متفرق مضامین

ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل (معدہ کے متعلق نمبر۳) (قسط ۴۶)

(ڈاکٹرحافظ کرامت اللہ ظفر)

(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)

آرسینک البم

Arsenicum album

(Arsenious Acid)

٭…آرسینک کے مریض کے اخراجات سخت بدبودار اور متعفن ہوتے ہیں۔ پیچش اور اسہال کی رنگت سیاہی مائل ہوتی ہے اور تھوڑی تھوڑی اجابت بار بار ہوتی ہے ، بے چینی کی وجہ سے انتڑیوں کی طبعی حرکت متاثر ہوتی ہے اور بہت سے زہریلے مادے جو قدرتی طور پر نکل جانے چاہئیں وہ جسم میں جذب ہونے لگتے ہیں جن کی وجہ سے بے چینی میں اضافہ ہوجاتا ہے اور وقفہ وقفہ سے بعض مریضوں کو تشنج کا دورہ بھی پڑتا ہے۔ اگر وقت پر آرسینک دے دی جائے تو انتڑیوں کی حرکت معمول پر آجاتی ہے اور مریض کی طبیعت بحال ہوجاتی ہے۔(صفحہ۹۳-۹۴)

٭…آرسینک کے مریض کا سارا جسم ٹھنڈا ہوتا ہے اور گرمی پہنچانے سے آرام محسوس ہوتا ہے لیکن معدے اور سر کی تکلیفوں میں سردی آرام دیتی ہے۔ بیماری ایک حالت سے دوسری حالت میں بدلتی رہتی ہے۔سرمیں درد ہوتو دباؤ سے آرام محسوس ہوتا ہے۔ شدید متلی اور قے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ (صفحہ۹۵)

آرسینک آئیوڈائیڈ

یا (آرسینیکم آئیوڈیٹم )

Arsenicum iodatum

(Iodide of Arsenic)

٭…اس کی تکالیف بڑھ جائیں تو متلی بھی شروع ہوجاتی ہے۔ سخت پیاس لگتی ہے مگر فارسفورس کی طرح پانی پیتے ہی تھوڑی دیر میں قے ہوجاتی ہے۔ معدے میں شدید درد ہوتا ہے جس میں کولو سنتھ کی طرح آگے جھکنے سے آرام آتا ہے، سخت سوزش پیدا کرنے والے اسہال جو صبح کے وقت شروع ہوتے ہیں ، معدہ ہوا سے بھرا رہتا ہے ، بھوک بہت لگتی ہے مگر کھانا جسم کو نہیں لگتا۔ (صفحہ۱۰۳)

آرم ٹرائی فلم

Arum triphyllum

(Indian Turnip)

٭…مریض کو بھوک نہیں لگتی مگر بعض دفعہ سر درد کی وجہ سے کھانا پڑتا ہے جسے کھانے سے آرام ملتا ہے۔ اسہال ٹائیفائیڈ کے اسہال سے مشابہ ہوتے ہیں۔ (صفحہ۱۰۸)

ایسا فیٹیڈا

Asafoetida

(ہینگ)

٭…ہینگ کو عموما ً گرم مسالحے کے طور پر یا قوتِ ہاضمہ کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے تیار کردہ ہومیو پیتھک دوامعدہ اور خوراک کی نالی کے تشنج میں مفید ہے۔(صفحہ۱۰۹)

آرم میور

Aurum muriaticum

٭…آرم میور میں اجابت سبزی مائل یا مٹیالے رنگ کی ہوتی ہے۔ یہ علامت جگر کی خرابی کی نشان دہی کرتی ہے۔ بسااوقات بالکل بے رنگ سفیدی مائل اجابت ہوتی ہے۔ اسہال رات کو بڑھتے ہیں۔(صفحہ۱۱۸)

بپٹیشیا

Baptisia

٭…اگر انتڑیوں میں بہت زیادہ تعفن پایا جائے خصوصاً ٹائیفائیڈ کی بیماری میں ایسے اسہال آتے ہوں جن میں انتہائی خطرناک بدبو ہو تو بپٹیشیا سے بہتر اور کوئی دوا نہیں ہے۔ ایسے اسہال کی یہ اولین دوا ہے لیکن اس میں کھلے اسہال نہیں ہوتے، معمولی یا درمیانے درجے کے ، لئی کی طرح کے اسہال ہوتے ہیں جن میں شدید بدبو ہوتی ہے۔ (صفحہ۱۲۱)

