۳۸واں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ ۲۰۲۳ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کو اپنا ۳۸واں سالانہ اجتماع مورخہ ۱۱تا۱۳؍ اگست ۲۰۲۳ء فیئر ہاوتن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس سال اجتماع کا موضوع ’’تعلق باللہ‘‘ تھا ۔
اجتماع کا پہلا دن: گیارہ بجے کے قریب خدام کی رجسٹریشن شروع ہوئی۔ کھانے کے بعد خدام نے نماز جمعہ ادا کی اور ہال میںحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا۔
پرچم کشائی کے دوران مکرم امیر صاحب ہالینڈ نے ہالینڈ کا جھنڈا اور صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا۔ اس کے بعد دعا کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ صدر صاحب نے اپنی گذارشات پیش کیں اور دعا کے بعد کھیلوں کےاور علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ کھیلوں کے مقابلہ جات میں دوڑ ۱۰۰؍ میٹر،ثابت قدمی، کلائی پکڑنا اور ریلے ریس تھے۔
شام کے کھانے کے بعد ایک تربیتی سیمینار منعقد کیا گیا جس کا موضوع ’’دین کو دنیا پر مقدم رکھنا ‘‘ تھا۔ اس سیمینار میں مختلف سوالات جو آج کل اکثر خدام کے ذہنوں میں اٹھتے رہتے ہیں کے جوابات دیے گئے۔یہ پروگرام بہت معلوماتی تھا اور دلچسپی کا باعث رہا ۔نماز مغرب و عشا٫کی ادائیگی کے ساتھ اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔
اجتماع کا دوسرا دن: اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز تہجد،نماز فجر اور درس سے ہوا ۔ناشتہ کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ جن میں تقریر،تقریر فی البدیہہ اور اذان کے مقابلے ہوئے۔ دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کے بعد علمی اور ورزشی مقابلہ جات جاری رہے۔ ورزشی مقا بلہ جات میں رسہ کشی،فرسبی اورfittest khadim کا مقابلہ ہوا۔ اس کے علاوہ علمی مقابلہ جات میں مقابلہ پیغام رسانی، مقابلہ مشاہدہ معائنہ اور مقابلہ کسوٹی منعقد ہوئے۔
شام کو ایک تربیتی پروگرام میں مبلغ انچارج صاحب نے تعلق باللہ کے موضوع پر اپنی گذارشات پیش کیں نیز خدام کو نماز باجماعت اور نماز جمعہ پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔
کھانے کے بعد خدام نے جماعت سے تعلق کے بارے میں اپنے ذاتی واقعات بیان کیے، شعر وشاعری سنائی۔ نماز مغرب و عشا٫کی ادائیگی سے اجتماع کے دوسرے دن کا اختتام ہوا۔
اجتماع کا تیسرا دن: اجتماع کے تیسرے دن کا آغاز تہجد،نماز فجر اور درس سے ہوا ۔ناشتہ کے بعد ورزشی مقابلہ جات فرسبی اور فٹسٹ خاد م کے مقابلہ جات مکمل ہوئے۔اس کے بعد معتمد صاحب نے گذشتہ سال کی کارگزاری کی رپورٹ پیش کی۔بعدازاں علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے گئے۔دوپہر کے کھانے کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔
اختتامی اجلاس: تلاوت،عہد اور نظم کے بعد صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ پھر علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں مکرم امیر صاحب نے انعاما ت تقسیم کیے۔ اس سال عَلَم انعامی کا بھی انعام رکھا گیا تھا۔ امسال علم انعامی کی حق دار مجلس المیرے باوتن رہی۔ مکرم امیر صاحب نے خدام کو سورة الفاتحہ کے بارے میں حضرت مسیح موعودؑکے ارشادات کی روشنی میں نصائح کیں۔اس کے بعد مکرم مشنری انچارج صاحب نے بھی کچھ نصائح کیں اور دعا کروائی ۔ اس طرح سے اجتماع بخیروخوبی اپنے اختتام کو پہنچا ۔ اس اجتماع میں کُل ۴۶۰؍ خدام نے شرکت کی۔
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)