صحت

ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل (معدہ کے متعلق نمبر۱) (قسط ۴۴)

(ڈاکٹرحافظ کرامت اللہ ظفر)

(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل‘‘ کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات، تیار کردہ THHRI)

ابراٹینم

Abrotanum

٭…بعض اوقات اسہال کے دب جانے کے نتیجہ میں اچانک جوڑوں کے درد شروع ہوجاتے ہیں اور کبھی دل پر شدید حملہ ہوجاتا ہے۔ (صفحہ۱)

٭…ابراٹینم کے بنیادی مزاج میں یہ بات داخل ہے کہ اس کا مریض اسہال کے دوران آرام پاتا ہےکیونکہ وہ فاسد مادے جو جوڑوں کی تکلیف پیدا کرتے ہیں اسہال کے ذریعہ خارج ہوتے رہتے ہیں۔پس ایسے مریضوں کے اسہال کا اگر ابراٹینم کے ذریعہ ہی علاج کیا جائے تو رفتہ رفتہ اسہال بھی دور ہوجائیں گے اور جوڑوں میں درد کی شکایت بھی ختم ہوجائے گی۔(صفحہ۲)

٭…اسہال اچانک بند ہونے کے نتیجہ میں بعض اوقات جوڑوں کے دردوں کے علاوہ خونی بواسیر کی شکایت بھی ہوجاتی ہے۔ اس کا بھی ابراٹینم سے ہی علاج کیا جائے۔(صفحہ۳)

ابسنتھیم

Absinthium

(Common Worm Wood)

٭… مرگی کے حملہ سے قبل مریض اعصابی بے چینی محسوس کرتا ہے، اچانک متلی ہوتی ہے۔ (صفحہ۵)

٭…ابسنتھیم میں معدے کی علامتیں بھی نمایاں ہیں۔ بھوک نہیں لگتی اور غذا ہضم نہیں ہوتی۔ڈکار، متلی، قے، معدے میں ہوا کا سخت زور، ایسے مریض کو عموماً قبض رہتی ہے، پیشاب بہت آتا ہے جس کا رنگ گہرا اور بو سخت ہوتی ہے۔(صفحہ۶)

ایسیٹک ایسڈ

Acetic acidum

(سرکہ۔ ایک تیزابی محلول)

٭…ایسیٹک ایسڈ معدے کے کینسر میں مفید دوا سمجھی جاتی ہے پیٹ میں شدید کاٹنے والا درد ہوتا ہے۔شدید پیاس،قے کا رجحان اور جلن پائی جاتی ہے۔(صفحہ۷)

٭…کہا جاتا ہے کہ کپڑے کو ایسیٹک ایسڈ ۱xمیں بھگو کر معدے کے مقام پر رکھنے سے معدے کے کینسر کی گلٹی گھلنے لگتی ہے کیونکہ ۱xمیں گلٹی کو گھولنے اور اس میں پیپ پیدا کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔(صفحہ۷)

٭…معدے اور سینے میں شدید جلن اور تکلیف دہ جلن جس کے بعد جلد ٹھنڈی اور ماتھے پر ٹھنڈا پسینہ آئے،یہ اس کی نمایاں علامت ہے۔ (صفحہ۷)

٭…ایسٹیک ایسڈ میں اسہال آتے ہیں جو کمزور کردیتے ہیں۔(صفحہ۷)

ایکونائٹ نیپیلس

Aconitum napellus

(Monks Hood)

٭…اگراچانک پیچش کے ساتھ خوف کا عنصر نمایاں ہوتو ایکونائٹ اس پیچش میں بھی فوری فائدہ دیتی ہے۔خشک گرمی کی پیچش میں تو یہ لاجواب ہے۔(صفحہ۱۱)

٭…روز مرہ کی زندگی میں ایسی بیماری جو جراثیم کے حملہ کی وجہ سے ہو مثلاً باسی غذا کھا لی جائے جس میں تعفن پیدا ہوچکا ہو اور اس سے اسہال شروع ہوجائیں یا اچانک پیچش لگ جائے، اسی طرح برسات کے موسم میں خونی پیچش جس سے مریض ڈر جائیں۔ان سب بیماریوں میں ایکونائٹ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔(صفحہ۱۲)

ایکٹیا ریسی موسا

Actaea racemosa

(Black Snake-Root)

٭…ایکٹیاریسی موسا میں ابراٹینم کی طرح قبض اور اسہال آپس میں ادلتے بدلتے رہتے ہیں، معدہ میں شدید درد ہوتا ہے جس میں آگے کی طرف جھکنے سے آرام آتا ہے۔ریڑھ کی ہڈی اور اعضائے تناسل پر بوجھ کی وجہ سے متلی اور قے کا رجحان۔نوجوان بچیوں کو پہلے حمل میں شدید متلی ہوتی ہےاور کسی دوائی سے بھی آرام نہیں آتا۔ اس تکلیف میں گہرے غورو فکر، مزاج شناسی اور علامات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر دوا تجویز کرنی چاہیے۔(صفحہ۱۶)

