طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو، گیمبیا میں گریجوایشن تقریب
گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں جماعت کے سکول طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول میں ہر سال کی طرح اس سال بھی سالانہ گریجوایشن کی تقریب مورخہ ۳؍ اگست ۲۰۲۳ء کو اسکول کے ہال میں منعقد ہوئی۔ اس سال ۱۷۲ طلبہ بیرونی امتحان میں شریک ہوئے۔ تقریب کی تیاری کا آغاز۲۰؍ جولائی۲۰۲۳ء کو صدقہ بکرا، دعاؤں اور گریجوایشن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے ہوا۔ کمیٹی کے تمام ممبران نے پروگرام کی تیاری میں انتھک محنت کی اور اس کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔مورخہ ۳؍ اگست کی صبح مہمانوں کا استقبال کیا گیا اور انہیں ناشتہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی لوئر ریور ریجن کے گورنر مکرم لامین سیڈی باہ تھے۔ امیر صاحب گیمبیا چونکہ جلسہ سلانہ برطانیہ میں شمولیت کے لیے گئے ہوئے تھے اس لیے انہوں نے نائب امیر سوم کی قیادت میں ایک وفداپنی نمائندگی کے لیے بھیجا۔
دیگر معززین میں سکول کے بورڈ آف گورنرز کے ارکان،کمشنر برائے امیگریشن،کمشنر آف پولیس،کمشنر آف کسٹمز،گیمبیا ریونیو اتھارٹی کے ڈائریکٹر،اسٹیٹ انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر،ریجنل ایجوکیشن ڈائریکٹر،ریجنل یوتھ چیئرمین،چیئرمین ویلج ڈویلپمنٹ کمیٹی،قریبی گاؤوں کے امام اور الکالو،ہیڈ ماسٹرز، بینکوں اور مختلف مالیاتی اداروں کے سربراہان، طلبہ کے والدین اور کمیونٹی کے ارکان شامل تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور ترجمہ کے بعد گیمبیا کے قومی ترانہ سے ہوا۔ پھر سٹیج پر بیٹھے معززین کا مختصر تعارف پیش کیا گیا اور انکو خوش آمدید کہا گیا۔
تعارف کے بعد خاکسار (قائم مقام پرنسپل) نے افتتاحی تقریر کی۔ جس میں اسکول کی کارکردگی پیش کی اور بتایا کہ نیشنل اسسمنٹ ٹیسٹ (گریڈ- ۸) میں سکول کا کامیابی کا تناسب سو فیصدرہا۔ گیمبیا بنیادی تعلیم سرٹیفکیٹ امتحان (جی اے بی ای سی ای)میں کامیابی سو فیصد رہی۔ویسٹ افریقن سینئر اسکول سرٹیفکیٹ امتحان (ڈبلیو اے ایس ایس سی ای) میں کامیابی ۹۱؍ فیصد رہی۔جبکہ گزشتہ چھ سالوں سے ہمارا سکول این اے ٹی – ۸ میں ملک بھر کے سکولوں میں اول رہا ہے۔ یہ نتیجہ ادارے کی لگن کو ظاہر کرتا ہے اور طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور مستقبل کی کوششوں میں کامیابی کے لیے تیار کرتا ہے۔قائم مقام پرنسپل نے اپنی تقریر کے دوران کسی بھی رنگ میں تعاون کرنے والے احباب، جماعت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
مہمان خصوصی لوئر ریور ریجن کے گورنر نے ’’مستقبل کے لیے مثبت تبدیلی کو قبول کرنا‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اپنی ذات کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا اور سامعین کو سمجھایا کہ ہر چیز کے لیے محنت ضروری ہےاور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
دوران تقریب سائنس کے طلبہ نے سب کے سامنے سانئسی تجربات عملی رنگ میں پیش کیے جن میں ایسے گاؤں جہاں بجلی نہیں ہے، میں طلبہ کے لیے آسان طریقے سے بجلی پیدا کرنے کےمختلف طریقے بتائے تاکہ ایسے طلبہ تعلیم سے محروم نہ رہیں۔ یہ مرحلہ تمام شاملین کے لیے سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث رہا۔
اس کے بعد امسال گریڈ بارہ میں پاس ہونے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹ اور تمام کلاسوں میں پوزیشن لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔
اس کے بعد گورنر اور دو دیگر معززین نے اسکول کے احاطے میں پھلدار پودے لگائے۔ بعدازاں تمام مہمانوں، والدین، اساتذہ اور طلبہ کودوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
الحمدللہ یہ تقریب ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔اللہ تعالیٰ ہماری تمام کاوشوں کو برکت عطا فرمائے اور ہمیں اپنی پسندیدہ نعمتوں سے نوازے۔آمین
(رپورٹ: عطاء القدوس ملک۔ قائمقام پرنسپل طاہر احمدیہ سکول)