سولہویں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ۲۰۲۳ء کی ٹرافی بھارت کے نام
۱۷؍ستمبر۲۰۲۳ء کو پریما داساسٹیڈیم کولمبو میں سولہویں ایشیاکپ کا فائنل مقابلہ دفاعی چیمپین سری لنکا اور بھارت کے مابین کھیلا گیا جس میں بھارت نے انتہائی یک طرفہ مقابلے میں ۱۰ وکٹوں سے فتح حاصل کرکے آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ سری لنکا کے کپتان داسُن شانکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بارش کے باعث میچ کا آغاز کچھ تاخیر کا شکار ہوا۔مگر بھارت نےشاندارباؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن اننگزکاصرف ۱۵.۲اوورز میں محض ۵۰ رنزپرخاتمہ کردیا۔ بھارت کی طرف سے فاسٹ باؤلر محمد سراج نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ۷اوورز میں ۲۱ رنز کے عوض ۶ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارت نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر۶.۱اوورز میں ہدف کو عبورکیا اور یوں ایک ریکارڈ سازفتح اپنے نام کی۔سری لنکا کی طرف سے بنایا گیا ۵۰ کا مجموعی سکورون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سب سے کم سکور ہے۔بھارت کے محمد سراج کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ کلدیپ یادیو کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔اس ایشیا کپ میں ۳۰۲؍ رنزکے ساتھ بھارت کے اوپنر بلے باز شبھمن گِل اورسری لنکا کے تیز گیندباز ماتھیشا پاتھیرانا ۱۱ وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سولہواں ایڈیشن ۳۰؍ اگست سے ۱۷؍ ستمبر۲۰۲۳ء تک پاکستان اورسری لنکا میں منعقد ہوا۔پاکستان میں کھیلے گئے چارمیچز میں سے افتتا حی میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور نیپال کے مابین کھیلا گیا جبکہ بقیہ تین میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے۔اس سال ایشیا کپ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل تھیں۔گروپ میچزکےبعدبہترین چارٹیموں (پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش) کےمابین سپرفورمرحلےکےمیچز ہوئے۔اس مرحلہ کا پہلا میچ لاہور جبکہ فائنل سمیت بقیہ چھ میچز کولمبوکے پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے۔بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں نے تین میں سے دو،دو میچز میں فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔ اس وقت ون ڈے کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں نمبرون پاکستانی ٹیم بھارت اورسری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔
اس سال ہونے والا ایشیا کپ مختلف تنازعات کا بھی شکار رہا جس کی بڑی وجہ میزبان ملک پاکستان کی بجائے زیادہ ترمیچز سری لنکا میں کرواناتھی۔اسی طرح ٹورنامنٹ کے آفیشل لوگو میں پاکستان کا نام نہ لکھا جانا بھی موضوعِ بحث بنا رہا ۔ سری لنکا میں ہونے والی شدید بارشوں نے بھی ٹورنامنٹ کے میچز کو متاثر کیا۔
(رپورٹ : ن۔م۔طاہر)