خلافت خامسہ کے امن پیغام کو پھیلانے کے لیے کار پر دنیا کا سفر (قسط چہارم)
٭…سویڈن،فن لینڈ ، اسٹونیا، لٹویا اور لتھوینیامیں پیغام امن کا پرچار
مبارک احمد صاحب اپنے ’’امن سفر‘‘ کےاس حصہ میں سویڈن ، فن لینڈ، اسٹونیا، لٹویا اور لتھوینیا میں جماعت احمدیہ کا انسانیت سے محبت اور حضور انور کا دنیا میں امن کا پیغام پہنچاچکے ہیں۔دوران سفر فن لینڈ کی مقامی پولیس نے اُن کی گاڑی پر لگے بِل بورڈز پر اعتراض کیا لیکن تفاصیل سے آگاہ ہونے کے بعدمحض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سےوہ مطمئن ہوگئے اور بِل بورڈز سمیت سفر جاری رکھنے کی اجازت بھی دی۔ مبارک صاحب کے ان ممالک کے سفر کی تفصیل درج ذیل ہے۔
مورخہ ۹؍اکتوبر کو سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں کاشف ورک صاحب مربی سلسلہ اور ایک مقامی ناصر، محمود مجید صاحب کے ساتھ سارا دن شہر کی مختلف جگہوں پر گاڑی پر لگے پیغام امن کے ساتھ موجود رہے۔ شام کو فن لینڈ کی جانب بذریعہ فیری چودہ گھنٹے کا سفر شروع کیا۔
۱۰؍اکتوبر کو صبح فن لینڈ میں تُرکو (Turku) پورٹ پر فیری سے اُتر کر فن لینڈ کے شہر ہیلسنکی (Helsinki) گئے۔ یہاں صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کے ساتھ سٹی سینٹر میں گاڑی پر لگے پیغام کے ساتھ وقت گزارا۔ ایک مقامی یونیورسٹی کا طالب علم جومذہب کے موضوع پر ایک مقالہ لکھ رہا ہے کوتفصیل سے جماعت احمدیہ کے عقائد، آمد حضرت مسیح موعودؑاور خلافت احمدیہ کے بارے میں بتانے کا موقع ملا۔
مورخہ۱۱؍اکتوبر کو فن لینڈ سے بذریعہ فیری اسٹونیا (Estonia) کے دار الحکومت تالِین (Tallinn) پہنچے جہاں شام تک شہر کی مختلف جگہوں پر امن کا پیغام پہنچایا۔ پھر ۳۱۰؍کلو میٹر دُور لٹویا (Latvia) کے شہر رِگا (Riga) کی جانب سفر اختیار کیا۔
۱۲؍اکتوبر کو صبح نو بجے بشارت احمد صاحب مربی سلسلہ اور مقامی صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ رِگا شہر کے سٹی سینٹر میں مختلف لوگوں سے تبلیغی گفتگو ہوئی اور سینکڑوں کی تعداد میں لیف لیٹس بھی تقسیم کیے۔
اس اثنا میں مقامی ممبر جماعت فضل عمر صاحب کو پولیس کی جانب سے فون آیا کہ آپ کی کمیونٹی کا ایک شخص اپنی گاڑی پر بِل بورڈز لگائے شہر میں گھوم رہا ہے۔ اُسے یہ بِل بورڈز فوری اُتارنے کا کہیں اور اُس کا رابطہ نمبر بھی ہمیں دیں۔ فضل عمر صاحب نے پولیس کو ہماری گاڑی اور اُس پر لگے بِل بورڈز کی تصاویر بھجوائیں اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کے بعد حضور انور کے پیغام امن کی بابت تفصیل سے بتایا تو وہ مطمئن ہوگئے اور پھر کوئی اعتراض نہ کیا۔
مورخہ۱۳؍اکتوبر کو لٹویا سے ۳۰۱؍کلومیٹر کے فاصلے پر لتھوینیا (Lithuania) کی جانب سفر کیا جہاں لتھوینیا کے پہلے جلسہ سالانہ میں شمولیت کا موقع ملا۔
۱۵؍اکتوبر کو چند مقامی احباب جماعت کے ساتھ تین گاڑیوں کے قافلے میں شہر تراکائے (Trakai) میں تبلیغ کی۔ بعد ازاں پانچ سو کلومیٹر کا سفر طے کرکے پولینڈ (Poland) کے شہر وارسا (Warsaw) پہنچ گئے۔ الحمد للہ
(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)