خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…برطانیہ نے براستہ سمندر غیرقانونی طریقے سے ملک میں داخل ہونے والوں کےلیے الیکٹرانک سسٹم متعارف کروادیا۔ پناہ کی تلاش میں برطانیہ آنے والوں کو روپوشی سے روکنے کےلیے الیکٹرانک ٹیگ لگایا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق چھوٹی کشتیوں پر برطانیہ آنے والوں کو سیاسی پناہ کے دعوے سے روکا جائے گا اور انہیں پکڑ کر ملک سے نکال دیا جائے گا۔
٭…امریکہ نے روسی ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزن کی ہلاکت میں روس کے ملوث ہونے کا اشارہ دیا ہے۔وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری نے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کریملن کی اپنے مخالفین کو مارنے کی ایک طویل تاریخ ہے۔پہلے امریکی حکام نے ویگنر گروپ کے سربراہ کا طیارہ میزائل حملے میں تباہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یاد رہے کہ ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزن نے جون میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا تھا۔
٭… منگل کو دارالحکومت تہران میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ہم ملک کی معیشت کو مغربی ممالک کی خواہشات سے نہیں جوڑ رہے ۔ ایران ۲۰۱۵ء کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے مذاکرات کے ذریعے پابندیوں کے خاتمے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔دشمن نے دُہری حکمت عملی پر عمل کرنے کی کوشش کی، ایک ایران کو دنیا سے الگ تھلگ کرنا اور دوسرا ایرانی قوم کی حوصلہ شکنی کرنا مگر وہ ان دونوں حکمت عملیوں کے ساتھ ناکام رہا ہے اور وہ ایران کو الگ تھلگ کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ حکومت ایران کی معیشت پر ڈالر کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
٭…کینیڈین وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ’ سٹوڈنٹس اینڈ ایپرنٹس لونز‘ پر سُود مستقل ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چھٹیوں کے بعد طلبہ کی تعلیمی اداروں میں واپسی پر ان کی کامیابی میں تعاون کرتے رہیں گے۔یاد رہے کہ ۷۵؍فیصد کینیڈین طالب علم حکومتی قرضوں پر انحصار کرتے ہیں اور باقی پرائیویٹ بینکوں سے قرضے لیتے ہیں۔ ۱۷؍لاکھ طالبِ علم حکومت کے مقروض ہیں، جن پر اوسطاً ۲۶؍ہزار ڈالر کا قرضہ ہے۔طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کے چھ ماہ بعد یا نوکری ملنے پر چھوٹی چھوٹی قسطوں میں سرکاری قرض واپس کرنا ہوتا ہے۔
٭…برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے چین پہنچنے پر اپنے چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا ہے کہ لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے کی چین کی کوششوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ میری توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ برطانیہ چین کے درمیان اختلاف کہاں ہے۔ ایماندارانہ اور مشکلات کے حل پر توجہ کا طرز عمل چین برطانیہ تعلقات میں نظر آئے گا۔ رابطوں کے ذرائع بنانا برطانیہ چین کے تعلقات کےلیے اہم ہے، بہتر تعلقات کےلیے برطانوی وزیراعظم اور چینی صدر کی براہ راست بات ضروری ہے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کےلیے چین کی پالیسی میں اہم الفاظ بات چیت اور تعاون ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے برطانیہ، چین پر ذمہ داریاں ہیں، اہم طاقتوں کے طور پر برطانیہ اور چین پر عالمی امن و استحکام برقرار رکھنے کی ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ پانچ سال میں کسی برطانوی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ چین ہے۔
٭…جاپانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل فائر کیا جو سمندر میں گرا ہے۔ جنوبی کوریا کی فوج نے بھی شمالی کوریا کے میزائل فائر کرنے کی تصدیق کر دی۔واضح رہے کہ جزیرہ نما کوریا کے اطراف امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں جاری ہیں۔ آج امریکہ کے بمبار طیاروں نے بھی مشقوں میں حصہ لیا۔
٭…سمندری طوفان امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد جارجیا کے جنوبی ساحلوں کی طرف بڑھنے لگا ہے۔ ریاست فلوریڈا سےٹکرانے کے بعد طوفان ’ایڈالیا‘کی شدت کیٹیگری تین سے کم ہوکر کیٹیگری ون ہوگئی ہے۔ جنوبی کیرولائنا جانے سے پہلے طوفان کی شدت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ سمندری طوفان ’ایڈالیا‘ کے فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد تین ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ طوفان ۱۲۵؍میل فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں کے ساتھ مغربی ساحلوں سے ٹکرایا۔
٭…جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں ایک بچے سمیت ۶۳؍ افراد ہلاک اور ۴۳؍زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو عمارت میں امدادی کارروائی کے دوران مشکلات کا سامنا ہے جبکہ امدادی کارکن عمارت کی تمام منزلوں پر آپریشن کر رہے ہیں کیونکہ اندر مزید لوگ بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