کونگو کنشاسا کے گاؤں سونگولولو میں احمدیہ مسجد کا سنگ بنیاد اور جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۷؍ اپریل ۲۰۲۳ء بروز اتوار عوامی جمہوریہ کونگو کنشاسا کے صوبہ کونگو سینٹرل کے ایک گاؤں ’سونگولولو‘ میں جماعت احمدیہ کو مسجد کی بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔سنگ بنیاد کی تقریب محترم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت ومشنری انچارج کونگو کنشاسا کی زیر صدارت ہوئی۔ خوشی کے اس موقع پر گاؤں سونگو لولو کے بچوں، بڑوں،اورتمام مردوخواتین نے خوشیوں سے لبریز اور مسکراتے چہروں کے ساتھ جماعتی وفد کا استقبال کیا۔ پروگرام کے مطابق نمازوں کی ادائیگی کے بعد پہلے جلسہ یوم مسیح موعودؑ و بعد ازاں مسجد کے سنگ بنیاد کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ نماز ظہر وعصر کے بعد جلسہ یوم مسیح موعودؑ کا انعقاد ہوا۔ جلسہ کے لیے گاؤں میں ایک ہال کرایہ پر حاصل کیا گیا تھا جس میں احباب جماعت کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی جن کی تعداد ۱۲۰ سے زائدتھی۔ بعد ازاں تعداد اتنی بڑھ گئی تھی کہ ہال کی گنجائش ختم ہونے لگی۔
جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد مکرم ابو بکر صاحب صدر جماعت مبانزا نگونگو نے لوکل زبان میں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔تعارف کے بعد جلسہ کی پہلی تقریر مکرم نوید احمد اشرف صاحب مبلغ سلسلہ مبانزا نگونگو نے کی۔بعد ازاں مکرم امیر جماعت کونگو کنشاسانے تمام احباب ومہمانان کے سامنے جلسہ یوم مسیح موعودؑ منانے کے مقصد،اسلام کی تعلیمات اور جماعت کے محبت کے پیغام کو بیان کیاجس کا ساتھ ساتھ لنگالا زبا ن میں ترجمہ کیا گیا۔جس کے بعد مجلس سوال وجواب منعقد ہوئی جو کہ ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی۔مکرم امیر صاحب نے تمام حاضرین کے سوالات کے تسلی بخش جواب دیے۔دعا کے بعد اس جلسہ کا اختتام ہوا۔تمام شاملین جلسہ کو ریفریشمنٹ بھی پیش کی گئی۔
جلسہ یوم مسیح موعودؑ کے انعقاد کے بعد مکرم امیر صاحب سمیت تمام احباب وخواتین و مہمانان مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کے لیے اس جگہ تشریف لائے جو کہ مسجد کی تعمیر کے لیے پہلے سے تیار کی گئی تھی۔ پہلی اینٹ مکرم امیر صاحب نے گاؤں سونگو لولو کے بزرگ نمائندہ مکرم مالک صاحب کے ساتھ مل کر رکھی۔ بعد ازاں بعض دیگر احباب جماعت نے بھی یہ سعادت حاصل کی۔ تقریب کےاختتام پر امیر صاحب نے دعا کروائی اور تمام شاملین کو خدا حافظ کرنے کے بعد تمام وفود واپس روانہ ہوئے۔الحمدللہ
(شاهد محمود خان۔ مبلغ سلسلہ کانگو کنشاسا)