ایڈرینالین

Adrenalin

(Epinephrin)

٭…انتڑیوں کے فعل کی رفتار سست ہوجاتی ہے، منہ خشک رہتا ہے۔(صفحہ۱۹)

٭…ہر قسم کے سیلان خون کو روکنے میں مدد دیتی ہے۔ پھیپھڑوں، ناک، انتڑیوں،رحم یا کہیں اور سے خون جاری ہوجائے اور اسے روکنے کے لیے کسی دوا کی واضح علامتیں نہ ہوتو ایڈرینالین کو بھی فوری ضرورت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ (صفحہ۱۹)

ایسکولس ہیپوکاسٹینم

Aesculus hippocastanum

(Horse chestnut)

٭…مقعد میں جلن، خشکی اور یہ احساس جیسے چھوٹی چھوٹی کرچیاں بھری ہوئی ہیں،اجابت سخت، خشک مشکل سے ہوتی ہے۔اور اجابت کے بعد سخت درد ہوتا ہے۔(صفحہ۲۲)

٭…ایسکولس میں کھانا کھانے کے بعد مسلسل بے چینی، جلن اور ایسا احساس رہتا ہے جیسے ابھی قے آنے والی ہو۔نظام ہضم میں کمزوری واقع ہوجاتی ہے۔معدے میں پتھرکا سا بوجھ، کھانا کھٹاس میں تبدیل ہوجاتا ہے اور کھٹی ڈکاریں آنے لگتی ہیں۔(صفحہ۲۳)

ایتھوزاسائی نپیم

Aethusa cynapium

(Fools parsley)

٭…ایسے بچے دودھ بالکل ہضم نہیں کرسکتے۔دودھ پیتے ہی قے کردیتے ہیں۔قے کے بعد کمزوری کا غلبہ ہوتا ہے۔ فوراً بھوک لگ جاتی ہے لیکن دوبارہ دودھ پلانے پرحالت پھر وہی ہوجاتی ہے۔ عموماً شدید قبض ہوتی ہے۔اگر اسہال شروع ہوجائیں تو وہ بہت معمولی مقدار میں آتے ہیں۔پہلے زردی مائل پھر سبز رنگ کے صفراوی مادے کا اخراج ہوتا ہے۔ پیٹ میں شدید مروڑ اٹھتے ہیں، اسہال کے علاوہ بار بار پھٹے ہوئے دودھ کی قے کا رجحان ملتا ہے۔مگر اس میں اسہال شاذ کے طور پر پائے جاتے ہیں۔بچوں کی بھاری اکثریت شدید قبض کا شکار ہوتی ہے۔ (صفحہ۲۵)

٭…ایسا بچہ جس کے دماغ میں کچھ خلل ہو اور گرم موسم میں دودھ پیتے ہی قے کردینے کی علامات نمایاں ہو۔اس کی دوا ایتھوزا ہی ہے۔(صفحہ۲۶)

٭…ایسی عورتیں جن میں ایتھوزا کی کچھ علامات پائی جائیں، رحم کی تکلیفیں اور انتڑیوں کی طبعی حرکت میں کمزوری ہو، بغیر متلی کے کھانا الٹنے کا رجحان ہو ایتھوزا دینے سے آرام پاتی ہیں۔(صفحہ۲۷)

٭…یہ دوا بچوں کے دانت نکالنے کے زمانہ میں اسہال لگ جانے کی بہترین دواؤں میں سے ہے۔(صفحہ۲۷)

٭…بچہ سر نہیں سنبھال سکتا۔ دودھ پیتے ہی قے کر دیتا ہے اور قے کے فوراً بعد دودھ طلب کرتا ہے۔ (صفحہ۲۷)

ایگیریکس مسکیریس

Agaricus muscarius

(Fly fungus)

٭…ایگیریکس کے مریض کے پیٹ میں بہت ہوا بنتی ہے۔انتڑیوں کی طبعی حرکت میں کمزوری واقع ہوجائے اور پیٹ غیر معمولی طور پر ہوا سے بھر جائے۔نکس وامیکا بھی انتڑیوں کی حرکت کو بحال کرنے کے لیے بہت زود اثر ہے اور اس کے لیے بہت زیادہ علامتیں ڈھونڈنے کی بھی ضرورت پیش نہیں آتی۔پیٹ کی عارضی اور مستقل دونوں بیماریوں میں نکس وامیکا اچھا اثر دکھاتی ہے۔ نہ سلفر کی طرح بہت گہری اور نہ ایکونائٹ کی طرح عارضی بلکہ درمیانی کیفیت کی دوا ہے۔(صفحہ۳۱-۳۲)

