سپورٹس بلیٹن
انیسویں ایشیائی کھیلیں
انیسویں ایشیائی کھیلوں (Asian Games) کا باقاعدہ افتتاح ۲۳؍ستمبر۲۰۲۳ء کو چین کے صدر شی جن پنگ (Xi Jinping) نے کیا۔یہ کھیلیں چین کے صوبہ ژجیانگ کے شہر ہانگژو میں منعقد ہورہی ہیں۔ ۴۵؍ممالک کے بارہ ہزار کے قریب کھلاڑی چالیس کھیلوں کے ۵۶؍مختلف ایونٹس میں حصہ لے رہے ہیں۔کھلاڑیوں کے مابین مجموعی طور پر ۴۸۱؍گولڈ میڈلز کا مقابلہ ہوگا۔ان کھیلوں کا نعرہ “Heart to Heart, @Future” یعنی ’دل سے دل، مستقبل کی جانب‘ رکھا گیا ہے تاکہ ایشیائی ممالک اور یہاں کے بسنے والے لوگوں کو اس ایونٹ کے ذریعہ آپس میں جوڑا اور متحد کیا جا سکے۔اسی طرح ان کھیلوں کو Green & Smart بھی کہا گیا ہے جس کا مقصد ماحولیات کو ہر طرح کے بداثرات سے بچانے کا پیغام دینا ہے۔
ان گیمز کا انعقاد ۱۰تا۲۵؍ستمبر۲۰۲۲ء ہونا تھا لیکن کورونا کی وبا کے باعث انہیں ۲۰۲۳ء تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ہانگژو ایشین گیمز کی میزبانی کرنے والا تیسرا چینی شہر ہے۔قبل ازیں ۱۹۹۰ء میں بیجنگ اور۲۰۱۰ء میں گوانگژو میں یہ گیمز منعقد ہوچکی ہیں۔
رگبی ورلڈ کپ
فرانس میں جاری دسویں رگبی ورلڈ کپ کے ایک اہم گروپ میچ میں آئرلینڈ نے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کی ٹیم کوآٹھ کے مقابلہ میں تیرہ پوائنٹس سے شکست جان ڈال دی۔ موجودہ عالمی نمبرایک آئرلینڈ کی یہ سولہویں مسلسل کامیابی ہے۔دیگر میچز میں فرانس نے نمیبیا کو ۹۶۔صفر، اٹلی نے یوروگوائے کو ۳۸۔۱۷، ارجنٹینا نے ساموآ کو ۱۹۔۱۰،انگلینڈ نے چلی کو۷۱۔صفر، سکاٹ لینڈ نے ٹونگا کو ۴۵۔۱۷سے شکست سے دوچارکیا۔جبکہ پرتگال اور جارجیا کا مقابلہ ۱۸۔۱۸ پوائنٹ سے برابررہا۔۲۴؍ستمبرکو گروپ سی کے ایک اہم میچ میں ویلز نے آسٹریلیا کے خلاف ۴۰۔۶ سے تاریخی فتح حاصل کی۔یوں آسٹریلیا کی مسلسل دوسری ناکامی کے بعد رگبی ورلڈ کپ میں پہلی بار پہلے راؤنڈ میں ہی سفر اختتام کے قریب ہے۔
فارمولا ون کا ریسنگ
Japanese Grand prix
۲۴؍ستمبرکو ۲۰۲۳ء سیزن کی ۱۶ویں Grand Prix جاپان کے شہر سوزوکا میں ہوئی جس میں Red Bull گاڑی چلانے والے نیدرلینڈز کے Max Verstappen نے فتح حاصل کی جبکہ برطانیہ کے Lando Norris دوسری اور آسٹریلیا کے Oscar Piastri تیسری پوزیشن پر رہے۔ رواں سیزن میں ۶۲۳ پوائنٹس کے ساتھ Red Bull ٹیم ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔اور ڈرائیورز کے لحاظ سے Max Verstappen ۴۰۰ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ یاد رہے کہ فارمولا ون کار ریسنگ میں ۱۰ٹیموں کے کل ۲۰ ڈرائیور حصہ لیتے ہیں۔سیزن کی ۲۳ویں اور آخری ریس ۲۴تا۲۶؍ نومبر۲۰۲۳ءکو ابوظبی میں ہوگی۔
کرکٹ
ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء چنددنوں کے بعد بھارت میں شروع ہوگا۔اس میں شامل دس ٹیمیں اس وقت اپنے سکواڈکو حتمی شکل دے رہی ہیں اور کھلاڑیوں کی تیاریاں عروج پر ہیں۔بعض ٹیمیں اپنے اہم کھلاڑیوں کی انجری کے باعث پریشان بھی ہیں۔پاکستان کے بہترین فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے عالمی ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں ان کی جگہ تجربہ کار حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔اسی طرح جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز Anrich Nortje اور Sisanda Magala بھی انجریز کے باعث ورلڈ کپ میں دستیاب نہ ہوں گے۔
ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اس وقت بھارت آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی میزبانی کر رہا ہےجس کے پہلے دو میچز میں بھارت نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کے باوجود آسٹریلیا کو بآسانی شکست سے دوچار کرتے ہوئے ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کی رینکنگ میں پاکستان کی جگہ پہلی پوزیشن پرقبضہ جما لیا۔اس طرح تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ایک ہی ٹیم ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پربراجمان ہو۔ دوسری طرف بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے مابین ڈھاکہ میں جاری تین ایک روزہ میچز کا پہلا مقابلہ بارش کی نظرہوا جبکہ دوسرا میچ نیوزی لینڈ نے لیگ اسپنر Ish Sodhi کی چھ وکٹوں کی بدولت ۸۶رنز سے جیت لیا۔
ویسٹ انڈیز میں جاری کریبئن پریمیئرلیگCPL T20 سیزن ۱۱ کے فائنل میں Guyana Amazon Warriors نے Trinibago Knight Riders کو شکست دے کے پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فاتح ٹیم کی قیادت جنوبی افریقہ کے ۴۴ سالہ لیگ اسپنر عمران طاہر کررہے تھے۔ گیانا کی ٹیم CPL T20 میں چھٹی بارفائنل میں پہنچی تھی۔ آخری معرکہ مکمل طور پر یک طرف ثابت ہوا جس میں گیانا نے ۹۵رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میچ کے بہترین کھلاڑی ۲۶ رنز کے عوض ۴ کھلاڑی آؤٹ کرنے والے Dwaine Pretorius اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی سب سے زیادہ ۴۸۱ رنز بنانے والے Shai Hope قرار پائے۔
(رپورٹ: ن۔م۔طاہر)