متفرق شعراء
یہ میں نے معجزہ ماں کی دعا کا بالیقیں پایا
محبت کا جہاں لکھا، وفاؤں کا سماں لکھا
ہوا ربّ مہرباں میں نے کبھی جو حرفِ ماں لکھا
ہمیشہ عظمتوں کا ماں کو میں نے اک نشاں دیکھا
محبت کے ستارے کو ہمیشہ ضوفشاں لکھا
یہ میں نے معجزہ ماں کی دعا کا بالیقیں پایا
مقدّر میں مرے ربّ نے زمیں کو آسماں لکھا
کبھی ہوتی نہیں ناراض، ہو کر بھی خفا مجھ سے
خدا کے بعد ماں کو رحمتوں کا سائباں لکھا
سلامت رکھے میرا رب سدا سایہ مری ماں کا
ہمارے گھر کی زینت کو چمن کا باغباں لکھا
کروں خدمت دل و جاں سے، رہے راضی خدا میرا
خدا نے ماں کے ہی قدموں تلے باغِ جناں لکھا
خطاؤں پر مری کرتی رہی ہے درگزر ہر پل
مری نوکِ قلم نے ماں کو، بشرؔیٰ! مہرباں لکھا
(بشریٰ سعید عاطف۔ مالٹا)