برازیل میں جماعت احمدیہ کے مرکز میں شہر پیٹروپولس کے میئر کا دورہ
برازیل میں جماعت احمدیہ کا مرکز ریو ڈی جانئیرو کے صوبہ کے ایک خوبصورت شہر پیٹروپولس (Petropolis) میں واقع ہے جہاں جماعت کی پہلی مسجد بیت الاوّل بھی تعمیر کی گئی ہے اور اب یہ مسجد اللہ تعالیٰ کے فضل سے سرکاری طور پر شہر کے مقامات سیاحت میں شامل ہے اور دن بدن اس کا دورہ (visit) کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مورخہ ۲۱؍ نومبر بروز منگل خاکسار (مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل ) کی دعوت پر اس شہر کے میئرجناب Rubens Bomtempo نے ہمارے مشن ہاوٴس کا دورہ کیا۔ ان کے دو مشیر اور کیبنٹ کے دو سیکرٹریان بھی ان کے ہمراہ آئے تھے۔ مشن ہاوٴس پہنچنے پر خاکسار نے جناب میئر صاحب کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ مشن ہاوٴس کی بلڈنگ میں داخل ہوتے ہی ان کی نظر سامنے کی دیوار پر حضرت اقدس مسیح موعودؑاور خلفاء کی تصاویر پر پڑی اور آپ کی بابت پوچھا کہ یہ کون ہیں ؟ چنانچہ ان کو بتایا گیا کہ ہمارے نزدیک بانیٴ جماعت احمدیہ آنے والے ’’مسیح موعود‘‘ ہیں جن کا لوگ انتظار کر رہے ہیں اور آپؑ کی وفات کے بعد آپؑ کے مشن کی تکمیل کے لیے خلفاء کا سلسلہ جاری ہے۔ جناب میئر صاحب کو مسجد بیت الاوّل دکھائی گئی اور اس کا تفصیلی تعارف کروایا گیا۔ اسی طرح نئی بلڈنگ کے دفاتر، گیسٹ ہاوٴس اور مختلف حصے بھی دکھائے گئے جس سے وہ بہت متاثر ہوئے اور کہا کہ بہت خوبصورت مسجد ہے۔ اس کے بعد گیسٹ ہائوس میں موجود مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کے ساتھ ملاقات اور گفت و شنید ہوئی۔ اس موقع پر خاکسار نے اسلام اور جماعت احمدیہ کا مزید تعارف پیش کیا اور ذکر ہونے پر یہ بھی بتایا کہ بانیٴ جماعت احمدیہ کو مسیح موعود ماننے کے نتیجے میں پاکستان میں جماعت کے خلاف کس قسم کے قوانین ہیں اوراحمدیوں کو کس طرح مخالفت کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ ہیومینٹی فرسٹ کے حوالے سے جو انسانیت کی خدمت کے کام ہیں ان کا بھی بتایا گیا۔ اس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
روانگی سے قبل خاکسار نے جناب میئر صاحب اور ان کی سیکرٹری تعلیم کو کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کے پرتگیزی ترجمہ کی کاپی دیتے ہوئے اس کا تعارف بھی کروایا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں بہت برکت ڈالے اور اہالیان برازیل کے لوگوں کے دل اسلام اور احمدیت کو قبول کرنے کے لیے کھولے ۔ آمین