اطلاعات و اعلانات
درخواست دعا
نصیر احمد ظفر صاحب (امیر ساؤتھ ریجن، یوکے) دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ خاکسار اور اہل خانہ کووڈ سے بیمار ہیں۔ امسال جلسہ سالانہ میں بھی شرکت نہیں کرسکے۔ ابھی تک کمزوری کی شکایت ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و رحم سے نوازتے ہوئے اس بیماری سے مکمل شفا عطا فرمائے اور اس کے تمام تر بد اثرات سے ہم سب کو محفوظ رکھے۔ آمین
سانحہ ارتحال
مبارک احمد صاحب جماعت مہدی آباد جرمنی لکھتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ امۃ النصیر صاحبہ زوجہ مکرم مبشر احمد طاہر صاحب مرحوم۲۵؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو سیرالیون میں وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ بیٹوں کی آمد پر ۳۰؍ جولائی کو آپ کی نمازِ جنازہ مسجد ناصر Bo ٹاؤن کے صحن میں ہوئی۔ مکرم نعیم اظہر صاحب مبلغ کینیما و قائم مقام مشنری انچارج سیرالیون نے نماز جنازہ پڑھائی اور Bo شہر کے احمدیہ قبرستان میں تدفین کے بعد دعا کروائی۔ آپ کی تدفین رئیس التبلیغ مغربی افریقہ حضرت مولانا نذیر احمد علی صاحبؓ (ابتدائی مبلغ سیرالیون) کی قبر کے ساتھ ہوئی۔ آپ سیرالیون میں وفات اور دفن ہونے والی پہلی پاکستانی احمدی خاتون ہیں۔
آپ ۱۹۵۸ء میں ربوہ میں پیدا ہوئیں۔آپ کے والد مکرم کیپٹن محمد سعید صاحب سابق کارکن وقف جدید تھے۔ ربوہ سے بی اے کیا اور شادی کے بعد پشاور سے ڈی ایچ ایم ایس کیا۔ نوشہرہ کینٹ میں باقاعدہ ہومیو پیتھک کی پریکٹس کرتی رہیں۔ فری میڈیکل کیمپ میں شامل ہوتیں اور ذاتی طور پر دوائیاں تقسیم کرتیں۔ ہمیشہ نادار، غرباء و مساکین کو دوا مفت دیتیں اور ان کی مالی امداد بھی کرتیں۔
آپ کو صدر لجنہ نوشہرہ کینٹ اور نائب صدر لجنہ اماء اللہ ضلع پشاور سمیت متعدد عہدوں پر خدمت کا موقع ملا۔ آپ نے نوشہرہ کی لجنہ کو منظم کیا ۔ عاملہ کو متحرک کیا اور ان کی تعلیم و تربیت میں فعال کردار ادا کیا۔ پشاور کے کٹر ماحول میں بد رسومات کے خلاف سختی سے مقابلہ کیا۔ باوجود رشتہ داری کے ختم اور فاتحہ وغیرہ پر نہ جاتیں بے شک رشتہ دار ناراض ہوجاتے۔ ان کا جواب یہی ہوتا کہ جب حضور نے ایک بات سے منع کر دیا ہے تو ہم نے ان رسومات کا حصہ نہیں بننا۔ غیر احمدی مہمانوں کو خلفاء سلسلہ کی تصاویر کا تعارف کرواتیں۔
مرحومہ تہجد گزار اور پنجوقتہ نمازوں کی حفاظت کرنے والی تھیں۔عہدیداران کی عزت کرتیں اور ہمیں بھی عزت کرنا سکھایا۔ خلافت کے ساتھ زندہ تعلق تھا۔حضور انور کا خطبہ شوق سے سنتیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ و حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ سے ربوہ میں ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی جبکہ حضرت مصلح موعودؓ سے ملاقات بھی آپ کی یادداشت کا حصہ تھی۔
آپ شوہر کی وفات کے بعد سے گذشتہ پانچ سال سے کینسر کے سبب شدید علیل تھیں ۔ ابتدا میں ہی ڈاکٹرز جواب دے چکے تھے لیکن آپ نے ہومیو پیتھک علاج کو ترجیح دی اور مسلسل علاج جاری رکھا۔ پونے دو سال سے اپنی بیٹی و داماد کے ساتھ سیرالیون میں مقیم تھیں ۔اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر نہایت صبر سے بیماری کا مقابلہ کیا اور کبھی کوئی شکوہ زبان پر نہ لائیں بلکہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتیں۔ نہایت ملنسار تھیں۔ سیرالیون میں باوجود بیماری کے مقامی احمدیوں کے ساتھ اچھا تعلق رہا۔ آخری وقت تک لجنہ کے تحت جاری آن لائن ترجمۃ القرآن کلاس میںباقاعدہ شامل ہوتی رہیں۔ گذشتہ ماہ بیماری نے زوردار حملہ کیا اور طبیعت سنبھل نہ سکی اور آپ راہی ملک عدم ہوئیں۔
آپ کے پسماندگان میں دو بیٹے خاکسار و سمیر احمد (لندن) اور دو بیٹیاں سعدیہ مبشر زوجہ عمیر نثار (امریکہ) و مصباح منصور زوجہ ڈاکٹر منصور احمد (سیرالیون) اور متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ جبکہ تین بہنیں اور ایک بھائی محمود احمد اعجاز صاحب ممبر عملہ حفاظت خاص جرمنی ہیں ۔
اعلاناتِ ولادت
مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ کینیما ریجن سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی سب سے چھوٹی بیٹی عزیزہ بازلہ نعیم زوجہ عزیزم لقمان احمد (واقف زندگی و کارکن ایم ٹی اےافریقہ) جماعت Epsom یوکے کو مورخہ ۳۰؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو ایک بیٹے رافع احمد کے بعد اپنی رحمت (بیٹی) سے نوازا ہے۔ حضور انور نے نومولودہ کا نام سدرہ لقمان عطا فرمایا ہے۔ دونوں بچے بفضلہ تعالیٰ وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ بچی مکرم محمود احمد صاحب آف Colliers Wood یوکے کی پوتی ہے۔
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے میرے بیٹے عزیزم تابش نعیم (واقف زندگی وکارکن ایم ٹی اے افریقہ گیمبیا سٹوڈیوز) و بہو عزیزہ جویریہ احمد کو مورخہ ۱۶؍ جون ۲۰۲۳ء کو ایک بیٹے کاشف علیان کے بعد اپنی رحمت (بیٹی) سے نوازا ہے۔ نومولودہ کا نام عائرہ تابش تجویز ہوا ہے۔ دونوں بچے بفضل تعالیٰ وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ بچی مکرم مسعود احمد صاحب آف لاہور کی نواسی ہے۔
عزیزم تابش نعیم گذشتہ بیس سال سے افریقہ میں ہے اور پڑھائی مکمل کرکے زندگی وقف کی ہے۔ پہلے ایم ٹی اے سیرالیون اور اب ایم ٹی اے گیمبیا میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ احباب جماعت سےدعاکی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ ان سب بچوں کو صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا فرمائے۔ بچوںکے صالح اور خادمِ دین ہونے کے لیے دعاؤں کی عاجزانہ درخواست ہے ۔