کونگو کنشاسا کے شہر Uvira میں مسجد مسرور کا افتتاح
عوامی جمہوریہ کونگو ایک وسیع و عریض ملک ہے اور رقبہ کے لحاظ سے مغربی یورپ کے برابر ہے۔جنگلات اور دریاؤں کی اس سرزمین کے مشرقی حصہ میں دو بڑی جھیلیں KivuاورTanganyika واقع ہیں۔ ذرائع نقل و حمل اور رابطہ کے جدید ذرائع سے محروم ملک ہونے کی وجہ سے ملک کے اکثر مشرقی علاقوں سے رابطہ کرنا ایک دشوار گزار امر ہے۔ایک عرصہ سے جاری جنگ نے مشرقی حصہ کو اَور بھی متنازع بنا دیا ہے۔
ان تمام صعوبتوں کے با وجود اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان علاقوں میں بھی جماعت احمدیہ کے افراد موجود ہیں اور روز بروز یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔ الحمد اللہ مشرقی کونگو میں Burundiکی سرحد پر واقع ایک شہر Uvira ہے جو دارالحکومت کنشاسا سے ۲۴۰۰؍ کلومیٹر دور اور صوبائی دارالحکومت Bukavuسے ۱۲۲؍ کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔اس شہر سے متصل ایک جماعت جو چھ کلومیٹر دُور ہے اور مرکزی راستہ سے ہٹ کر قریب ۳۰۰؍ میٹر پہاڑ پر چڑھ کر Pygmiesکا ایک گاؤں Kagaragara ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے اس گاؤں میں جماعت احمدیہ کو مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔فالحمد للہ علیٰ ذالک
اس سلسلہ میں مکرم خالد محمود صاحب امیر جماعت احمدیہ کونگو مورخہ ۲۳؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو کنشاسا سے گوما شہر پہنچے جو انتہائی مشرقی صوبہ North Kivuکا دارالحکومت ہے۔ یہاں سے بذریعہ کشتی جنوبی Kivuکے دارالحکومت Bukavu پہنچے۔ یہاں سے Uvira شہر کو جانے والا راستہ ٹوٹا پھوٹا اور غیر محفوظ ہے جس کی وجہ سے Bukavuسے Rwanda اور Burundi سے ہوتے ہوئے Uviraپہنچے۔
جھیل Tanganyika کے کنارے پر واقع پہاڑی سلسلہ کے دامن میں آباد اس گاؤں میں مورخہ یکم دسمبر۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک مسجد مسرور Kagaragaraکا افتتاح ہوا۔ چونکہ مسجد ایک پہاڑی پر واقع ہے اس لیے اس کے اطراف میں کوئی ایسی جگہ نہ تھی جہاں پر تقریب کا اہتمام ہو سکتا اس لیے اس سے قبل پہاڑ کے بالکل نیچے واقع ایک ہال میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تلاوت و ترجمہ اور نظم کے بعد صدر صاحب Uviraنے جماعت کا مختصر تعارف پیش کیااور پھر مکرم ملالہ حمیدوصاحب (معلم سلسلہ) نے مسجد کے حوالہ سے رپورٹ پیش کی۔آخر پر مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کی اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد احمدی احباب اور مقامی اتھارٹیز امیر صاحب کے ہمراہ مسجد کے پہاڑ پر گئے اور امیر صاحب نے فیتہ کاٹا اور دعا کروائی۔اس کے بعد مسجد میں نماز جمعہ و عصر ادا کی گئیں۔ اس موقع پر مقامی جماعت کے افراد کی خوشی دیدنی تھی۔ نماز جمعہ کے بعد Pygmiesکے مزید ۲۶؍ افراد نے بیعت کی۔ بعد ازاں دوبارہ تمام احباب تقریب والے ہال میں گئے جہاں تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
مسجد مسرور کا مسقف حصہ ۱۰x۹.۵ میٹر ہے۔اس کی تعمیر ۲۲؍ مارچ ۲۰۲۳ء کو شروع ہوئی اور ۲۸؍ اکتوبر ۲۰۲۳ءکو اختتام پذیر ہوئی۔افتتاح کے موقع پر مقامی اتھارٹیز بھی موجود تھیں۔تقریب میں ۶۰۰؍ احباب و خواتین نے شرکت کی۔
(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ مبلغ سلسلہ کانگو کنشاسا)