بیت الحمد ناکسکو ڈنمارک سے مہدی آباد جرمنی کا سائیکل سفر
مجلس انصار اللہ ڈنمارک کے ممبران کو گذشتہ سال کی طرح امسال بھی بذریعہ سائیکل ہمسایہ ممالک میں سفر کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
گذشتہ سال مجلس نے مسجدنصرت جہاں کوپن ہیگن سے مسجد محمود مالموسویڈن کا سفر اختیار کیا جو سب شاملین نے پسند کیا۔ امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے مہدی آباد (ہیمبرگ) جرمنی کا سفر کیا گیا۔ اس سفر پر جانے کے لیے گذشتہ ماہ سے ہی قافلہ میں شامل انصار اور خدام نے ٹریننگ شروع کر دی تھی۔ قافلہ میں شامل چند ممبران کے لیے یہ پہلا موقع تھا کے بذریعہ سائیکل اتنا لمبافاصلہ طے کیا جائے۔ چنانچہ اس کے لیے پہلے سے ہی تیاری کی جاتی رہی اور انفرادی اور گروپس کی صورت میں ٹریننگ کی گئی۔
مورخہ ۱۸؍مئی کو مسجد نصرت جہاں میں اس قافلہ کے ممبران اکٹھے ہوئے جہاں محمد زکریا خان صاحب امیر جماعت ڈنمارک نے اجتماعی دعا کروائی اور سفر کا آغاز ہوا۔ بیت الحمد ناکسکو پہنچنے پر محترم نعمت اللہ بشارت صاحب مربی سلسلہ ناکسکو نے انصار کا استقبال کیا اور ریفریشمنٹ پیش کی۔ بیت الحمد ناکسکو سے ۷۵؍کلومیٹر کی مسافت پر رات قیام کیا گیا اور اگلے دن بروز جمعہ ناشتہ کے بعد یہ قافلہ لیوبک پہنچا جہاں پر ناظم صاحب علاقہ نے احباب جماعت کے ساتھ بڑے پرتپاک انداز سے خوش آمدید کیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا گیا اور کھانے کے بعد دعا کے ساتھ یہ قافلہ مہدی آباد کی طرف روانہ ہوا۔ شام چھ بجے مہدی آباد پہنچنے پر محترم مربی سلسلہ مہدی آباداور دیگرممبران انصار اللہ نے والہانہ استقبال کیا اور نہایت پرتکلف کھانا پیش کیا۔ چند ممبران قافلہ نے رات مہدی آباد قیام کیا اور اگلے دن ڈنمارک واپسی ہوئی۔
اس قافلہ میں چودہ ممبران شامل تھے۔ کُل ۱۷۵؍ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ تمام ممبران جماعت کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے بہترین انداز میں قافلہ کے قیام و طعام کا انتظام کیا اور ہر ممکن سہولیت مہیا کی اسی طرح خاکسار صدر صاحب انصار اللہ جرمنی اور ان کی ٹیم کا بھی تہ دل سے مشکور ہے جنہوں نے مسلسل رابطہ رکھا اور بہترین طور پر قافلہ کے لیے انتظامات کروائے۔ یہ سائیکل سفر جہاں جسمانی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں وہیں پر مختلف جماعتوں اور مساجد سے تعارف کا بھی بہترین ذریعہ ہیں۔
(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ صدر مجلس انصار اللہ ڈنمارک و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)