حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (ساتواں روز، منگل یکم اکتوبر2019ء)
اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
فیملی ملاقاتیں، نن سپیت سے المیرے کا سفر اور مسجد ’بیت العافیت‘ کا افتتاح ، نن سپیت واپسی
آج حضرت امیر المومینن خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا ساتواں روز تھا۔ حضورِ انور نے نمازِ فجر صبح ساڑھے چھے بجے ہلکی بوندا بادی کے دوران بیت النور میں آ کر پڑھائی۔ نماز کے بعد حضورِ انور کے قیام گاہ کی طرف جاتے وقت بارش تھم چکی تھی ۔
ساڑھے گیارہ بجے حضورِ انور کے دفتر میں تشریف لانے پر فیملی ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا جو دوپہر پونے دو بجے تک جاری رہا۔ اس دوران حضور پُر نور سے 43؍ فیملیز کے 140؍ افراد نے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ ان میں سے اکثر فیملیز یا فیملی کے بعض افراد زندگی میں پہلی بار حضورِ اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت سے فیض یاب ہو رہے تھے۔ آج جن جماعتوں کے احمدیوں کو حضورِ انور سے ملاقات کا نادر موقع میسّر آیا ان میں درج ذیل شامل ہیں:
Arnhem, Almere, Amsterdam, Einhoven, Den Haag, Rotterdam, Zwolle, Leevwarden, Schiedan, Amstelveen
ملاقاتوں کے بعد کچھ دیر حضورِ انور دفتر میں تشریف فرما رہے اور دفتری امور کی بجا آوری میں مصروف رہے۔ بعد ازاں دو بجے اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔
المیرے روانگی اور مسجد ’بیت العافیت‘ کا افتتاح: آج المیرے میں نَو تعمیر شدہ پہلی احمدیہ مسجد ’بیت العافیت‘ کا افتتاح قرار پایا تھا۔ حضورِ انور کا قافلہ ساڑھے چار بجے شام کے قریب نن سپیت سے المیرے کے لیے روانہ ہو کرسوا پانچ بجے المیرے پہنچا جہاں حضورِ انور نے مسجد کی افتتاحی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرما کر دعا کروائی، نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں، تعمیرات کا معائنہ کیا اور تقریبِ افتتاح سے خطاب فرمایا۔ عشائیے کے بعد حضور پُر نور نے مسجد بیعت العافیت میں ساڑھے آٹھ بجے کے قریب نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور پھر واپس نن سپیت تشریف لے آئے۔ حضورِ انور کا قافلہ دس بجے سے کچھ پہلے نن سپیت بخیر و عافیت پہنچ گیا۔
[مسجد ’بیت العافیت‘ کے افتتاح کی تفصیلی رپورٹ الگ بلیٹن میں شائع کی جا چکی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے](رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)
ماشاء اللہ، بہت اچھی اور بروقت رپورٹنگ ہے، اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے، آمین
اللہ پیارے حضور کو اپنی حفاظت میں رکھے اور دورہ یورپ کامیاب کرے آمین