہوا اتنا طویل
مبارک احمد ظفر صاحب
دین احمد کو جس سے دوام آچکا
وہ خلافت کا اعلیٰ نظام آچکا
فاروق محمود صاحب
یہ خدا کے ہے نشانوں کا نشاں
ایک اک خطبہ حیاتِ جاوداں
ڈاکٹر طارق انور باجوہ صاحب
عادت ہمیں جو پڑ گئی ہے تیرے پیار کی
اب ہر گھڑی کٹھن ہوئی ہے انتظار کی
سلمان قمر صاحب
یدِ مولیٰ ہی حبل اللہ کو لاتا آسماں سے ہے
خلیفہ بن نہیں سکتا وہ آتا آسماں سے ہے
احسان قمر صاحب
تعلق اس غلامی کا تو صدیوں سے پرانا ہے
وفا کا عہد بھی ہم کو دل و جاں سے نبھانا ہے
مبارک احمد صدیقی صاحب
وہ جو ہے محوِ دعا سب کے لیے لیل و نہار
جس کی صورت دیکھتے ہی دل کو آجائے قرار
مشاعرہ کے صدر مجلس رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ تھے۔ آپ نےدوران پروگرام برکاتِ خلافت کے حوالے سے واقعات بیان کیے، آپ نے خاص طور پر جماعتی ترقیات اور راہنمائی کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی میں خلافت کی اطاعت اور برکت سے اللہ تعالیٰ کس طرح فضل فرماتا ہے اس کا بھی ذکر کیا۔
ایوان مسرور میں مجلس عاملہ انصار اللہ برطانیہ، جماعت کے مرکزی دفاتر سے مہمانان اور مجلس انصار اللہ برطانیہ کے متفرق کارکنان مدعو تھے۔ اس طرح ہال میں موجود مہمانوں کی تعداد ۱۵۰؍ کے قریب تھی۔ آخر پر خاکسار نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے کسی بھی طرح تعاون کرنے والوں نیز شاملین محفل اور پروگرام کو براہ راست دیکھنے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔جس کے بعد امیر صاحب جماعت احمدیہ برطانیہ نے اختتامی دعا کروائی۔
مشاعرہ رات نوبجے اختتام پذیر ہوا جس کے بعد حاضرین نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی اقتدامیں نماز مغرب و عشاء ادا کیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد شرکائے مشاعرہ کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: راجہ برہان احمد۔ مربی سلسلہ و قائد تعلیم مجلس انصار اللہ برطانیہ)