لجنہ اماء اللہ کینیا کی سالانہ تربیتی کلاس اور نیشنل اجتماع کا انعقاد
سالانہ تربیتی کلاس
محض اللہ کے فضل سے لجنہ اما ءاللہ کینیا کو ۱۴ تا ۱۸؍ اگست ۲۰۲۳ء نیشنل ہیڈ کوارٹرز نیروبی میں پانچ روزہ تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں تمام ریجنز سے ۱۸۵؍ ممبرات نے شمولیت کی۔ کلاس کا افتتاح مکرمہ صدر لجنہ اماءاللہ کینیا نے کیا۔روزانہ کلاس کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا رہا جس کے بعد نماز فجر اور درس قرآن کریم دیا جاتا۔ تیاری اور ناشتہ کے بعد ۹؍ بجے سے لے کر نماز ظہر تک ایک مختصر وقفے کے ساتھ کلاس کا تدریسی پروگرام جاری رہتا جس میں ممبرات لجنہ اماء اللہ اور ناصرات کو ان کی علمی استطاعت کے مطابق مختلف گروپس میں تقسیم کر کے مختلف اساتذہ انہیں قاعدہ یسرناالقرآن،قرآن کریم ناظرہ،نماز سادہ،نماز باترجمہ اور دیگر بنیادی امور کی تعلیم دیتے۔اس کے علاوہ مشترکہ کلاس میں مختصر احادیث نبویہ ﷺ،ادعیة القرآن و ادعیة الرسولﷺ اورفقہی مسائل بھی پڑھائے جاتے۔نماز ظہر اور دوپہر کے کھانے کے بعد جماعتی عقائد،اختلافی مسائل، صنعت و حرفت اورصحت سے متعلق بنیادی امور پڑھائے جاتے۔نماز عصر کے بعد مختلف تربیتی و تعلیمی مسائل پر لیکچرز ہوتے۔ نماز مغرب و عشا کے درمیانی وقت میں مربیان سلسلہ سیرت آنحضورﷺ، خلافت راشدہ اور حضرت بانی جماعت احمدیہ و خلافت احمدیہ سے متعلق لیکچر دیتے جس کے بعد ان موضوعات سے متعلق سوالات کے جواب دیے جاتے۔ نماز عشا اور کھانے کے بعد یومیہ پروگرام ختم ہوتا۔ تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شرکاء کلاس کی دلچسپی کے لیے کھیلوں کا پروگرام بھی مرتب کیا گیا۔ ۱۸؍ اگست کو تمام شرکاء کلاس نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ایم ٹی اے پر لائیو دیکھا اور اسی دن ان کا امتحان لیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات کو سالانہ اجتماع کے اختتامی اجلاس میں انعامات دیے گئے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ کلاس ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔الحمد للہ علی ذلک
نیشنل اجتماع لجنہ اماء اللہ کینیا ۲۰۲۳ء
مورخہ ۱۹ اور ۲۰؍ اگست بروز ہفتہ و اتوار لجنہ اماء اللہ کینیا کا نیشنل اجتماع نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں بفضل خدا ۲۳۶؍ ممبرات لجنہ اماء اللہ اور ناصرات شریک ہوئیں۔ کورونا کی عالمگیر وبا کے بعد یہ لجنہ کا پہلا مرکزی اجتماع تھا۔ اجتماع کا پہلا اجلاس ۱۹؍ اگست بروز ہفتہ صبح نو بجے منعقد ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم،عہد اور نظم کے بعد صدر اجلاس نے افتتاحی تقریر کی جس میں اجتماع کی تنظیمی تعلیمی اور تربیتی اہمیت بیان کرتے ہوئے تمام شرکاء اجتماع کو بھرپور طریقے سے سارے پروگراموں میں شامل ہو کر اجتماع کو کامیاب بنانے کی تلقین کی۔بعدہ جنرل سیکرٹری صاحبہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور اجلاس ختم ہوا۔پھر علمی و ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے۔ اجتماع کے دونوں دن لجنہ اور ناصرات کے مختلف معیاروں کے مابین یہ مقابلہ جات ہوتے رہے اس کے علاوہ تعلیمی، تربیتی اور طبی موضوعات پر مختصر تقاریر بھی ہوئیں۔ اس موقع پر لجنہ اور ناصرات کی مصنوعات کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں ناصرات کا مارچ پاسٹ ہوا اور جماعتی ترانے بھی پیش کیے گئے۔ علاوہ ازیں لجنہ کی شوریٰ کا اہم اجلاس بھی ہوا جس میں مجالس کی نمائندہ ممبرات نے حصہ لیا۔اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیا کی زیر صدارت ۲۰؍ اگست بروز اتوار ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد کلاس اور اجتماع میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو انعامات دیے گئے نیز دوران سال بہترین کارکردگی کی حامل مجالس کو بھی انعامات دیے گئے۔ اس کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ نے مختصر تقریر کے بعد اختتامی دعا کرائی۔نماز ظہرکے بعد کھانا پیش کیا گیا اور مہمانوں کو الوداع کیا گیا۔اجتماع کے دونوں روز پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا رہا۔الحمد للہ علیٰ ذلک
(رپورٹ: صدر لجنہ اماءاللہ کینیا۔ مرسلہ: محمد افضل ظفر نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)