پندرھویں نیشنل مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ لائبیریا
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کی پندرھویں مجلس شوریٰ کا انعقاد ۲۸؍ مئی ۲۰۲۳ء کو شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول منروویا کے آڈیٹوریم میں ہوا۔
مجلس شوریٰ میں شرکت کی غرض سے نمائندگان کے آمد کا سلسلہ ایک روزقبل ہی شروع ہوگیا۔ نمائندگان کی آمد کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری رہا اور ان کو کارڈز مہیا کیے گئے۔امسال مبلغین ومعلمین،ممبران نیشنل عاملہ اور لجنہ اماء اللہ کی نمائندگی کے ساتھ کل حاضری ۱۶۷؍ رہی۔
دو پہر بارہ بجے نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا کی زیر صدارت پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے نظام شوریٰ کی اہمیت و برکات پر تقریر کرتے ہوئے نظام شوریٰ کے طریق کار کو مفصل طور پر بیان کیا۔
بعد ازاں منصور احمد ناصر صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے مالی بجٹ برائے سال ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء پیش کیا۔
بجٹ کے بعد Tapehma Kortu صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کی روشنی میں گذشتہ تین سال کی تجاویز اور ان پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔پھر مکرم امیر صاحب نے گذشتہ تجاویز پر غور و خوض کے لیے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ ناصر احمد کاہلوں صاحب، محمد زکریا صاحب، منصور احمد صاحب مبلغین سلسلہ اور ڈاکٹر عبد الحلیم صاحب صدور مقرر کیے گے۔ ان کی معاونت کے لیےمعلمین سلسلہ،ممبران نیشنل مجلس عاملہ اور نمائندگان پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی گئیں۔
کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد نمازوں کی ادائیگی اور ظہرانہ کے لیے وقفہ کیا گیا۔اس کےبعد ذیلی کمیٹیوں نے مقررہ جگہوں پر اپنے اجلاسات منعقد کیے۔
سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن کریم سے دوسرے اجلاس کا آغاز ہواجس کے بعد ذیلی کمیٹیوں کے صدور نے ایوان کے سامنے اپنی سفارشات پیش کیں۔ایوان میں موجود نمائندگان کو بھی اظہار خیال کا موقع دیا جاتا رہا اور اتفاق رائے سے تمام سفارشارت منظور کی گئیں۔ ظفر احمد بھٹی صاحب مبلغ سلسلہ کو شوریٰ کی کارروائی نوٹ کرنےکی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔
آخر پرمکرم امیر صاحب نے نمائندگان شوریٰ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور اختتامی دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو کما حقہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق دے۔آمین
(رپورٹ:فرخ شبیر لودھی۔نمائندہ روز نامہ الفضل انٹرنیشنل)