٭…ٹائیفائیڈ میں پیٹ کا تناؤ بخار کی نسبت سے بہت زیادہ ہوتا ہے۔سارا جسم گھل کر ختم ہورہا ہوتا ہے جبکہ پیٹ پھول کر بہت بڑا ہوجاتا ہے۔ایسی صورت میں بپٹیشیا کی علامات موجود ہوں تو اس کے ساتھ ٹائیفائیڈینم اور پائیروجینم حسب ذیل طریق پر استعمال کرانی چاہیے :۔ جب تک بخار ٹوٹ کر درجہ حرارت نارمل نہ ہوجائے یعنی نہ صبح بخار ہو نہ رات کو بخار ہو اس وقت تک ٹائیفائیڈینم اورپائیروجینم دن میں تین دفعہ اور بپٹیشیا ۳۰، پانچ چھ دفعہ باقاعدگی سے دیں۔ جب درجہ حرارت بالکل نارمل ہوچکا ہو تو پھر کم سے کم مزید ایک ہفتہ تک پائیروجینم اور ٹائیفائیڈینم روزانہ ایک دفعہ اور بپٹیشیا دن میں تین دفعہ۔ تیسرے ہفتہ پائیروجینم اور ٹائیفائیڈینم ہفتہ میں دو دفعہ اور بپٹیشیا حسب سابق دن میں تین دفعہ دیتے چلے جائیں۔ اگر پورے اکیس دن یہ احتیاط برتی جائے تو اللہ کے فضل سے ٹائیفائیڈ کے اعادے کا کوئی احتمال نہیں رہے گا۔ (صفحہ۱۲۲)

٭…بپٹیشیا کی کئی بیماریوں میں فالجی کمزوری پائی جاتی ہے۔ دراصل انتڑیوں میں اسی کمزوری کی وجہ سے اپھارہ بڑھتا ہے۔(صفحہ۱۲۴)

برائیٹا کارب

Baryta carb

٭…برئیٹا کارب میں اجابت باہم جڑی ہوئی گٹھلیوں کی شکل میں اور سخت ہوتی ہے اور نکس وامیکا کی طرح یہ احساس رہتا ہے کہ کھل کر اجابت نہیں ہوئی۔پیٹ میں درد بھی ہوتا ہے۔ (صفحہ۱۳۰)

بیلا ڈونا

Belladonna

(Deadly Night Shade)

٭…اگر معدہ اور اعصابی نظام بگڑنے کی وجہ سے سوتے میں جسم کو جھٹکے لگیں تو گرائینڈیلیا (Grindelia) بہترین دوا ہے۔ (صفحہ۱۳۴)

٭…اگر جگر اور انتڑیوں میں ورم اور سوزش ہوتو سارا جسم ٹھنڈا ہوجاتا ہے۔اس صورت میں اگر مریض بیلا ڈونا کا بھی ہوگا تو بھی اسے بیرونی گرمی فائدہ پہنچائے گی۔(صفحہ۱۳۶-۱۳۷)

٭…اس کی ایک اور عجیب علامت یہ ہے کہ بیماری کے دوران کھانا کھانے سے طبیعت کچھ سنبھل جاتی ہے یہاں تک کہ اگر پاگل کو بھی کچھ کھلادیں تو اس کا جوش کچھ دیر کے لیے ٹھنڈا پڑجائے گا۔ یہ علامت فاسفورس اور سورائینم میں بھی پائی جاتی ہے۔ پاگل کو بھوک لگتی ہے لیکن چونکہ وہ بتاتا نہیں اس لیے اگر اسے کچھ کھانا دیا جائے تو اس کے اندر کی طلب اور بے چینی دور ہوجاتی ہے۔ فاسفورس کا مریض بھی سخت بھوکا اور کھانا کھانے کے فوراً بعد اسے دوبارہ بھوک لگ جاتی ہے۔(صفحہ۱۳۷)

٭…بیلا ڈونا مزاج کی عورتوں میں کھٹی چیزیں کھانے کا شوق ہوتا ہے۔ اسہال لگ جائیں تو مقدار میں بالکل تھوڑے ہوتے ہیں۔ (صفحہ۱۴۰)

بیلس

Bellis perennis

٭…پیٹ کی بیرونی دیواروں میں درد اور دکھن کے لیے بھی بیلس بہت مفید ہے۔رحم اور پیٹ کے پٹھوں میں درد ہوتا ہے اور بعض عورتیں بیٹھ کر اُٹھنے میں تکلیف محسوس کرتی ہیں اور انہیں پکڑ کر اُٹھانا پڑتا ہے۔ان کے لیے بھی یہ دوا مفید ہے۔(صفحہ۱۴۳)

بنزوئیکم ایسڈم

Benzoicum acidum

(Benzoic acid)

