حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (دوسرا روز، 26؍ستمبر 2019ء)
اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
آج 26؍ ستمبر 2019ء بروز جمعرات حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا نن سپیٹ (Nunspeet) ہالینڈ میں دوسرا دن تھا۔ حضورِ انور نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھے بجے مسجد بیت النورمیں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی جس میں احباب و خواتین اور بچوں کی ایک کثیر تعداد شامل ہوئی۔ مسجد خدا تعالیٰ کے فضل سے نمازیوں سے پُر تھی۔ نماز ظہر و عصر دو بجے حضورِ انور کی اقتدا میں ادا کی گئیں۔
آج شام چھے بجے کا وقت فیملی ملاقاتوں کے لیے مخصوص تھا چنانچہ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی تک چالیس خوش نصیب فیملیز نے حضور پُر نور ایدہ اللہ سے ملاقات کا شرف حاصل کیا ۔ آج کے دن صرف ان فیملیز کو ملاقات کا موقع فراہم کیا گیا جن کو اس سے قبل حضورِ انور سے ملاقات کی سعادت حاصل نہیں ہوئی تھی۔ یہ وہ احمدی فیملیزتھیں جو گذشتہ کچھ عرصے میں ہجرت کرکے ہالینڈ میں آ کر آباد ہوئی ہیں اور ان کی خلیفۂ وقت سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ اس موقعے پر بہت جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے ۔
اپنے پیارے امام کی خدمت میں ملاقات کے لیے حاضر ہونے والے احباب کے چہروں پر خوشی اور مسرّت کے ساتھ ساتھ پُر نم آنکھیں آقا کی ان پر ہونے والی نوازشات کا پتہ دیتی تھیں۔
اس سے کچھ ملتا جلتا منظر نمازوں کی ادائیگی کے دوران بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ نمازی جن کو زندگی میں پہلی بار حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں ادا کرنے کا یادگارموقع میسّر آ رہا ہے اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکتے اور ہر تھوڑی دیر کے بعد مسجد کے کسی نہ کسی حصے سے رقت آمیز سسکیوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ ایسا تقریباً ہر نماز پر ہو رہا ہے۔
ہالینڈ میں نو وارد احمدی حکومتی نظام کے تحت دُور دراز کے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ حضور ایدہ اللہ کے دیداراور نمازوں کی ادائیگی کے لیے ہالینڈ کی جماعت ان کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کر رہی ہے۔ بعض دوستوں کو دو دو گھنٹے کی مسافت سے بیت النور لانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
اسی طرح حضورِ انور کی خدمت میں ملاقات کی سعادت حاصل کرنے والی فیملیز بھی دور دراز سے بیت النور پہنچیں۔ چنانچہ آج درج ذیل شہروں میں رہائش پذیر فیملیز نے اپنے آقا اپنے امام سے ملاقات کی سعادت حاصل کی ۔ راٹرڈیم(Rotterdam)، المیرے(Almere)،نن سپیٹ(Nunspeet)، آئندہوون (Eindhoven)، ڈین بش(Den Bosch) ، ڈین ہاگ(Den Haag) ۔ زوالے(Zwolle)۔،Utrecht۔ جرمنی سے بھی ایک خوش قسمت فیملی کو ملاقات کی سعادت نصیب ہوئی۔
آج سارا دن جلسہ سالانہ کے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔ وقفہ وقفہ سے بارش بھی ہوتی رہی ۔ ابر آلود موسم میں سردی کے بڑھ جانے کے باوجود جلسے پر آنے والے اپنا سامان شعبہ امانات میں رکھوانے کے بعد جلسہ گاہ کی تیاری میں ہاتھ بٹانے والی ٹیم کا حصہ بنتے رہے۔ چنانچہ پورے جلسہ گاہ میں کارپٹ اور کرسیاں بچھا کر بینرز لگانے اور سٹیج کی تیاری کا کام زورو شور سے جاری رہا۔
شام کو حضور ایّدہ اللہ تعالی نماز مغرب و عشاء پڑھانے کے لیے 08؍ بج کر20 منٹ پر تشریف لائے اور پونے نو بجے کے قریب اندرونِ خانہ تشریف لے گئے۔
اللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
حضورِ انور کے دورۂ یورپ کے بارے میں مزید معلومات کے لیے الفضل انٹرنیشنل سے رابطہ میں رہیے۔
(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر،اکتوبر 2019ء)
اللہ تعالیٰ میرے پیارے امام کو صحت والی لمبی اور فعال زندگی عطا فرمائے اور دورہ میں کامیابیاں عطا فرمائے. آمین ثم آمین