بصے، گیمبیا میں احمدیہ ہسپتال کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب میں صدر مملکت کی آمد
مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا میں اس وقت جماعت احمدیہ کے تین ہسپتال و کلینک خدمت بجا لا رہے ہیں جن کا شمار اللہ کے فضل سے ملک کے بڑے اور اچھے ہسپتالوں میں ہوتا ہے۔
دارالحکومت سے بہت دُور ملک کے آخری ریجن یو-آر-آر (Upper River Region) کے ایک قصبہ بصےمیں جماعتی کلینک کئی سالوں سے خدمت انسانیت میں مصروف ہے جن میں واقف زندگی ڈاکٹرز نے اپنی انتھک کوشش اور محنت سے خدا تعالیٰ کے فضل کو کھینچا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس کلینک کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر مورخہ ۲۵؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ اس کلینک کی ایک نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت گیمبیا عزت مآب آداما بارو(Adama Barrow) صاحب تھے۔ صدر مملکت سہ پہر تقریباً پانچ بجے کلینک تعمیر ہونے والی جگہ پر تشریف لائے جہاں پر مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت گیمبیا نے ان کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔
صدر مملکت نے جماعت کے تمام افراد سے مصافحہ کیا۔ بعد ازاں ابراہیم باہ جونئیر معلم سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد صدر مملکت ،امیر صاحب اور ڈاکٹر انچارج بصےکلینک و ڈاکٹر انچارج احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ نے یادگاری ستون پر بلاک رکھا۔ کلینک کے کنٹریکٹر نے صدر مملکت کو نقشہ کی مدد سے مجوزہ عمارت کی تفصیل کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد صدر مملکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا اور جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ جو کہتی ہے وہ کر کے دکھاتی ہے۔ انہوں نے مجھ سے اس ہسپتال کے بارے میں وعدہ کیا تھا اور آج اس وعدے کو پورا کردکھایا اور جماعت احمدیہ کئی دہائیوں سے اس ملک کے لیے یہ کررہی ہے۔
سنگ بنیاد کی اس تقریب کے موقع پر میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی جس میں ملک کے نیشنل ٹی وی چینل، ریڈیو اور پرائیویٹ چینلز شامل تھے۔ ایم ٹی اے گیمبیا نے بھی اس ساری تقریب کی کوریج کی۔ اس کے بعد مختلف میڈیا ہاؤسز نے امیر صاحب اور ڈاکٹر صاحبان کے انٹرویوز بھی لیے۔
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت کلینک کی بنیاد میں رکھنے کے لیے ایک اینٹ تبرک کے طور پر دعا کرکے یوکے سے بھجوائی ہے جس کو حضور انور نے حضرت مسیح موعودؑ کی انگوٹھی کے ساتھ تبرک کرکے بھیجا ہے۔ وہ بابرکت اینٹ مکرم امیر صاحب گیمبیا نے دعاکے ساتھ کلینک کی بنیاد میں رکھی۔ دعا اور صدقہ کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔
یہ عمارت ایک اندازے کے مطابق آٹھ سے دس ماہ تک مکمل ہوگی۔ دعا کی درخواست ہے کہ یہ عمارت اس ملک کی طبّی سہولیات میں ایک نمایاں اضافہ ہو اور اللہ تعالیٰ یہاں کام کرنے والے طبی شعبہ سے منسلک ہر شخص کے ہاتھ میں شفا رکھ دے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)