خدام الاحمدیہ کینیا کے زیر اہتمام عہدیداران کا ریفریشر کورس اور نیشنل سالانہ ا جتماع ۲۰۲۳ء
ریفریشر کورس
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کو ۲۱تا ۲۴؍ اگست ۲۰۲۳ء قائدین مجالس اور دیگر عہدیداران کا چار روزہ ریفریشر کورس نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ علیٰ ذلک۔ریفریشر کورس کا افتتاح شبیر ابانگو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا نے ۲۱؍ اگست بروز سومواربعد نماز ظہر کیا۔تلاوت قرآن کریم،عہد اور نظم کے بعد آپ نے اس ریفریشر کورس کے اغراض و مقاصد بیان کرنے کے بعد شاملین کو جملہ پروگراموں میں حاضر رہنے اور ان سے استفادہ کرنے کی تلقین کی اور دعا کروائی۔
اس ریفریشر کورس کا مقصد مقامی قائدین اور دیگر عہدیداران کو مجلس کے کاموں کو بہتر رنگ میں سر انجام دینے کے لیے علمی راہنمائی اور عملی ٹریننگ دینا تھا۔چنانچہ مرکزی مہتممین نے حاضرین کو اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ شعبہ مال اور شعبہ اعتماد کے مہتممین نے تقاریر کے علاوہ عملی طور پر اپنے اپنے شعبہ کی ڈیمنسٹریشن بھی کی۔علاوہ ازیں کورس کے تمام شرکاء کو مجلس خدام الاحمدیہ کی تنظیم اور شعبہ جات سے متعلق معلومات پر مشتمل ایک کتابچہ بھی دیا گیا۔نیز سوال و جواب کے ذریعہ بھی مجلس خدام الاحمدیہ سے متعلق امور کی وضاحت کی گئی۔الغرض ان چار دنوں میں ریفریشر کورس ہذا کے جملہ مقاصد حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی اور کورس کو شرکاء کے لیے علمی و عملی ہر لحاظ سے مفید تر بنایا گیا۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔آخری دن تمام شرکاء کا امتحان لیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے خدام کو امتیازی سرٹیفکیٹس، جبکہ کورس میں شامل ہونے والے جملہ خدام کو شمولیت کے سرٹیفکیٹ دیے گئے۔
نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ کینیا ۲۰۲۳ء
مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کو اپنا سالانہ تین روزہ اجتماع ۲۵تا ۲۷؍ اگست ۲۰۲۳ء بروز جمعہ تا اتوار نیشنل ہیڈ کوارٹرز نیروبی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کا ۳۹واں اور اطفال الاحمدیہ کینیا کا ۹واں مرکزی اجتماع تھا۔ ۲۷؍اگست بروز جمعہ نماز جمعہ کی ادائیگی،رجسٹریشن اور دوپہر کے کھانے کے بعدایم ٹی اے پر حضور انور کا خطبہ جمعہ سننے کے بعد مشن ہاؤس کے احاطہ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں مکرم طارق محمود ظفر صاحب امیرو مشنری انچارج نے کینیا کا جھنڈا اور شبیر انانگو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام الاحمدیہ کا جھنڈا لہرایا اور مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔بعدہ تمام خدام اور اطفال احمدیہ ہال میں جمع ہوئے جہاں صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت اجتماع کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی عمل میں آئی۔ اس کے بعد خدام اور اطفال کے علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے نیز خدمت خلق اور دیگر تربیتی موضوعات پر تقاریر بھی ہوئیں۔اس دن مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے عطیہ خون کا پروگرام بھی رکھا گیا جس میں خدام کی اکثریت نے حصہ لیا۔نماز مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔
اگلے دن نماز تہجد،فجر اور درس قرآن کریم کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا جس کے بعد تمام اطفال اور خدام کھیلوں کے مقابلہ جات کے لیے کھیل کے میدان میں چلے گئے۔اس دن نماز وں اور کھانے کے وقفہ کے علاوہ سارا دن والی بال، فٹبال، رسہ کشی،روک دوڑ، میوزیکل چیئرز، دوڑ،پیدل چلنے، لانگ جمپ اور ہائی جمپ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوتے رہے جن میں تمام ریجنز کے اطفال اور خدام نے اپنے اپنے ریجن کی نمائندگی میں بہترین کھیل اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد سوال وجواب کی ایک مجلس منعقد ہوئی جس میں مبلغین سلسلہ نے خدام اور اطفال کے سوالوں کے جواب دیے۔شام کے کھانے کے ساتھ اجتماع کے دوسرے دن کا اختتام ہوا۔
اجتماع کے تیسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد، فجر اور درس قرآن سے ہوا۔ ناشتہ کے بعد خدام اور اطفال کے علمی مقابلہ جات ہوئےجن میں تلاوت قرآن کریم،حفظ قرآن، حفظ حدیث، حفظ ادعیہ،نظم،تقاریر،پیغام رسانی اور کوئز شامل تھے۔ مختصر سے وقفہ کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس زیر صدارت مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب کینیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن پاک عہد اور نظم سے شروع ہوا۔ مبلغین سلسلہ نے مختلف تربیتی موضوعات پر تقاریر کیں اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے ریفریشر کورس اور اجتماع میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خدام اور اطفال نیز مجالس میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور مختصر تقریر کی جس میں آپ نے خدام اور اطفال کو تعلق باللہ،پیروی سنت رسولؐ اور اطاعت خلافت کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔
اس اجتماع میں ملک بھر کے بارہ ریجنز سے ۱۷۵؍ خدام اور ۴۹؍ اطفال شریک ہوئے۔نماز ظہر اور طعام کے بعد اطفال اور خدام اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔الحمدللہ تمام پروگرام بخیروخوبی مختتم ہوا۔
(رپورٹ: طاہر مجنگو صاحب۔ معتمد مجلس خدام الاحمدیہ کینیا، مرسلہ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)