خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیرِ اعظم کےعہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقدہوئی۔ جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویزاشرف اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن شریک ہوئے۔ تقریب حلف برداری میں پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم بھی شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نامزد نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور کیا تھا۔ انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیرِ اعظم بننے کے بعد غیرجانبدار رہنے کے لیے اپنی نشست سےاستعفیٰ دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کی سینیٹ کی نشست ۱۴؍ اگست سے خالی قرار دی جاتی ہے۔
٭…ایران میں دہشت گردوں کے حملے میں چار شہری جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی دہشتگرد گروپ نے قبول نہیں کی۔ ایران کے جنوبی شہر شیراز میں شاہ چراغ مزار پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، دہشت گرد مزار کے گیٹ سے اندر داخل ہوئے اور زائرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ ۲۶؍اکتوبر۲۰۲۲ء کو بھی اسی مزار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں تیرہ شہری جان سے گئے، کالعدم تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
٭…سری لنکا میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے میچ کے دوران ایک مرتبہ پھر سانپ آگیا۔لنکا پریمیئر لیگ میں پندرھواں میچ بی لوو کینڈی اور جافنا کنگز کے درمیان جاری تھا کہ اسی دوران ایک سانپ سٹیڈیم میں داخل ہو گیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بی لوو کینڈی کے کھلاڑی اسورو اڈانا فیلڈنگ میں مصروف ہیں کہ اچانک انہوں نے اپنے پاؤں کے قریب آتے ہوئے سانپ کو دیکھا جسے دیکھتے ہی وہ تھوڑی دیر کےلیے خوفزدہ ہوگئے تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنی توجہ فیلڈنگ پر مرکوز کر لی۔خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب میچ کے دوران سانپ نے میدان میں انٹری دی ہو، اس سے قبل بھی گال ٹائٹنز اور دمبولا اورا کے میچ میں ایک سانپ پچ پر پہنچ گیا تھا جس کی وجہ سے کھیل کو تھوڑی دیر کےلیے روک دیا گیا تھا۔
٭…چاند پر بھیجے جانے والے روس کے خلائی مشن لونا ۲۵ نے پہلا ڈیٹا بھیجنا شروع کر دیا۔ جمعہ کو روانہ ہونے والا لونا ۲۵ پانچ روز میں چاند تک پہنچے گا اور چاند کے مدار میں ایک ہفتہ گزارنے کے بعد چاند کی سطح پر اترے گا۔ روسی سائنسدانوں نے لونا ۲۵سے موصول ڈیٹا پر کام شروع کردیا۔ لونا ۲۵پانی کی ممکنہ موجودگی معلوم کرنے کےلیے چاند کے قطب جنوبی سے نمونے جمع کرے گا۔
٭…بھارت کا ۱۴؍جولائی کو روانہ ہونے والا مشن چندریان ۳ بھی چاند کے مدار میں موجود ہے، بھارت کا مشن چندریان ۲۳؍اگست کو چاند کے قطب جنوبی میں اُترنے کی کوشش کرے گا۔ بھارت اور روس کے خلائی مشن چاند کے قطب جنوبی پر پہلی کامیاب لینڈنگ کے لیے کوشاں ہیں۔ امریکہ، چین اور روس کوئی بھی اب تک چاند کے قطب جنوبی میں کامیاب لینڈنگ نہیں کر سکا ہے۔ روس نے ۴۷؍سال بعد ۱۱؍ اگست کو اپنا خلائی مشن چاند پر روانہ کیا، اس سے پہلے روس نے ۱۹۷۶ء میں لونا ۲۴ چاند پر بھیجا تھا جو چاند کی سطح سے ۱۷۰؍ گرام مٹی لایا تھا۔
٭…بھارتی ریاست ہریانہ میں ہندوؤں کے ایک گروہ کو اس بات پر حکومت نے پروگرام کرنے کی اجازت دی تھی کہ اس میں نفرت انگیز تقاریر نہیں کی جائیں گی، اس کے باوجود کچھ راہنماؤں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی گئیں، جبکہ ایک راہنما نے تو ہندوؤں کو رائفلز کے لائسنس دینے کا مطالبہ کیا۔ ایک راہنما نے تقریر کے دوران کہا کہ اگر تم انگلی اٹھاؤ گے تو ہم تمہارے ہاتھ کاٹ کر رکھ دیں گے۔ ہندو راہنماؤں نے پولیس کی موجودگی میں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز تقاریر کیں اور مسلمانوں کو کھلم کھلا دھمکیاں دیتے نظر آئے۔دوسری جانب ہریانہ مہا پنچایت میں ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوں کے علاقے میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی۔ ہریانہ حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے والی پنچایت کے ارکان کو شو کاز نوٹس بھی بھجوادیے گئے۔
٭…چین کے شمالی مغربی شہر شیان میں جمعہ کو شدید بارشوں کےبعدمٹی کا تودہ گرنے کے واقعہ میں ہلاکتوں کی تعداد اکیس ہوگئی ہے جبکہ مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔ مٹی اور کیچڑ تلے دبے ہوئے مزید چھ افراد کی تلاش جاری ہے۔ چین اس وقت موسم گرما کی غیر معمولی طور پر بہت زیادہ بارشوں سے نبرد آزما ہے۔
٭…لندن کے مضافاتی علاقے ووکنگ میں ایک برٹش پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی بیٹی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے میٹرو پولیٹن پولیس کا دعویٰ ہے کہ مبینہ قتل میں ملوث تین افراد برطانیہ سے فرار ہوگئے ہیں۔ یہ خاندان اپریل میں ہی ووکنگ کے علاقے ہارسل منتقل ہوا تھا۔ بچی کے قتل کی تحقیقات کےلیے پولیس نےعوام سے رابطہ کیا ہے۔ لندن پولیس نے عوام سے قتل سے متعلق اطلاعات کی فراہمی اور تعاون کی اپیل کی ہے جبکہ برطانوی پولیس نے قتل میں مبینہ طور پر ملوث تین افراد کی گرفتاری کےلیے عالمی کوششیں بھی شروع کردی ہیں۔