جماعت احمدیہ ارجنٹائن کی انٹرنیشنل بُک فیئرمیں شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سےجماعت احمدیہ ارجنٹائن کو امسال ایک بار پھر ارجنٹائن کے دار الحکومتBuenos Aires میں منعقدہ انٹرنیشنل بُک فیئر میں شرکت کرنے کی توفیق ملی۔
اس بُک فیئرکا شمار دنیاکے اہم ترین بُک فیئرز میں ہوتا ہے جس میں ہر سال دس لاکھ سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ تین ہفتہ کا بک فیئر ارجنٹائن کا سب سے معروف اور سب سے اہم سالانہ ثقافتی تہوار خیال کیا جاتا ہے۔
قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کے علاوہ سپینش زبان میں مختلف اسلامی لٹریچر جماعتی سٹال کی زینت بنا۔ دورانِ بُک فیئر اللہ تعالیٰ کے فضل سے کئی ہزار افراد تک اسلام احمدیت اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا پیغام پہنچانے کی توفیق حاصل ہوئی۔کئی زائرین نے جماعت سے مستقل رابطہ میں رہنے اور اسلام احمدیت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ بک فیئر کے دوران ایک کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں احباب نے شرکت کی اور بہت دلچسپی ظاہر کی۔ اسی طرح نیشنل ریڈیو چینل AM750 نے بھی ہمارے بک فیئر میں شرکت کے حوالہ سے تفصیلی انٹرویو نشر کیا۔
جماعتِ احمدیہ ارجنٹائن کے مقامی افراد کے علاوہ جماعت Uruguayسے ایک فرد (سلمان خاں صاحب) اور Bolivia سے تین افراد پر مشتمل ایک وفد (عطاء المنان صاحب (مربی سلسلہ) اور دو لوکل معلمین) بک فیئر میں معاونت کے لیے تشریف لائے اور سب کو احسن رنگ میں خدمت بجا لانے کی توفیق ملی ۔اللہ تعالیٰ تمام رضاکاروں کو اجرِ عظیم سے نوازے۔ آمین
(رپورٹ: مروان سرور گل۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)