جاپان میں کرسمس کے موقع پر ایک سکول کے طلبہ و اساتذہ کا مسجد بیت الاحد کا دورہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جاپان کو مورخہ ۲۲؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز جمعةالمبارک مسجد بیت الاحد میں ’’قرآن کریم کی روشنی میں حضرت مسیح ابن مریمؑ کے مقام‘‘ کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کرنے نیز صوبہMieکے شہرSuzukaسے پرائمری سکول کے طلبہ و اساتذہ کے ایک وفد کو مسجد کا دورہ کروانے کی توفیق ملی۔ مہمانوں کو مسجد میں خوش آمد ید کہنے کے بعد سب سے پہلے مسجد کا تعارف کروایا گیا۔ طلبہ اور اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ پہلی دفعہ کسی مسجد میں آئے ہیں اور انہیں مسجد کا ماحول روحانی اور نہایت پُرسکون محسوس ہورہا ہے۔
خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے طلبہ اور اساتذہ کو اسلام احمدیت کا تعارف کرواتے ہوئے آنحضورﷺ کی بعثت سے حضرت مسیح موعودؑکی آمد تک اختصار سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد طلبہ نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اسلامی نماز کا طریقہ جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ چنانچہ ایک طفل نے اذان دی جس کے بعد دیگر دو جڑواں اطفال نے نماز پڑھ کردکھائی۔ نمازپڑھتے دیکھ کر طلبہ بے اختیار رکوع وسجود کرنے لگے۔ خاکسار نے قرآنی آیات کی روشنی میں حضرت عیسیٰؑ اور آپ کی والدہ حضرت مریمؑ کے اسلام میں مقام کے بارے میں بتایا۔ طلبہ اور اساتذہ نےان معلومات میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی اور مختلف سوالات کیے۔ گروپ کی نگران سکول ٹیچر نے کہا کہ مسجد میں آنے سے پہلے وہ مختلف قسم کے خیالات میں مبتلا تھیں اور اسلام کے بارے میں خدشات رکھتی تھیں کہ اسلام دیگر مذاہب کے بارے میں روادارانہ رویہ نہیں رکھتا لیکن اس دورہ کے بعد ان کے تصورات بالکل بدل گئے ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں جاپان میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کے مواقع بہم پہنچاتا رہے۔ آمین
(رپورٹ:انیس رئیس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)