خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جارحیت سال کے آخری دن بھی جاری رہی۔ غزہ سے عرب میڈیا کے مطابق ۱۹۴۸ء میں نکبا کے بعد سال ۲۰۲۳ء فلسطینیوں کے لیے بدترین سال رہا۔ نکبا کے بعد سال ۲۰۲۳ء میں سب سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے۔ فلسطینی ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں سے سال ۲۰۲۳ء میں ۲۲؍ہزار ۴۰۴؍فلسطینی شہید ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں سے سال ۲۰۲۳ء میں ۵۰۶؍ فلسطینی شہید ہوئے۔
٭…بھارتی ریاست لکھنوٴ میں کسٹمز حکام نے دو کروڑ ۵۵؍لاکھ بھارتی روپے مالیت کا سونا دو مسافروں کے پاس سے برآمد کرلیا۔ ایک مسافر دبئی سے سونا کافی کی مشین میں چھپا کر لا رہا تھا، جسے سکیننگ کے دوران شک کی بنیاد پر چیک کیا گیا تو اس میں سے ۳.۴۹؍کلو گرام سونا برآمد ہوا۔ دوسرا مسافر ۵۵۴؍ گرام سونا اپنی بڑی آنت میں چھپا کر شارجہ سے لے کر آیا تھا جو سکیننگ کے دوران پکڑا گیا۔
٭…انتہائی دائیں بازو کی مذہبی پارٹی کے راہنما اور اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے ہجرت کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیے تاکہ جنگ کے اختتام پر یہاں ایک مختلف صورتِ حال ہو۔اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے ۲۰؍لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کرنے اور دو لاکھ فلسطینیوں کو غزہ میں رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر کا ۲۰؍لاکھ فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کا بیان نفرت انگیز اور جنگی جرم ہے۔ یہ بات حماس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہی گئی ہے۔حماس کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر سموٹریچ کا غزہ کو پارکوں میں بدلنے کا مطالبہ گھناؤنا مذاق اور جنگی جرم ہے۔ہمارے لوگ مکمل آزادی اور اپنی زمین اور اپنے گھروں کی واپسی تک ثابت قدم رہیں گے۔
٭…بھارت اور روس کے درمیان بڑھتے تعلقات پر مغربی ممالک میں بھارت کے خلاف شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت روس کے عزائم کی توثیق کر رہا ہے۔ کرسمس پر میٹنگ میں ایک نئے عالمی نظام کے قیام پر بھارت اور روس نے غیر معمولی ڈیل پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی اور روسی وزرائے خارجہ نے قریبی خصوصی سٹریٹجکپارٹنر شپ کا اعلان کیا ہے۔روسی وزیرِ خارجہ کے مغرب کے خلاف سخت الفاظ پر بھارتی وزیرِ خارجہ خاموش رہے۔دونوں ممالک نے نئے ہتھیاروں کی مشترکہ پیداوار شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔برطانوی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس کو یوکرین کے خلاف جنگ میں نیا حامی مل چکا ہے۔
٭…نوبیل انعام یافتہ بنگلادیشی ماہر معیشت پروفیسر محمد یونس کو چھ ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔واضح رہے کہ ڈھاکہ کی لیبر کورٹ نے لیبر لاء کی خلاف ورزی کا مجرم قرار دیتے ہوئے محمد یونس کو چھ ماہ کی سزا سنائی، اس کے ساتھ ہی ان کے تین ساتھیوں کو بھی سزا سنائی گئی ہے۔دوسری جانب محمد یونس کے حامیوں نے سزا کو سیاسی محرک قرار دیا ہے، جبکہ سزا کے فیصلے کے خلاف محمد یونس نے درخواست ضمانت دائر کی جو منظور کر لی گئی۔ سزا کے فیصلے کے خلاف محمد یونس ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔
٭…پاکستان میں آئندہ ماہ انتخاب ہونے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلیے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کا ڈیٹا جاری کر دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر تین ہزار ۲۴۰؍ امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے گئے، قومی اسمبلی کے ایک ہزار ۲۴؍اور صوبائی اسمبلیوں کے دو ہزار ۲۱۶؍ امیدواروں کے کاغذات رد کیے گئے۔ امیدواروں کے کاغذات مسترد ہونے کے بعد ۲۲؍ہزار ۷۱۱؍امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں، ملک بھر سے ۲۵؍ہزار ۹۵۱؍ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر ۲۵۲؍ خواتین کے کاغذات مسترد ہوئے۔ ساڑھے ۱۲؍فیصد سے زائد امیدواروں کے کاغذات کو رد کیا گیا۔
٭…ڈنمارک کی ملکہ مارگریتھ (Margrethe)دوم نے ۱۴؍جنوری کو اقتدار چھوڑنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ اقتدار اپنے بیٹے شہزادہ فریڈرک کو سونپ دوں گی۔ ملکہ نے نئے سال کی تقریب سے خطاب کے دوران اقتدار سے دستبرداری کا اعلان کیا۔یاد رہے کہ مارگریتھ نے ۱۹۷۲ء میں اپنے والد کنگ فریڈرک کی موت کے بعد تخت سنبھالا تھا، ۸۳؍سال کی ملکہ مارگریتھ نے ڈنمارک پر ۵۲؍سال حکومت کی۔ مارگریتھ برطانوی ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد یورپ میں واحد ملکہ ہیں۔
٭…یورپ جانے کے جنون میں الجزائری شہری اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر طیارے کے پہیوں میں چھپ کر پیرس پہنچا۔ ڈھائی گھنٹے تک فضا میں رہنےاور ہزاروں میل پرواز کے دوران نوجوان کو منفی پچاس سینٹی گریڈ کی شدید سردی کا سامنا کرنا پڑا اور پیرس پہنچنے پر اس کی حالت کافی خراب تھی، نوجوان کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بلندی پر آکسیجن کے بغیر انسان کےلیے زندہ رہنا انتہائی مشکل ہوتا ہے ۔ واضح رہے کہ ۲۰۱۹ء میں جنوب مغربی لندن کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے ایک طیارے سے ایک نعش ایک شخص کے گھر کے باغ میں گری تھی، اس وقت بھی کہا گیا تھا کہ یہ شخص لینڈنگ گیئر میں چھپ کر سفر کر رہا تھا۔
٭…وسطی جاپان کے نوتو ریجن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ۷.۴؍شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ زلزلے کے بعد شہریوں کو بلند مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جاپانی موسمیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے خصوصاً دو سے تین دن کے دوران سات شدت کے زلزلوں کے لیے الرٹ رہنے کی ضرورت ہے، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آگ لگنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