جماعت احمدیہ بریڈ فورڈساؤتھ، یوکے کے زیر اہتمام فلسطین میں قیام امن کے لیے امن کانفرنس کا انعقاد
جماعت احمدیہ بریڈ فورڈ ساؤتھ، یوکے کو مظلوم فلسطینیوں کے لیے خاص دعاؤں کی تحریک کی غرض سے Prayers for Peaceکے نام سے مورخہ ۲۶؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار شام چھ بجے مسجد بیت الحمد میں ایک امن کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ اس کانفرنس میں مختلف مذاہب اورمقامی تنظیموں کے نمائندگان کو مدعو کیا گیا اور کُل حاضری تقریباً ۱۵۰؍مرد و زن رہی۔
پروگرام کا آغازوقاص احمد انور صاحب صدر جماعت احمدیہ بریڈ فورڈساؤتھ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں اس جنگ کے معصوم مظلومین کے احترام میں تمام شرکاء نےکھڑے ہوکر دو منٹ کی خاموشی اختیارکی۔ پھر مبارک احمد بسرا صاحب مربی سلسلہ بریڈ فورڈ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ ثناء اللہ میر صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ اور اس کی مختلف مساعی کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔
بعدہٗ پر سینٹ پیٹر چرچ کے جون جوئس صاحب، بریڈفورڈ سنیا گوگ کی لیزا ماریلیوصاحبہ اور کنزرویٹو گروپ کی ڈپٹی لیڈر کونسلر امینڈا کارٹر صاحبہ نے تقاریر کرتے ہوئےاس جنگ میں ہونے والے جانی نقصان پر سخت افسوس کا اظہار کیا اورجنگ بندی کی تمام تر کوششوں کی ناکامی کے بعددعائیں کرنے پر اتفاق کیا۔ اس دوران مقامی ایم پی جوڈتھ کمنز صاحبہ کا اس پروگرام کی بابت اور اسرائیل اور فلسطین کے مابین موجودہ حالات ختم ہونے کے لیے نیک خواہشات پر مبنی ایک پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔
معزز مہمانوں کی تقاریر کے درمیان چند اطفال نے علی الترتیب عہد نامہ قدیم، عہد نامہ جدید، تورات اور قرآن کریم سے قیام امن کے بارے میں اقتباسات پیش کیے جبکہ چھوٹی بچیوں کے ایک گروپ نے امن کی دعا اور ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ کا ترانہ بھی پیش کیاجسے بہت پسند کیاگیا۔ اس کے بعد مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر کی وہ ویڈیو دکھائی گئی جس میں آپ نے بڑے درد سے فلسطین اور اسرائیل کے لیے عربی میں دعا کی تھی ۔ شاہ زیب طیب صاحب مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں قیام امن کے لیے دعا کی طاقت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
آخر میں صدر صاحب بریڈ فورڈ ساؤتھ نے اختتامی تقریر میں تمام مقررین، حاضرین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ کانفرنس کا اختتام ہوا۔ آخر پرتمام شرکا کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
(رپورٹ : لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)