فن لینڈ میں سہ روزہ تربیتی پروگرام اور اَدبی مشاعرہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ فن لینڈ کو28۔29 ۔30 دسمبر2018ء کو تین روزہ تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔ان ایام میں تمام انصار کو نماز تہجد ،باجماعت نماز ، نفلی روزہ ، تلاوت قرآن پاک، اور دعائیہ خط لکھنے کی طرف خصوصی توجہ دلائی گئی ۔اس پروگرام کے آخری روز بروز اتوار صبح باجماعت نمازِ تہجد ادا کی گئی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد اجلاس عام میں ایک تعارفی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں2014ء کے بعد شامل ہونے والے اور 2019ء میں نئے شامل ہونے والے انصار خصوصی طور پرمدعو تھے۔ ایک دستاویزی ویڈیو کے ذریعہ انصار اللہ کی ذمہ دار یوں کی طرف توجہ دلائی گئی۔اور مجلس انصار اللہ فن لینڈکا تاریخی تعارف کروایا گیا ۔
اس کے فورًا بعد ایک شاندار ادبی مشاعرے کا انعقاد ہوا جس میں مقامی شعراء کے ساتھ ساتھ لندن سے مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب بطور مہمان خصوصی اور کینیڈا سے مکرم بابر عطا صاحب بطور مہمان بذریعہ انٹر نیٹ ویڈیو کال کے ساتھ آن لائن شامل ہوئے۔ مشاعرہ تقریباً 2 گھنٹے جاری رہا ۔ تمام شعرا ء نے نہایت خوبصورت کلام پیش کیا۔مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب کے منظوم کلام اور شگفتہ بیان سے شاملین بہت لطف اندوز ہوئے۔ اس مشاعرے میں 50؍احباب حاضر تھے۔ ان کےعلاوہ پورے فن لینڈ میں 28 مقامات پر یہ پروگرام بذریعہ انٹرنیٹ دیکھا اور سنا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تربیتی پروگرام اور مشاعرہ بہت کامیاب رہا۔اللہ تعالیٰ تمام انتظامیہ ، مہمانان گرامی و شعرائے کرام کو جزائے خیر سے نوازے اور ہمیشہ دین کی خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین ثم آمین ۔