صد سالہ تقریبات لجنہ اماءاللہ مجلس ورجینیا ساؤتھ، امریکہ
سال ۲۰۲۲ء – ۲۰۲۳ء کے دوران لجنہ اماءاللہ نے اپنے سو سال مکمل ہونے پر پوری دنیا میں جشن تشکر کے طور مختلف تقریبات منعقد کیں۔ امریکہ کی ممبرات لجنہ اماء اللہ اس لحاظ سے خوش قسمت ر ہیں کہ ان کا یہ سال پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امریکہ تشریف آوری سے شروع ہوا۔ الحمدللہ
نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ محترمہ دیا بکر صاحبہ کی زیر قیادت صد سالہ تقریبات کمیٹی نے بہت سے پروگرام مرتب کیے اور تمام مجالس ہائے امریکہ کو عمل درآمد کے لیے بھجوائے گئے۔ ورجینیا ساوٴتھ مجلس نے بھی ان تمام کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اسے سو فیصد مکمل کرنے کی کوشش کی۔ ان میں سے بعض کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
نیشنل شعبہ تعلیم نے تمام قرآن کریم سے اوامرونواہی اور احکامات کو اکٹھا کرنے کا کام ریجنل سطح پر تقسیم کیا۔
صد سالہ جوبلی کے پیغام کو ہر گھر میں پہنچانے کے لیے ایک سفید رنگ کی۲.۵ انچ کی پلاسٹک پلیٹ بنوائی گئی جس کے درمیان میں کالے رنگ کا لجنہ اماء اللہ صد سالہ یو ایس جوبلی کا لوگو تھا اور اسے گولڈن سٹینڈ اور گولڈن پیکنگ میں ہر لجنہ ممبر تک پہنچایا گیا۔ اس سال لجنہ اماء اللہ کے اجتماع کا موضوع ’’صد سالہ جوبلی اور اللہ کی خادمائیں‘‘ تھا۔ موضوع کے پیشِ نظر خاص نمائش کا اہتمام لجنہ اجتماع پر اور صد سالہ جوبلی کی تقریب والے دن بھی کیا گیا۔
لجنہ اماء اللہ کے سالانہ اجتماع کے موقع پردوسرے مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ مطالعہ کتب کا مقابلہ بھی رکھا گیا جس میں ۲۷؍لجنہ ممبرات کا حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰة والسلام اور حضرت خلیفة المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ۲۵؍کتب کا مطالعہ شامل تھا۔ صد سالہ جوبلی لوگو (Logo) استعمال کرتے ہوئے لوکل لیول پر فنڈ ریزنگ کے لیے مختلف سووینیئرز بنوائے گئے۔ اسی طرح عائشہ میگزین اور لجنہ میٹرز کے لیے نظمیں اور مضامین بھجوائے گئے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے، ورجینیا ساؤتھ مجلس کا جشن تشکر ۲۰؍مئی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ منعقد کیا گیا۔ اس جشنِ تشکر کے موقع پر ۲۲۰؍لجنہ ممبرات (%۷۳ لجنہ) اور ۶۶؍ناصرات (%۹۰ ناصرات) اور پچاس سے زائد بچوں اور بعض غیر از جماعت بہنوں نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ الحمد للہ
اس دن کا آغاز نمازِ تہجد سے ہوا۔ لجنہ ممبرات اور ناصرات نے مسجد مسرور اور نماز سینٹرز میں اجتماعی اور گھروں میں انفرادی طور پر نماز تہجد کا اہتمام کیا۔
ممبرات نے مسجد کو خوبصورت جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے سجایا۔ شرکائے جلسہ کے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک بہت ہی معلوماتی اور منظّم پروگرام تیار کیا گیا تھا۔ پروگرام کا آغاز قرآنِ پاک کی تلاوت سے ہوا۔ مقامی صدر لجنہ اماء اللہ نے اپنی افتتاحی تقریر میں لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کا اجرا اور اس کے مقاصد خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں بیان کیے۔
صد سالہ جشن تشکرکے موقع پر لجنہ و ناصرات ممبرات نے گروپ نظم تیار کی۔ اس کے علاوہ لجنہ کی تاریخ کو ایک ویڈیو کلپ کے ذریعے پیش کیا گیا۔ بعد ازاں پہلی اور موجودہ مقامی صدرات نے کچھ ابتدائی لجنہ ممبرات کے ساتھ ساؤتھ ورجینیا کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار کیا۔ ایک ویڈیو تیار کی گئی جس میں مختلف لجنہ ممبرات نے ’’لجنہ اماء اللہ کا مطلب آپ کی نظر میں‘‘ اپنے اپنے جذبات کا اظہار ایک پیغام کی صورت میں کیا۔
اس خاص دن کے موقع پر باربی کیو، مختلف رنگوں کی مٹھائیوں اور دیگر لوازمات سے لجنہ ممبرات کی تواضع کی گئی۔ صد سالہ جوبلی کے موضوع پر کیک بنانے کا مقابلہ بھی ہوا جس میں ممبرات نے بھر پور حصہ لیا۔
اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ایک ’سوونیئر فنڈ ریزنگ شاپ‘ پروگرام کا حصہ تھی۔ اسی طرح جماعت کے لٹریچر کو دیکھنے اور خریدنے کے لیے ایک بُک سٹال قائم کیا گیا تھا۔ موقع کی مناسبت سے تحفے کے طور پر ہر لجنہ ممبر کو ایک چھوٹی سی یادگار پلیٹ دی گئی جس پر صد سالہ جوبلی کا لوگو پرنٹ کیا گیا تھا۔
اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خط لکھنے کے لیے شعبہ تربیت کی طرف سے ایک لیٹر بوتھ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
(رپورٹ: شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)