٭…سر درد کے ساتھ متلی اور قے کا رجحان بھی ہوتا ہے، سر پر ٹھنڈا پسینہ آتا ہے ، ہاتھ بھی بہت ٹھنڈے ہوجاتے ہیں، ناک میں خارش اور درد کے ساتھ سونگھنے کی حس کم ہوجاتی ہے، آنکھوں میں جلن اور تپکن ، آنکھوں کی تکلیفیں کھلی ہوا میں اور ٹیوب لائٹ میں بڑھ جاتی ہیں۔ سر درد گدی سے شروع ہوتا ہے۔ (صفحہ۱۴۶)

٭…بنزوئیک ایسڈ میں کھانا کھاتے ہوئے پسینہ آتا ہے، معدہ میں سختی اور دباؤ کا احساس ، جگر کے مقام پر چبھن اور درد، اسہال جھاگ والے ، بدبودار اور پتلے ہوتے ہیں۔ ہوا بہت خارج ہوتی ہے۔ (صفحہ۱۴۶)

٭…بنزوئیک ایسڈ کے بارے میں اکثر کتب میں یہ لکھا ہوا ہے کہ اس میں گاؤٹ (Gout)کے حملہ کی ابتدا معدہ سے ہوتی ہے۔ معدہ میں السر یا ہاضمہ کی خرابی کی وجہ سے درد ہوتا ہے لیکن بعض اوقات معدہ میں گاؤٹ کی وجہ سے بھی درد ہوتا ہے۔اس کی تفصیل اس وقت میرے علم میں نہیں کہ معدہ میں گاؤٹ کیسے ہوتا ہے۔غالباً معدہ میں پیدا ہونے والے فاسد تیزابوں میں یورک ایسڈ بھی ہوگا جو گاؤٹ پیدا کرنے والا ہے مگر معدہ میں بنزوئیک ایسڈ کے پیدا ہونے کا کوئی قطعی ثبوت میرے علم میں نہیں۔ہاں یہ بعید نہیں کہ بنزوئیک ایسڈ جب جوڑوں کی دیگر جھلیوں میں گاؤٹ پیدا کرسکتا ہے تو یہ خون کی وساطت سے معدہ کے عضلات کو بھی متاثر کرے اور گاؤٹ کی تکلیف کا آغاز وہیں سے ہو۔ یہ درست ہو یا غلط ، لیکن اکثر اسے بنزوئیک ایسڈ کی علامت کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ (صفحہ۱۴۷)

بسمتھم

Bismuthum

٭…بسمتھ کے مریض کی قوت ہاضمہ کمزور ہوجاتی ہے اور فاسفورس اور ایتھوزا کی طرح معدے میں پانی نہیں ٹھہرتا ، گرم ہوتے ہی قے ہوجاتی ہے جبکہ ٹھوس غذا کھانے پر قے نہیں ہوتی۔ بہت بدبودار ڈکار آتے ہیں۔پیٹ کا درد ڈائسکوریا سے مشابہ ہوتا ہے۔مریض پیچھے کی طرف جھکتا ہے۔ درد کی نوعیت عام پیٹ درد سے مختلف ہوتی ہے جسے مریض بیان نہیں کرسکتا۔اسہال کے دوران درد نہیں ہوتا۔ بسمتھ سے اسہال خشک کر دیے جائیں تو درد شروع ہوجائے گا۔معدہ میں سوزش ہوتی ہے۔(صفحہ۱۵۳)

٭…بسمتھ انجائنا میں بھی مفید دوا ہے۔ اس میں عموماً سینے کی ہڈی کی بجائے بائیں طرف دل سے درد اٹھتا ہے اور کندھے سے ہوکر انگلیوں کے کناروں تک جاتا ہے بسااوقات یہ درد انجائنا کے علاوہ معدے میں السر یا سوزش کی وجہ سے بھی ہوتا ہے۔ دونوں صورتوں میں بسمتھ دوا ہوسکتی ہے۔(صفحہ۱۵۳۔۱۵۴)

بوریکس

Borax

(پھول کیا ہوا سہاگہ )

٭…بوریکس کی مریضہ کو حیض وقت سے پہلے اور بہت کثرت سے آتا ہے اور اس دوران پیٹ میں شدید درد ہوتا ہے جو کمر کے پیچھے تک جاتا ہے۔ (صفحہ۱۵۵)

٭…بوریکس کے مریضوں کا معدہ خراب ہوتو زیادہ ہوا پیدا ہونے کے علاوہ قے کا رجحان ہوتا ہے جو ایک دفعہ شروع ہوجائے تو رکنے میں نہیں آتی۔سبزی مائل کھٹا مواد خارج ہوتا ہے۔(صفحہ۱۵۶)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button