ہیومینٹی فرسٹ کینیا کا ایک یتیم خانہ کا دورہ اور مستقل باہمی تعاون پر تبادلہ خیال
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۸؍ستمبر ۲۰۲۳ء بروز جمعہ ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو ایسٹرن ریجن کینیا کی کٹوئی کاؤنٹی کے Mtuuنامی قصبے میں واقع، Mully children‘s Family میں اپنے ’’نالج فار لائف‘‘ اور ’’آرفنز کیئر‘‘ پروگرام کے تحت خدمت کا موقع ملا۔ ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی ٹیم اپنے چیئرمین مکرم فاروق زید صاحب کی قیادت میں وہاں گئی اور اس ادارے کے بانی اور سی ای او ڈاکٹر چارلس ملی صاحب (پی ایچ ڈی ) اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی اور ادارے میں مقیم بچوں کی خدمت کے لیے مل کر کام کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس جگہ ۹۸۶؍بچے قیام پذیر ہیں جن کی رہائش، خوراک اور تعلیم کا انتظام ادارہ ہٰذا کی ذمہ داری ہے۔ باہمی مشاورت سے طے پایا کہ ہیومینٹی فرسٹ کینیا اپنے پروگرام نالج فار لائف، گلوبل ہیلتھ، گفٹ آف سائیٹ، فوڈ سیکیورٹی اور آرفن کیئر کے تحت ادارہ ہٰذا میں قیام پذیر بچوں اور آس پاس کی آبادی کی خدمت کے لیے ادارہ ہٰذا سے تعاون کرے گی۔ اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے یہاں مقیم بچوں کو نصابی کتب، سٹیشنری اور ریفریشمنٹ کے علاوہ کھیل کے لیے والی بال اور فٹ بال بھی دیے گئے۔ آرفنیج ہاؤس کی انتظامیہ نے ہیومینٹی فرسٹ کے ان تحائف کو شکریہ کے ساتھ قبول کیا اور مستقبل میں ادارے کی بہتری کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ کینیا اور خدمت خلق کے دیگراداروں کو انسانیت کی زیادہ سے زیادہ مقبول خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)