جرمنی کے شہر وِٹلش میں عیسائیوں کے مذہبی راہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ
جرمنی کی جماعت وٹلش کو ۱۴؍ستمبر کو دعوت الیٰ اللہ کا ایک پروگرام عیسائیوں کے مذہبی راہنماؤں کے ساتھ مسجد حمد میں منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں عیسائی مذہب کے دونوں بڑے گروہ کیتھولک اور پروٹسٹنٹ کے ممبران شامل ہوئے۔ یہ ممبران وٹلش شہر اور اس کے ساتھ کے علاقے سے تشریف لائےتھے۔ اِن کے علاوہ مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے والی ایک تنظیم کے ڈائریکٹر بھی شامل ہوئے۔ تلاوتِ قرآن کریم کے بعدجرمنی جماعت کی کارکردگی پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں جماعت کی سوسالہ مساعی کی ایک جھلک پیش کی گئی تھی۔ اس کے بعد شاملین کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔ ایک موضوع جس پر تفصیل سے گفتگو کرنے کا موقع ملا وہ تھا ’’کیا اللہ تعالیٰ کی ہستی کاوجود سائنس کے ذریعہ ثابت کیا جاسکتا ہے؟‘‘ اس پر حاضرین کے سامنے قرآن کریم سے مختلف دلائل پیش کیے گئےجن کو انہوں نے دلچسپی سےسنا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب اسلامی اُصول کی فلاسفی کا تعارف بھی ان کے سامنے پیش کیا گیا جس پر اُن میں سے بعض نے کہا کہ انہوں نے یہ کتاب پہلے سے ہی پڑھ رکھی ہے۔ باقی مہمانوں کو یہ کتاب پڑ ھنے کے لیے پیش کی گئی جس کو انہوں نے خوشی سے قبول کیا۔آخر میں کھانا تناول کیا گیا اوراس دوران بھی جماعتی تعارف ہوا۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو احسن رنگ میں دعوت الیٰ اللہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی)