خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… بھارتی خلائی مشن چندریان تھری چاند پر اتر گیا، چندریان تھری لینڈر وکرم چاند کے قطب جنوبی کی سطح پر اترا ہے۔ بھارت چاند کے جنوبی قطب تک پہنچنے والا دنیا کا پہلا جبکہ چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا۔ اس سے قبل امریکہ، روس اور چین چاند کے خط استوا کے قریب سافٹ لینڈنگ کرچکے ہیں۔چاند کا جنوبی قطب ابھی تک بڑی حد تک غیر دریافت شدہ ہے، جہاں چندریان 3 اترا وہ قطب جنوبی کا دور دراز خطہ ہے۔غالب امکان ہے کہ چاند کا جو حصہ سائے میں ہے وہاں پانی کی موجودگی کے آثار ملیں۔مستقل طور پر سائے میں رہنے کی وجہ سے اسے ’چاند کا اندھیرے والا حصہ‘بھی کہا جاتا ہے۔ بھارت نے اس سے پہلے بھی دو بار چاند کے جنوبی قطب کےلیے مشن روانہ کیے تھے جو ناکام ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ چندریان تھری مشن ۱۴؍جولائی کو ریاست آندھرا پردیش سے روانہ ہوا تھا، یہ چالیس دن کے طویل سفر کے بعد چاند پر اترا ہے۔
٭… سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین میںبیس بیس لاکھ روپے مالیت کے امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک کی تمام اقلیتی برادریوں کو یقین دلایا ہے کہ حکومت ان کی جان ومال کے تحفظ کےلیے پُرعزم ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔ سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئندہ کسی اقلیت کے ساتھ ایسی مذموم حرکت کرنے والوں کو نشان عبرت بنادیا جائےگا ، ریاست مظلوم کے ساتھ ہو گی۔معاشرہ میں عدل و انصاف ریاست کی ذمہ داری ہے، اس کے بغیر کوئی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ ریاست مسیحی، ہندو، سکھ ، پارسی اور احمدی کسی بھی مینارٹیز کے جان و مال پر حملہ آور ہونے کی صورت میں مظلوم کے ساتھ ہوگی نہ کہ ظالم کے ساتھ۔ یاد رہے کہ پاکستان کے اخبارات نے یہ خبر شائع کرتے ہوئے احمدی کالفظ حذف کر دیا۔
٭… یوکرین کی جانب سے روس پر چھ راتوں سے مسلسل ڈرون حملے جاری ہیں۔روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع میں اب روسی سرزمین پر ڈرون حملوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس صور ت حال نے سیکیورٹی کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات کو جنم دے دیا ہے۔روس کی سرکاری نیوز ایجنسی طاس کی رپورٹ کے مطابق، ڈرون حملے میں ایک زیر تعمیر عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے کیے گئے ان ڈرون حملوں نے ماسکو کے ونوکووو، شیریمیٹیوو اور ڈومودیدوو ایئر پورٹس پر پروازوں کو متاثر کیا کیونکہ حفاظتی تدابیر کے باعث ایوی ایشن سروسز کو آپریشن کچھ وقت کے لیے روکنا پڑا۔
٭… ترکی کی وزارت خارجہ نے قرآن پاک کی بےحرمتی پر ڈنمارک کے ناظم الامور کو دوبارہ طلب کرلیا۔ ترک وزارت خارجہ نے ان واقعات کی مذمت کی اور احتجاج کرتے ہوئے ان کی روک تھام کےلیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔پیر کو بھی وزارت خارجہ نے ڈنمارک اور نیدرلینڈز کے سفارتکاروں کو طلب کیا تھا۔حال ہی میں جمعہ کے روز نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں ترک سفارتخانے کے سامنے دائیں بازو کے کارکن نے قرآن مجید کی بےحرمتی کی تھی۔
٭… طالبان نے یونیورسٹی سکالرشپ کےلیے دبئی جانے والی سو خواتین کو روک دیا۔ افغان خواتین کو متحدہ عرب امارات کے کاروباری گروپ نے سپانسر کیا تھا۔ گروپ کے بانی چیئرمین خلف احمدالحبطور نے کہا کہ ان کے لیے طیارے کی ادائیگی بھی کردی گئی تھی۔ طالبان حکومت نے تعلیم کےلیے آنے والی افغان لڑکیوں کو پڑھنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ افغان لڑکیوں کےلیے یہاں رہائش، تعلیم، محفوظ نقل و حرکت کا انتظام کیا گیاتھا۔
٭… آبنائے پاناما میں پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے پچھلے کئی ہفتوں سے دو سو بحری جہاز پھنسے ہوئے ہیں۔ آبنائے پاناما بحرالکاہل اور بحراوقیانوس کو ملاتا ہے اور دنیا کی بڑی آبی گزرگاہوں میں سے ایک ہے۔ پاناما میں غیر معمولی خشک سالی کا دور چل رہا ہے، آبنائے پاناما کا انحصار بارش کے پانی پر ہے لیکن کم بارش کی وجہ سے پانی کم ہوگیا ہے اور بحری جہاز سفر نہیں کر پا رہے۔ کم پانی کا مطلب ہے کہ بحری جہازوں کو اپنا کارگو کم کرنا پڑے گا۔ گتون نامی جھیل آبنائے پاناما میں پانی فراہم کرتی ہے، اس جھیل میں پانی کی سطح سات برس کی کم ترین سطح پر ہے۔ اکتوبر کے آخر تک یہاں پانچ سال کی اوسط سطح سے کم پانی رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آبنائے پاناما ایک اہم تجارتی گزرگاہ ہے، امریکہ کے چالیس فیصد کنٹینرز یہاں سے گزرتے ہیں۔