مجلس انصاراللہ فِن لینڈ کا آٹھواں سالانہ نیشنل اجتماع
٭…علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد
٭…پچاس احباب جماعت کی شمولیت
الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار الله فِن لینڈ کو اپنا آٹھواں سالانہ اجتماع ۷ و ۸؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کو دارالحکومت ہیلسنکی شہر میں جماعت کے نماز سنٹر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
اجتماع میں شرکت کی غرض سے بعض انصار دور دراز علاقوں سے بھی شامل ہوئے، ایک ناصر تقریباً ۹۰۰؍کلومیٹر جبکہ ایک تقریباً ۶۰۰؍کلومیٹر کا سفرطے کر کے پہنچے۔
وقارِ عمل و سٹیج کی تیاری: جمعہ ۶؍اکتوبر کو نمازِ جمعہ کی ادائیگی اور حضور انور کے خطبہ جمعہ کی سماعت کے بعد نماز سینٹر میں وقار عمل کیا گیا اور سٹیج کی تیاری کی گئی، نیز دوسرے شہروں سے آنے والے مہمانوں کی رہائش اور کھانے کا بندوبست کیا گیا۔
اجتماع کا پہلا دن
مورخہ ۷؍اکتوبر بروز ہفتہ اجتماع کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جس میں کافی تعداد میں انصار نے شرکت کی، نماز فجر اور ناشتہ کے بعد صبح دس بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم فرخ اسلام صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے انصار اللہ کا جھنڈا جبکہ مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت فِن لینڈ نے فن لینڈ کا قومی پرچم بلند کیا۔ اس کے بعد صدر صاحب مجلس انصار اللہ فِن لینڈ کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور انصار الله کا عہد دہرانے کے بعد نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد صدرصاحب نے حضور انور ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کی روشنی میں اجتماع کے مقاصد اور انصار اللہ کی ذمہ داریوں کے عنوان پر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم مصور احمد شاہکار صاحب مبلغ انچارج صاحب حاضرین مجلس سے مخاطب ہوئے انہیں انصاراللہ کا مطلب اور ’’اللہ کا مددگار‘‘ بننے کے لیے ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد نیشنل صدر صاحب جماعت فِن لینڈ نے دعا کروائی۔
افتتاحی تقریب کے فوراً بعد نماز سینٹر میں ہی علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں مقابلہ تلاوت، اذان، نظم، اُردو تقریر و تقریر فی البدیہ شامل ہیں۔ اس دوران کچھ وقت صدر مجلس انصار اللہ و نائب صدر صفِ دوم کے انتخابات کے لیے مخصوص تھا۔
نمازِ ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی اور کھانے کے بعد کسوٹی، مشاہدہ معا ئنہ و تقلید جیسے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ ان کے علاوہ ورزشی مقابلہ جات نشانہ بازی اور ’’ایک منٹ چیلنج‘‘ جس میں ٹیبل ٹینس بال کو گلاس میں ڈالنا ہوتا ہے بھی کرائے گئے، تمام انصار نے ان مقابلوں میں نہایت دلچسپی سے شرکت کی اور باقی حاضرین خدام و اطفال نے بھی ان مقابلوں کو بہت سراہا۔ ایک بھرپور دن کا اختتام رات کے کھانے اور نمازِ مغرب و عشاء کے ساتھ ہوا۔
اجتماع کا دوسرا دن
۸؍اکتوبر بروز اتوار اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ صبح نو بجے ورزشی مقابلہ جات سپورٹس ہال میں شروع ہوئے جو کہ نماز سینٹر سے دس منٹ کی ڈرائیو پر کرائے پر حاصل کیا گیا تھا، گھروں سے آنے والے انصار سپورٹس ہال تشریف لے آئے جبکہ نماز سینٹر میں موجود احباب کی ٹرانسپورٹیشن کا انتظام کیا گیا تھا۔
سپورٹس ہال میں بیڈ منٹن ڈبلز، والی بال اور باسکٹ بال شاٹس کے مقابلے ہوئے۔ بعد ازاں آؤٹ ڈور گراؤنڈ میں رسہ کشی اور گولہ پھینکنے کا مقابلہ ہوا۔
مقابلوں کے بعد تمام انصار نماز سینٹر آگئے جہاں باجماعت نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد نماز سینٹر میں ہی کلائی پکڑنا اور پنجہ آزمائی کے مقابلے ہوئے۔
اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز ساڑھے چار بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد انصار الله اور نظم کے بعد صدر صاحب مجلس انصار الله نے امسال منعقد ہو نے والے پروگراموں کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی نیز اجتماع کمیٹی اور ان کے کاموں کا مختصر تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں اعلیٰ کارکردگی دکھا نے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں نیشنل صدر جماعت احمدیہ فِن لینڈ نے دعا کروائی اور یوں آٹھواں سالانہ اجتماع مجلس انصار الله فِن لینڈ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد لله
الله تعالیٰ کے فضل سےبشمول ۲۴؍انصار اس اجتماع کی کل حاضری ۵۰؍رہی۔ الحمد للہ
(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)