ڈنمارک میں منعقد ہونے والے سب سے بڑے کتاب میلہ میں جماعت احمدیہ ڈنمارک کی شرکت
امسال ڈنمارک میں کتاب میلہ کا انعقاد مورخہ ۳تا ۵؍ نومبر۲۰۲۳ء بیلا سنٹر کوپن ہیگن میں ہوا۔ یہ جگہ مختلف بڑے ہالز پر مشتمل ہے اور سارا سا ل کئی نمائشیں اور میٹنگز اس جگہ پر منعقد ہوتی رہتی ہیں۔
اس کتاب میلہ کا آغاز ۱۹۹۲ء میں کوپن ہیگن میں واقع ایک اَور ہال میں ہوا تھا جس کو بعد میں بیلا سنٹر میں منتقل کردیا گیا۔ اس وقت یہ ڈنمارک کا سب سے بڑا کتاب میلہ ہے۔ اس میں مختلف پبلشرز، مصنفین، جرنلسٹ اور ادب سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ اس میں مصنفین سے ملنے اور ان کو سننے کے لیے آتے ہیں۔
الحمد للہ جماعت احمدیہ ڈنمارک کو کورونا کی وبا کے بعد دوبارہ امسال اس کتاب میلہ میں شرکت کی توفیق ملی، چونکہ ڈنمارک میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے مختلف واقعات رونما ہوچکے ہیں اور اس کی روک تھام کے لیے گورنمنٹ بھی ایک قانون لانے کا ارادہ رکھتی ہے اس لیے لوگوں کی توجہ بھی قرآن کریم کو دیکھنے اور پڑھنے کی طرف پہلے سے زیادہ ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعتی سٹال پر قرآن کریم کے ڈینش زبان کے ترجمہ کو نمایاںطور پر پیش کیا گیا۔ اسی طرح آنحضرت ﷺکی سیرت پر ڈینش میں شائع ہونے والی کتاب بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ ڈینش زبان میں شائع ہونے والا دیگر لٹریچر بھی سٹال پر موجود تھا جو لوگوں کو مفت فراہم کیا گیا۔
جماعتی سٹال پر مختلف وقتوںمیں خدام، انصار اور لجنہ ممبرات ڈیوٹیاں دیتی رہیں اور زائرین کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ کئی لوگوں نے قرآن کریم اور کتاب لائف آف محمدﷺ کے نسخے خریدے۔ اس کتاب میلہ میں جماعت احمدیہ کا واحد سٹال تھا جو کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو ڈینش احباب تک پہنچانے کا فریضہ ادا کرتا رہا۔ مکرم امیر صاحب بھی یہاں تشریف لائے اور حوصلہ افزائی کرتےرہے۔ اللہ تعالیٰ ان تمام انصار، خدام اور لجنہ کو احسن جزاعطا کرے جنہوں نے اپنا قیمتی وقت تبلیغ اسلام و احمدیت کے لیے وقف کیا ۔ آمین
(رپورٹ: اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)