برمپٹن کینیڈا کے سٹی ہال پر ’’لوائے احمدیت‘‘ کی پرچم کشائی
جماعت احمدیہ مسلمہ کا جھنڈا ’’لوائے احمدیت‘‘ پہلی بار ۲۸؍ دسمبر ۱۹۳۹ء کو برموقع خلافت جوبلی قادیان میں حضرت مرزا بشیرالدین محمود خلیفۃ المسیح الثانی و مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لہرایا۔
۲۴؍جولائی ۲۰۲۳ء کو یہ’’لوائے احمدیت‘‘ کینیڈا کے شہر برمپٹن کے City Hall پر میئر Patrick Brown نے ۳۰۰؍ سے زائد احمدیوں اور کئی دوسرے حکومتی و سرکاری مہمانوں کی موجودگی میں لہرایا۔
سٹی کونسل برمپٹن نے حال ہی میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ جولائی ۲۰۲۳ء کامہینہ “A’’Ahmadiyya Muslim Heritage Month‘‘h” کے طور پر منایا جائے گا۔ اسی سلسلہ میں مؤرخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۳ء بروز پیر شام ساڑھے تین بجے City Hall میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں لوائے احمدیت لہرایا گیا۔ تقریب کے ہال کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصاویر اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔
مکرم حامد فاران صاحب نے تمام شرکاء کو سٹی ہال میں خوش آمدید کہا۔ جس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم آصف خان صاحب نیشنل سیکرٹری امورِ خارجیہ کینیڈا نے افتتاحی کلمات میں عزت مآب میئر Patrick Brown اور سٹی کونسلرز کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ماہِ جولائی کو ’’احمدیہ مسلم جماعت کی ثقافت‘‘ کے مہینہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ جماعتِ احمدیہ کے لیے یہ باعثِ فخر اور مسرت ہے اور اس کے لیے ہم سب آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو جماعتِ احمدیہ کی تاریخ، ثقافت اور خدمات سے آگاہ کیا۔ آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احمدیہ جماعت کے تمام عقائد اور اعمال دراصل اسلام کی حقیقی تعلیم پر مبنی ہیں اور کوئی چیز اسلامی تعلیمات اور عقائد سے باہر نہیں ہے۔
اس موقع پر عزت مآب میئر پیٹرک براؤن کو مینارۃ المسیح کا ایک ماڈل بھی پیش گیا۔ میئر نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم نے ماہِ جولائی کو احمدیہ مسلم جماعت سے منسوب کرکے کوئی احسان نہیں کیا بلکہ جماعت کی خدمات کا صرف اعتراف کیا ہے۔ جماعت احمدیہ کے برمپٹن، کینیڈا اور دُنیا کے بہت سے حصوں پر بہت احسانات ہیں۔ بلکہ ہم نے دوسرے شہروں کے میئرز کی توجہ بھی اس طرف مبذول کروائی ہے کہ وہ بھی احمدیہ جماعت کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ہر سال ایک مہینہ جماعتِ احمدیہ سے منسوب کریں۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ احمدیہ کے ساتھ تعلق کسی طمع یا ضرورت کی وجہ سے نہیں بلکہ یہ ایسے ہی ہے کہ آپ کسی سےپہلی بار ملتے ہی اس کی محبت میں گرفتار ہوجائیں۔ اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ سب سے زیادہ احمدی برمپٹن شہر میں ہوں۔ اور میں دوسرے شہروں کے احمدیوں کی حوصلہ افزائی کروں گا کہ وہ ہمارے شہر میں رہائش اختیار کرنے کو ترجیح دیں۔
محترم میئر نے مزید کہا کہ میں کچھ عرصہ قبل پاکستان گیا تھا اور پاکستان کے احمدیوں سے مل کر آیا ہوں۔ مجھے ان پر ہونے والے مظالم کاحال ان کی اپنی زبانی سن کر بہت دُکھ ہوا ہے۔ میری بڑی خواہش تھی کہ میں ان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتا مگر اس وجہ سے نہیں کرسکا کہ کہیں ان پر مزید ظلم و ستم نہ ڈھائے جائیں۔ لیکن ہم ہر دستیاب فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔
میئر کی اس تقریر کے دوران سٹی کونسل کے اراکین ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
اس کے بعد محترمہ Sonia Sidhu ممبر کینیڈین پارلیمنٹ نے تقریر کی اور کہا کہ آپ ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار ہوتے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ سالوں میں جماعت کی خدمات گنواتے ہوتے ہوئے برمپٹن کونسل کا شکریہ ادا کیا کہ وہ یہ مہینہ احمدیہ جماعت کی خدمات کے اعتراف میں منارہے ہیں۔
