لجنہ اماء اللہ سوئٹزرلینڈ کے زیراہتمام صد سالہ جشن تشکر کا اہتمام
نیشنل جنرل سیکرٹری صاحبہ لجنہ اماء اللہ سوئٹزرلینڈ تحریرکرتی ہیں کہ
لجنہ اماء اللہ عالمگیرکےسو سال پورے ہونے پر لجنہ اماء اللہ سوئٹزرلینڈ نے مورخہ ۱۶؍جولائی ۲۰۲۳ء کو مسجد نور ویگولٹنگن میں صد سالہ جشن تشکرکی تقریب منعقد کی ۔جس میں ۲۴۰؍خواتین اور ۳۵؍بچے شامل ہوئے۔ مقامی میڈیا کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔اس تمام پروگرام کا جرمن اور انگلش زبان میں ترجمہ کا بھی انتظام تھا۔
پروگرام کے آغاز میں تلاوت قرآن پاک، حدیث نبویﷺاور منظوم کلام پیش کیا گیا۔
اس کے بعد محترمہ ڈاکٹر زیتون قاضی صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ سوئٹزرلینڈ نے افتتاحی تقریر میں لجنہ اماء اللہ کے قیام کی غرض و غایت اور اس کے مقاصد اور ہماری ذمہ داریوں کے بارے میں توجہ دلائی اور لجنہ اماء اللہ کے عہد کی کیا اہمیت ہے؟ اور ہمارا اس کو باربار دہرانے کا کیا مقصد ہے ، بیان کیا۔ اس کے بعد ایک ممبرنے لجنہ اماء اللہ کی تاریخ پر مبنی پریزنٹیشن پیش کی۔ اس موقع پر دو لجنہ ممبرات کو ان کی بہترین دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے محترمہ صدر صاحبہ لجنہ نے ایوارڈ اور اسناد دیں۔مختلف شعبہ جات نے اپنے اپنے اسٹالز لگائے اور مہمانوں کو اپنے شعبہ سے متعلق معلومات فراہم کیں اور دلچسپی قائم رکھنے کی خاطر مختلف چھوٹی چھوٹی ایکٹیویٹیز اور انعامات بھی رکھے۔اسی طرح ناصرات الاحمدیہ کی سیکرٹری نے بھی بچیوں کی تعلیم و تربیت اور تفریح کے لیے مختلف پروگرام رکھے،جس میں کھیلوں کے مقابلے،مہندی لگانا وغیرہ خصوصی طور پر شامل تھے۔چھوٹے بچوں کے لیے بھی مختلف کھیلوں کا انتظام کیا گیا جو بہت زیادہ پسند کیا گیا۔ صدسالہ جوبلی کی مناسبت سے کیلی گرافی اور کیک بنانے کا بھی مقابلہ کروایا گیا جو کہ سب کوبہت پسند آیا۔ لجنہ اما ء اللہ کی مقامی مجالس نے پاکستانی چٹ پٹے کھٹے میٹھےکھانوں کے اسٹالز بھی لگائے۔ اسی دن شام کو مقامی ٹی ویtele top news نےساڑھے تین منٹ سے زائد کی رپورٹ پیش کی جس میں چند ممبرات لجنہ کے لیے گئے انٹرویوز بھی دکھائے گئے۔جس سے جماعت کا پیغام کئی ہزار لوگوں تک پہنچا۔الحمد للہ
ان شکر کے لمحات کو تمام لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے یہ عہد کرتے ہوئے منایا کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے آئندہ صدی میں ہم اپنی تمام کمزوریوں اور کوتاہیوں کو پس پشت ڈال کر ایک نئے جذبہ ٔخد مت دین کے ساتھ اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرتے ہوئے میدان عمل میں داخل ہو ں گی ۔ان شاء اللہ تعالیٰ
(صبا ح الدین بٹ ۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)