مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کے بیالیسویں سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد
٭…علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد
٭…۳۴۰۰؍سے زائد خدام و اطفال کی شرکت
مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کا بیالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع اشانٹی ریجن کے مشرقی ضلع سیچیرے (Sekyere)کے ایفی ڈواسے (Effiduase) آسوکورے مقام پر مورخہ ۲۸ تا ۳۰؍ ستمبر ۲۰۲۳ء منعقد ہوا، فالحمدللہ۔ اس سہ روزہ اجتماع میں گھانا کے تمام سولہ ایڈمنسٹریٹو ریجنز سے ۳۴۰۰؍ سے زائد حاضرین خدام و اطفال گروہ در گروہ شامل ہوئے۔ اس ریلی میں پانچ ہمسایہ مغربی افریقی ممالک کے مہمانوں نے بھی شرکت کی جس کی قیادت اپنے اپنے ممالک کے صدران یا سینئر عاملہ ممبران کر رہے تھے۔ ان ممالک میں نائیجیریا، بینن، ٹوگو، برکینا فاسو اور آئیوری کوسٹ شامل تھے جنہوں نے اپنے اپنے خیرسگالی کے پیغامات دیے۔
نیشنل اجتماع میں اطفال الاحمدیہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔ مجلس اطفال الاحمدیہ گھانا کا یہ نواں نیشنل اجتماع تھا جو ایک روزہ تھا جس میں ملک بھر سے ۱۳۰۰؍ سے زائد اطفال شامل ہوئے اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیا۔
’’متقین کی راہیں‘‘کے موضوع پر ہونے والےاس اجتماع میں ڈاکٹر انس عیسیٰ ایڈوسئی صاحب نے تقریر کی جس میں خدام کو ذمہ دار شہری بننے کے لیے دینی و دنیوی تعلیم دونوں کو فعال طور پر حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر تقاریر کے علاوہ متعدد اصلاحی و تربیتی سرگرمیاں شامل تھیں، جیسے نماز فجر اور مغرب و عشاء کے بعد خدام و اطفال کو فراہم کیے جانے والے اخلاقی اسباق یعنی درس قرآن و حدیث۔ خدام اور اطفال کے لیے علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جو فکری اور جسمانی مصروفیت کے مواقع فراہم کرتے تھے۔
دوران اجتماع نماز تہجد اور پانچوں باجماعت نمازیں شاملین کے ایمان و ایقان میں اضافہ کا باعث بنیں۔ مزید برآں اجتماع کے دوران صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا حنیف احمد بیپوہ صاحب نے ایک اعلان کیا کہ مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کو نیشنل سیکرٹریٹ کی تعمیر کی منظوری مل گئی ہے اور اس پراجیکٹ کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ایک خادم سے تعاون کرنے کی درخواست کی۔
اس کے علاوہ مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کے ریڈیو کا افتتاح تھاجو گھانا کےخدام کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ ریڈیو سٹیشن اس سائٹ پر کام کرتا ہے جس سے اہل گھانا متعدد زبانوں میں مختلف پروگراموں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور آسوکورے کی عوام کو معلومات اور تفریح کا ایک اضافی ذریعہ فراہم کرسکتے ہیں۔
نیشنل اجتماع سے قبل مجلس خدام الاحمدیہ نے سکول کے احاطہ میں کئی وقار عمل کرکے اجتماع کے لیے ماحول کو سازگار بنایا اوراس سکول کی گراؤنڈز کو صاف کیا اور دیگر انتظامی امور سرانجام دیے جہاں اجتماع و رہائشی انتظامات نیزعلمی و ورزشی مقابلہ جات کے مقامات تیار کیے گئے۔ اجتماع میں بک سٹال اور ریویو آف ریلیجنز اور دیگر معلوماتی سٹال بھی لگائے گئے جس میں خدام نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس اجتماع کی ایک روایتی تقریب مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ کا مارچ پاسٹ تھا جس میں سینکڑوں خدام و اطفال شامل ہوئے۔ مارچ پاسٹ کا جلوس ایفیڈیواس اور آسوکورے کی گلیوں سے ہوتا ہوا اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ مارچ پاسٹ کو مقامی گھانین نے بہت پسند کیا۔ حسب روایت مارچ پاسٹ کے ذریعہ جماعت احمدیہ کا امن و شانتی کاپیغام ہزاروں افراد تک پہنچایا گیا جس میں خدام و اطفال نے مختلف جماعتی و تنظیمی بینرز پر سلسلہ احمدیہ کے پیغامات لکھے ہوئے تھے۔
اس موقع پر صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کی قیادت میں اشانٹی ریجن کے سیچیرے زون میں واقع ویسٹ فیلین چلڈرن ہوم، اویوکو Westphalian Children‘s Home, Oyoko کو عطیات بھی پیش کیے گئے۔
(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)