صوبہ اونٹاریو کی پارلیمنٹ کے ممبرAmorjot Sadhuنے بھی جماعتی خدمات خصوصاً کووڈ19 کی وبا کے دوران احبابِ جماعت کی انتھک کاوشوں، ہسپتال کی تعمیر کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے اور بلڈ بنک کے لیے خون کا عطیہ دینے کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ وہ جب بھی جماعتِ احمدیہ کے کسی پروگرام میں شامل ہوتے ہیں تو انہیں پہلے سے بڑھ کر اچھا لگتا ہے۔
محترم بدر شمیم صاحب صدر روٹری کلب برمپٹن نے بھی احباب سے مخاطب ہوئے ہوئے جماعتِ احمدیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مکرم عبدالجبار ظفر صاحب لوکل امیر برمپٹن ویسٹ نے مکرم زاہد مسعود صاحب لوکل امیر برمپٹن ایسٹ کے ہمراہ میئر برمپٹن اور کونسلرز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جماعت احمدیہ مسلمہ کی خدمات کے اعتراف میں ماہِ جولائی کو جماعت احمدیہ مسلمہ سے منسوب کیا نیز آج لوائے احمدیت سٹی ہال پر لہرانے جارہے ہیں۔ لوکل امیر صاحب نے مزید کہا کہ بانی جماعت احمدیہ حضرت مرزا غلام احمد مسیح موعود و مہدی علیہ السلام کا بنیادی مقصد انسانیت کو خدا پر ایمان لانے کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ نیز دُنیا میں امن، محبت، درگزر اور بھائی چارہ پیدا کرنا نیز رنگ، نسل، ثقافت، زبان یا قومیت کی بنا پر تفریق اور نفرت کو دُنیا سے ختم کرنا ہے۔
لوکل امیر صاحب نے اپنے کلمات کا اختتام ان الفاظ پر کیا کہ ہماری جماعت؛ میئر، ریجنل کونسلرز، مقامی کونسلرز کا دِلی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ آپ ہمارے پروگراموں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں، آپ نے برمپٹن میں ایک پارک کانام ’’احمدیہ پارک‘‘ رکھا نیز مسجد مبارک کے سامنے مجوزہ انٹرسیکشن کا نام ’’احمدیہ گیٹ‘‘ رکھا ہے۔
ان تقاریر اور رسمی اعلان کے بعد تمام خواتین و حضرات سٹی ہال کے باہر تشریف لے آئے جہاں چبوترے پر لوائے احمدیت لہرانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ برمپٹن کی تمام اہم سرکاری تقاریب اس خوبصورت پارک کے مہکتے پھولوں اور بہتے پانیوں کے درمیان موجود اس چبوترے پر منعقد ہوتی ہیں۔
اس موقع پر مجلس خدام الاحمدیہ کے چاک و چوبند خدام پُرقار انداز میں چبوترے پر موجود تھے۔ عزت مآب میئر برمپٹن ’’لوائے احمدیت‘‘ لہرانے کے لیے چبوترے پر تشریف لائے تو ان کے ساتھ ریجنل کونسلرز، مقامی کونسلرز، ممبر پارلیمنٹ نیز نائب امیرجماعت کینیڈااورلوکل امراء موجود تھے۔ میئر نے لوائے احمدیت کو لہرانا شروع کیا تو اطفال و ناصرات نے کینیڈا کا قومی ترانہ “O Canada” پڑھنا شروع کیا۔ ترانہ کے اختتام پر تمام پارک نعرہ ہائے تکبیر اللہ اکبر، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ، خلافتِ احمدیہ زندہ باد سے گونج اُٹھا۔ اس موقع پر تمام اکابرینِ شہر احبابِ جماعت کے ساتھ گھل مِل گئے۔ احبابِ جماعت نے لہراتے ہوئے ’’لوائے احمدیت‘‘ کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔
اس پُرشوکت اور ایمان افروز تقریب کے بعد تمام احباب دوبارہ سٹی ہال کے اندر تشریف لے آئے جہاں پُرتکلف ریفریشمنٹ اور مٹھائی کا انتظام کیا گیا تھا جس سے سب لوگ خوب لطف اندوز ہوئے۔ کئی لوگ جو اپنے اپنے کاموں کے لیے سٹی ہال میں موجود تھے وہ بھی اس کھانے میں شامل ہوگئے۔ ایک افغانی مسلم شخص کو جب یہ معلوم ہوا کہ یہ پروگرام احمدیہ مسلم جماعت سے متعلقہ ہے تو اس نے کہا کہ باوجود اس کے کہ اگر میرے آبائی گاؤں کے لوگوں کو پتا چل گیا کہ میں نے احمدیوں کے ساتھ کھانا کھایا ہے تو کوئی بعید نہیں کہ وہ مجھے قتل ہی کردیں لیکن میں ضرور آپ کے ساتھ کھانے میں شامل ہونا پسند کروں گا کہ آپ نے یہاں اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد ﷺ کا نام بلند کیا ہے۔
اس تقریب کے اختتام پر کرسیوں کو اکٹھا کرکے واپس رکھنے اور صفائی وغیرہ کے لیے اگرچہ سٹی ہال کا سٹاف موجود تھا لیکن ممبرانِ جماعت نے حسبِ عادت تمام امور خود ہی سرانجام دے دیے جس پر سٹاف بہت متاثر ہوا اور بہت شکریہ ادا کیا۔
(تصاویر بشکریہ سٹی آف برمپٹن ومکرم خالد اقبال قریشی صاحب )
(رپورٹ: محمد سلطان ظفر نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)