اطلاعات و اعلانات
سانحہ ہائے ارتحال
٭… مکرم لقمان احمد کشورصاحب انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ لندن لکھتے ہیں کہ نہایت افسوس سے اطلاع دی جاتی ہے کہ مکرم بابر عزیز باجوہ صاحب جو خاکسار کے خالہ زاد بھائی تھے ۳؍ اگست ۲۰۲۳ء کو علیٰ الصبح اچانک حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے بعمر ۴۳؍ سال اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔انا للہ وانا الیہ راجعون
یہ اچانک وفات تمام خاندان اور خصوصاً ان کے لواحقین، والدہ ناصرہ بیگم صاحبہ بعمر ۸۰؍ سال، دو چھوٹی بہنوں اریبہ عزیز باجوہ صاحبہ و عتیقہ عزیز باجوہ صاحبہ، اہلیہ سعدیہ نورین صاحبہ اور تین بچوں بیٹا عثمان احمدبعمر ۱۷؍ سال، دو بیٹیوں الماس عزیز باجوہ بعمر ۱۰؍ سال اورجاذبہ عزیز باجوہ بعمر ۵؍ سال کے لیے نہایت صدمہ کا باعث ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام لواحقین کو صبر اور حوصلہ سے اس صدمہ کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیشہ ان کا متولی اور متکفل ہو۔ آمین
مکرم بابر عزیزباجوہ صاحب ابن مکرم عزیزاحمد باجوہ صاحب (مرحوم) کا آبائی تعلق چک ۳۱۲ج ب،کتھو والی گوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تھااور حال مقیم جرمنی تھےاور ہوم برگ سار جماعت میں شامل تھے۔آپ والدین کے اکلوتے بیٹے تھے۔
محترم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے آپ کی نماز جنازہ ۴؍ا گست کو نماز جمعہ کے بعد ناصر باغ مسجد، گروس گیراؤ میں پڑھائی۔ مرحوم موصی تھے۔آپ کی تدفین مورخہ ۷؍ اگست کو Friedhof Nord کے مقامی قبرستان میں امانتاً کی گئی تا جرمنی میں مقبرہ موصیاں تیار ہونے پر وہاں شفٹ کیا جاسکے۔اس موقع پرقبرستان میں محترم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے نماز جنازہ پڑھائی اور قبر کے تیار ہونے پر دعا کروائی۔
مرحوم بہت ساری خوبیوں کے مالک تھے۔نہایت سادہ مزاج، صابر وشاکر، خاموش طبیعت، دھیما لہجہ رکھنے والے، نرم گفتار، خوش مزاج، بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے محبت کا سلوک کرنے والے، غریبوں کے ہمدرد اور ضرورتمندوں کی خاموشی سے مدد کرنے والے انسان تھے۔ کبھی کسی سے کوئی گلہ شکوہ نہیں کیا۔ دینی اور دنیاوی علوم میں ذاتی مطالعہ کے علاوہ سیاسی و جغرافیائی حالات حاضرہ پر تجزیہ کرنے کی نمایاں دسترس رکھتے تھے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم سے نہایت مغفرت کا سلوک فرمائے اور جنت میں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائےاور لواحقین کا ہمیشہ حامی و ناصر ہو۔آمین
آخر پر ان تمام احباب و خواتین کا شکریہ اداکرتے ہیں اور تہ دل سے ممنون ہیں جنہوں نے اس صدمہ کی حالت میں مرحوم کے لواحقین کو افسوس پر حاضر ہو کر یا بذریعہ فون تسلی دی اور ڈھارس بندھائی۔ جزاہم اللہ احسن الجزاء
٭… مکرم فتح الحق صاحب ہڈرز فیلڈ سے لکھتے ہیں کہ احباب کو نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ سلیمہ بیگم صاحبہ زوجہ عبد الرزاق صاحب آف لاہور حال مقیم جرمنی بقضائے الٰہی وفات پا گئی ہیں۔انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحومہ دینی و دنیوی ہر دو اعتبار سے ایک مکمل شخصیت تھیں۔ خلافت سے بےپناہ محبت کرنے والی اور پابند صوم و صلوٰۃ تھیں اور صدقہ وخیرات بڑھ چڑھ کر کرتیں۔ عبدالرزاق صاحب واقعہ لاہور کے وقت دار الذکر میں موجود تھے اور اس دوران انہیں سات گولیاں لگیں۔
مرحومہ کے پسماندگان میں سات بیٹے بیٹیاں ہیں۔ احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے ساتھ مغفرت کا سلوک فرمائے اور پسماندگان کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق دے۔ آمین