خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء سے خطاب میں جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، نوجوان سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کا فرق سمجھیں۔اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کےلیے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کےلیے برابر ہیں۔
٭…۱۶؍اگست بدھ کو مبینہ توہین مذہب کے واقعے کے بعد علاقے کے بعض مذہبی راہنماؤں کی ترغیب اور اشتعال انگیزی پر ۵۰۰ سے ۶۰۰ مشتعل مظاہرین نے مسیحی برادری کے گھروں اور گرجا گھروں پر حملہ کیا اورانہیں نذر آتش کیا۔بی بی سی اردو کے مطابق ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی متعدد پوسٹس ہیں جن میں واقعے کے دو روز گزرنے کے بعد بھی مسیحی برادری کے خلاف فیک نیوز پھیلا کر لوگوں کو اشتعال دلایا گیا۔ پُرتشدد واقعات میں مشتعل افراد نے کل ۱۹؍گرجا گھروں کو نذر آتش کیا جن میں بارہ رجسٹرڈ اور سات چھوٹے غیر رجسٹرڈ چرچ شامل ہیں۔جڑانوالہ میں بدھ کے روز جلاؤ گھیراؤ کے بعد مسیحی خاندانوں نے اپنی جانیں بچانے کے لیے رات ویرانے اور کھیتوں میں گزاری، کئی خاندانوں کو گھر چھوڑ کر اپنے عزیز و اقارب کے پاس دیگر علاقوں میں منتقل ہونا پڑا۔پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال بہتر ہونے پر متاثرہ خاندانوں کی واپسی جاری ہے۔پولیس نے مسیحی برادری کے علاقے میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کرنے اور عبادت گاہیں نذرِ آتش کرنے اور لوگوں کو اشتعال دلانے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ مسجد میں اعلان کرکے لوگوں کو اشتعال دلانے والے ملزم یاسین سمیت جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ۱۲۸؍ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا۔جمعے کو پیش کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان عیسیٰ نگری کے علاقے میں ہوا جہاں چالیس مکانات اور تین چرچ جلائے گئے جبکہ محلہ چمڑہ منڈی میں بھی دو چرچ اور ۲۹؍مکانات نذرِ آتش کیے گئے۔
٭…نیو انگلینڈ کے شمال مغرب کے ایک ہسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے ایک یونٹ میں کام کرنے والی ۳۳؍سالہ نرس Lucy Letby کو مانچسٹر کی کراؤن عدالت نے دس ماہ کے اس مقدمے کے بعد مجرم ٹھہرا دیا۔ موصوفہ برطانیہ کی سب سے بڑی سیریل چائلڈ کلر ہیں جنہیں Countess of Chester Hospital میں پانچ نوزائیدہ لڑکوں، اور دو نو زائیدہ بچیوں کو ہلاک کرنے اور دوسرے نو زائیدہ بچوں پر حملوں کا مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔اس نے یہ وارداتیں اکثر اس وقت کیں جب وہ ۲۰۱۵ء اور ۲۰۱۶ء میں اس یونٹ میں رات کی شفٹوں میں کام کر رہی تھی۔
٭…روس کی ایک عدالت نےامریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر یوکرین کے تنازعے کے بار ے میں مبینہ طور پر غلط معلومات ہٹانے میں ناکامی کی پاداش میں جمعرات کو تین ملین روبل یا بتیس ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ایک مجسٹریٹ عدالت کے اس فیصلے سے قبل ایسے ہی اقدامات اگست کے شروع میں ایپل اور وکی پیڈیا کے میزبان ادارے وکی میڈیا فاؤنڈیشن کے خلاف بھی اٹھائے گئے تھے۔رپورٹ کے مطابق عدالت کو معلوم ہوا کہ یو ٹیوب ویڈیو سروس ، جو گوگل کی ملکیت ہے، تنازعے کے بارے میں غلط معلومات کی ویڈیوز نہ ہٹانے کی قصوروار ہے۔ روس اس تنازعے کو ایک خصوصی فوجی کارروائی قرار دیتا ہے۔
٭…امریکہ نے اپنے اتحادیوں ڈنمارک اور ہالینڈ کو یہ منظوری دے دی ہے کہ وہ یوکرین کو ایف 16 لڑاکا طیارے بھیج دیں ۔یہ واضح نہیں کہ یوکرین کو یہ طیارے کب ملیں گے۔
٭…کینیڈا میں چھ سو مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ بھڑک رہی ہے۔ سمندری طوفان ہلری میکسیکو اور امریکہ کے علاقوں میں شدید بارش برسائے گا اور مشرق وسطیٰ میں درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ کو چھورہا ہے جبکہ بحراوقیانوس کے پار یورپ میں فرانس، جرمنی، پولینڈ اور سوئٹزرلینڈ سمیت براعظم میں اس ہفتے گرمی کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔عالمی ادارہ برائے موسمیات (ڈبلیو ایم او) نے اپنی ایک رپورٹ میں انسانی اقدامات کی وجہ سے تیزتر ہونے والے رواں موسمِ گرما کے ان واقعات کو دنیا کے لیے نیا معمول قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایسے مناظر دنیا کے لیے اب بہت مانوس بنتے جا رہے ہیں۔یہ بات بڑے اعتماد کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج سے رونما ہونے والی آب و ہوا کی تبدیلی ان شدید موسمی واقعات کا بنیادی محرک ہے۔