مالی کے ریجن کاجولو(Kadiolo) کی جماعت جالاکوروسو(Djalakoroso)میں مسجدالاحد کی تعمیر
مالی کے ریجن کاجولو میں جماعت احمدیہ مالی کو ایک مقامی جماعت جالاکوروسو (Djalakoroso) میں مسجدالاحد کی تعمیر کی توفیق ملی ہے۔ کاجولو شہرسے مشرق کی طرف ۲۶کلومیٹر کے فاصلہ پر جالاکوروسو گاؤں واقع ہے۔ اس گاؤں میں احمدیت کا پودا جون ۲۰۰۸ء میں مکرم موسیٰ تراؤرے صاحب کی بیعت سے لگا۔ آپ کی بیعت کے بعد آپ کے خاندان کے باقی افراد نے بھی آپ کی تبلیغ سے احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ جالاکوروسو گاؤں میں احمدی احباب کی تعلیم و تربیت کے لیے مسجد کی شدید کمی محسوس کی جارہی تھی۔ چنانچہ ۲۰۲۳ء میں جماعت احمدیہ مالی کو جالاکوروسو گاؤں میں احمدیہ مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے مورخہ ۲۰؍مارچ ۲۰۲۳ء کو رکھا۔ اس مسجد کی لمبائی ۹میٹر اور چوڑائی ۸میٹر ہے۔ اس مسجدمیں یک صد افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔
اس مسجد کا افتتاح مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے مورخہ ۲؍جون ۲۰۲۳ء کو جمعہ کی نماز پڑھا کر کیا۔ آپ نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ احمدیت میں داخل ہونے کے بعد ہمیں ہمارے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ کی خواہش کے مطابق اپنی عبادات کے معیاروں کو اونچا کرنے کی ضرورت ہے اسی طرح اپنی اولادوں کو بھی مسجدوں کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت ہے۔ افتتاح کے موقع پر اس علاقہ کی حکومتی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ اردگرد کے چھ سے زائد گاؤں کے افراد جماعت کی دعوت پر افتتاحی تقریب میں شامل ہوئے جنہیں جماعت احمدیہ کا پیغام سننے کا موقع ملا اور جمعہ کی نماز کے بعد ان مہمانوں نے اپنے تاثرات میں جماعت احمدیہ کے کاموں کی کھل کر تعریف بھی کی۔
اللہ تعالیٰ ان پیغام سننے والوں کے دلوں کو بھی جماعت احمدیہ کی طرف مائل کرے اور ہمیں اس مسجد کی تعمیر کا حق ادا کرنے والا بنائے۔
(رپورٹ:احمدبلال مغل۔ مبلغ سلسلہ مالی)