ایگنس کاسٹس

Agnus castus

(The chaste tree)

٭…ایگنس کاسٹس میں پیٹ میں ہوا بھی پائی جاتی ہے۔معدہ سے گڑگڑاہٹ کی آوازیں آتی ہیں۔ آنتیں نیچے گرنے کا احساس ہوتا ہے اور مریض پیٹ کو ہاتھوں سے پکڑتا ہے۔(صفحہ۳۶)

ایلیم سیپا

Allium cepa
(Red Onion)

٭…اگر بچے کو الٹیاں بھی آئیں، بد ہضمی ہو، بدبو دار ہوائیں خارج ہوں اور خسرہ کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوجائیں تو ایلیم سیپا بہت مفید ثابت ہوتی ہے۔ نیز بچوں کے پیٹ درد کے لیے بھی یہ اچھی دوا ہے۔(صفحہ۳۸)

٭…ایلیم سیپا میں پیٹ میں ایسا درد اُٹھتا ہے جس کے ساتھ پیشاب کی حاجت ہوتی ہے۔(صفحہ۳۸)

ایلو

Aloe
(Socotrine – Aloes)

٭…پیٹ میں ہوا، اسہال اور الٹی کا رجحان اس دوا کی نمایاں علامتیں ہیں۔(صفحہ۴۱)

٭…ایلو کی ایک خاص علامت ایسی ہے جو لائیکو پوڈیم میں بھی پائی جاتی ہے یعنی سمندری جانور خصوصاً آؤسٹر (Oyster) کھانے سے اسہال لگ جاتے ہیں۔ (صفحہ۴۱)

٭…ایلو کے مریض کے پیٹ کی ہوا سارے پیٹ میں تناؤ پیدا نہیں کرتی بلکہ لائیکو پوڈیم کی طرح دائیں طرف نیچے کی جانب اس کا دباؤ ہوتا ہے۔عام طور پر ہومیو پیتھک ڈاکٹرپیٹ کی ہوا کے لیے تین دواؤں پر زیادہ زور دیتے ہیں۔کاربوویج جس میں ہوا کا دباؤ اوپر کی طرف ہوتا ہے،لائیکو پوڈیم جس میں دباؤ نیچے کی طرف ہوتا ہے اور چائنا جس میں دباؤ سارے پیٹ میں ہر طرف ہوتا ہے۔(صفحہ۴۱)

٭…انتڑیوں کی طبعی حرکت میں کمی واقع ہوجائے تو نکس وامیکا سب سے اچھا کام کرتی ہے۔ہوا میں غیر معمولی بدبو پائی جائے تو کاربوویج غالباً بہتر اثر کرے گی۔معدہ کے منہ پر تیزابیت کی وجہ سے شکنجہ سا آجائے اور کھانا متعفن ہونے کی وجہ سے سخت بدبو پیدا ہو اور ہوا معدہ میں اکٹھی ہوتی رہے تو یہ باتیں کاربوویج کی پہچان میں ممد ثابت ہوتی ہیں۔(صفحہ۴۲)

٭…چائنا پیٹ کی ہوا میں اس صورت میں مفید ہے جبکہ چائنا کی دوسری علامتیں موجود ہوں یعنی مریض کے مزاج میں خشکی اور ملیریا کے بداثرات کی عمومی علامتیں ملتی ہوں۔ بعض دفعہ لعابوں کی کمی کی وجہ سے انتڑیوں میں جگہ جگہ ہوا رک جاتی ہے۔چائنا ایسے مریضوں سے تعلق رکھتی ہے جن کے لعاب خشک ہورہے ہوں اور انتڑیوں کے گلینڈز اپنا پورا کام نہ کریں۔ (صفحہ۴۲)

٭…سمندری غذا خصوصاً آؤسٹر کھانے کا ردِ عمل ایلو کے مریض پر فوری اسہال کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ متلی اور قے کے ساتھ سر میں درد ہوتا ہے۔(صفحہ۴۲)

٭…اسہال کے ساتھ پیٹ میں مروڑ بھی اٹھتے ہی۔بواسیر کے مسے گچھوں کی صورت میں لٹکے ہوتے ہیں اور ان میں شدید جلن اور درد ہوتا ہے۔ٹھنڈا پانی لگانے سے سکون محسوس ہوتا ہے۔ اگر اسہال کی بجائے قبض ہوتو پیٹ کے نچلے حصے میں شدید دباؤ محسوس ہوتا ہے۔ایلو کا مزاج رکھنے والا مریض عموماً گوشت کھانا پسند نہیں کرتا حالانکہ گوشت کھانے سے اسے کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔ (صفحہ۴۲۔۴۳)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button